ڈورومیں کار سے20کلوفکی برآمدڈرائیور فرار
عارف بلوچ
اننت ناگ//ڈورومیں پولیس نے ایک ناکے پر کار سے 20کلو فکی برآمدکرکے اُسے ضبط کیاجبکہ کار کا ڈرائیور فرارہوگیا۔معلوم ہواہے کہ ڈپٹی سپرانٹنڈنٹ پولیس کولگام اشات گپتاکی قیادت میں پولیس نے گوسوانی گنڈڈورومیں ناکہ لگایا،اس دوران وہاں سے گزر رہی ایک سینٹروکار JK18-2387کو پولیس نے رُکنے کااشارہ کیا۔کار ڈرائیور گاڑی کے رکتے ہی موقعہ چھلانگ لگا کر فرار ہوا۔پولیس نے گاڑی کی تلاشی لیکر 20کلو فکی برآمد کی۔گاڑی کو ضبط کرکے پولیس نے کیس زیرایف آئی آر نمبر76/2021درج کرکے مزید کارروائی شروع کی۔
۔24گھنٹوں میں ریکارڈ
۔83ہزار517 کی ٹیکہ کاری
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ 24گھنٹوں کے دوران 83ہزار سے زائد افراد کو کورونا مخالف ویکسین لگایا گیا ہے اور اسطرح ا بتک مجموعی طور پر 56لاکھ 1ہزار اور746افراد کو کورونا مخالف ویکسین دیا گیا ہے۔ پیر کو اننت ناگ میں 4136، کولگام میں 3651، شوپیان میں 2287، پلوامہ میں 3720، سرینگر میں 4756،بڈگام میں 3915، بارہمولہ میں 4998،کپوارہ میں 4350، بانڈی پورہ میں 1856، گاندربل میں 1502،جموں میں 16ہزار 499،ادھمپور میں 4743، راجوری میں 3645،کٹھوعہ میں 4143،پونچھ میں 3620،رام بن میں 2727،ڈوڈہ میں 3596،کشتواڑ میں 1634،ریاسی میں 3784 اور سانبہ میں 3935افراد کو ٹیکے لگائے گئے۔ جموں و کشمیر میں کورونا مخالف ٹیکہ لگانے والوں میں56لاکھ 1ہزار 746 میں 1لاکھ 69ہزار 226ہیلتھ کیئر ورکر، 5لاکھ 11ہزار 858فرنٹ لائن ورکر اور 49لاکھ 20ہزار 662افراد کی عمر 18سال سے زیادہ ہے۔
سندھ فاریسٹ ڈویژن گاندربل
عارضی ملازمین گذشتہ ایک سال سے اجرتوں سے محروم
گاندربل//ارشاد احمد//ضلع گاندربل کے سندھ فاریسٹ ڈویژن میں مرکزی معاونت والی سکیم کیمپا میں تعینات درجنوں عارضی ملازمین پچھلے ایک سال سے ماہانہ اجرتوں سے محروم ہیں جن کے سبب ان کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔ عارضی ملازمین نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ان سے محکمہ دن رات کام لے رہا ہے اورماہانہ اجرتوں کو واگزار کرنے میں لیت لال سے کام لے رہا ہے گزشتہ عیدالفطر پر بھی ان کو تنخواہ نہیں دی گئی اوراس مرتبہ ان کو پوری امید تھی کہ عیدالاضحی پر ان کو ایک سال سے رکی ہوئی اجرت فراہم کی جائے گی لیکن ابھی تک نہیں دی گئی جس وجہ سے ان کے گھروں میں کافی مشکلات درپیش ہیں۔
کپوارہ میں مثبت معاملات کی شرخ میں کمی
مشترکہ کوششوں سے بہتر نتائج برآمد ہوئے:ڈی سی کپوارہ
کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ اِمام الدین نے کہا کہ ضلع کپواڑہ میں اِنتظامیہ اور تمام شراکت داروں کی مشترکہ کووِڈ تخفیفی کوششوں سے بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ اُنہوں نے ضلع کپواڑہ کے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ کووِڈ۔19 وَبائی اَمراض پر قابو پانے کے لئے کووِڈ مناسب طرزِ عمل (سی اے بی ) اور دیگر ایس او پیز پر من و عن سختی سے عمل پیرا رہیں۔اِن باتوں کا اِظہار ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے سوموار کو میڈیا اَفراد سے اَپنے دفتری چیمبر میں ضلع میں موجودہ کووِڈ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دینے کے دوران کیا۔اُنہوں نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مثبت معاملات کی شرح 0.29فیصد سے کم رہ گئی ہے جبکہ صحتیابی کی شرح 98.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو کہ ضلع کے لئے اطمینان بخش علامت ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع میںاِس وقت 66مثبت معاملات سرگرم ہیںاور اُن میں سے صرف 15مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں اور 51 گھریلو قرنطین میں ہیں۔ضلع ترقیا تی کمشنر نے ٹیکہ کاری کے بارے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ 45برس سے زیادہ عمر کے گروپوں کے لوگوں کو 73 فیصد کووِڈ مخالف ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔اُنہوں نے عام لوگوں سے عید الاضحی کے موقعہ پر کووڈ۔ 19 مناسب طرزِ عمل اوردیگرایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی اپیل کی ہے۔اِس موقعہ پر ایس ایس پی کپواڑہ جی وی سندیپ ،ایس پی ہندواڑہ سندیپ گپتا اور نوڈل آفیسر کووِڈ غلام نبی شیخ موجو دتھے۔قارئین یہ خبریں ڈی سی کپواڑہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ@dckupwara اور ڈی آئی سی کپواڑہ کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ @infokupwara پر بھی پڑھ سکتے ہیں۔
لداخ میں 11 نئے کوویڈ 19 کیس رپورٹ
لیہہ // لداخ میں سوموار کو 11 نئے کوویڈ کیسز ریکارڈ کئے گئے جبکہ متعدد مریضوں کو ہسپتالوں سے چھٹی دی گئی ہے ۔لداخ میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 20257 ہے اور 19948 افراد صحت یاب ہوئے ہیں ۔حکام کا کہنا ہے سوموار کو 8کیس لیہہ میں اور تین کیس کرگل میں رپورٹ ہوئے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ لداخ میں فعال معاملات کی تعداد 103 سے گھٹ کر 84 رہ گئی ہے۔ گذشتہ کئی دنوں سے لداخ میں کورونا سے مرنے والوں کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم اب تک لداخ میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 206 ہے۔سب سے زیادہ ہلاکتیں لہہہ میں درج ہوئی ہیں جہاں پر 148افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ کرگل میں 58افراد کورونا کی زد میں آکر ہلاک ہوئے ہیں ۔
این سی ای آر ٹی کی5 روزہ ورکشاپ اختتام پزیر
سرینگر //جموں و کشمیر کی ریاستی کونسل برائے تحقیقاتی تحقیق و تربیت (ایس سی ای آر ٹی) کے زیر اہتمام اساتذہ کیلئے رکھی گئی پانچ روزہ آن لائن تربیتی ورکشاپ سوموار کو اختتام پزیر ہوئی ۔ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کو اسکول کی بنیاد پر تشخیص کے تصور کو سمجھانا تھا جو 2020 میں وزارت تعلیم ، حکومت ہند کے ذریعہ اعلان کردہ قومی تعلیم پالیسی (NEP) میں شامل ہے۔اس ورکشاپ کا قبل ازیں پرنسپل سکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بی کے سنگھ نے ای افتتاح کیا ، جس میں جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے 100 سے زیادہ اساتذہ نے شرکت کی۔این سی ای آر ٹی میں ایجوکیشنل سروے ڈویژن کے سربراہ پروفیسر اندرابی نئی دہلی سے ورکشاپ میں شامل ہوئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی پروفیسر وینا پنڈتا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتحان کی روایتی شکل مختلف قسم کی خامیوں سے دوچار ہے جس سے طلباء کو کافی دباؤ پڑتا ہے۔پروفیسر اندربی نے ایس بی اے کے تصور کو متعارف کرانے کی اہمیت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ 2017 میں کئے گئے قومی اچیومنٹ سروے (این اے ایس) نے ہمارے نظام تعلیم میں کچھ ایسے سنگین معاملات پر روشنی ڈالی جس کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔
کویڈ 19کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی
وادی میں 3521 افراد سے جرمانہ وصول
کورونا وائرس کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے پولیس نے اپنی کوشش جاری رکھی ہیں اور گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران پولیس نے وادی کے مختلف علاقوں میں رہنما خطوط / قواعد / کی خلاف ورزی پر 3521 افراد سے 451530 روپے جرمانہ وصول کیا ہے ۔ اس کے علاوہ شوپیاں میں 4گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کا مقصد وادی کشمیر کے تمام اضلاع سے کورونا کے پھیلائو کو روکنا ہے ۔پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کے رہنما خطوط پر عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال کریں اور دو گز کی دوری بنائے رکھیں ۔اُدھر کولگام پولیس نے ریونیو افسران کے ہمراہ مارکیٹ چیکنگ کی اور سرکاری احکامات / کوویڈ 19 کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر دکانداروں سے 3800 روپے جرمانہ وصول کیا۔
ڈائریکٹر امور صارفین کا بازاروں کا معائنہ
قصور وار دکانداروں سے جرمانہ وصول
سرینگر//عید الضحیٰ کے پیش نظر محکمہ شہری رسدات امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے ڈائریکٹر کی سربراہی میں چیکنگ سکارڈ نے سرینگر کے کئی بازاروں کا معائنہ کیا جس کے دوران ایک کیس درج کیا گیا اور صارفین کو لوٹنے والے دکانداروں سے 14 ہزار کے قریب جرمانہ وصول کیا گیا۔ ڈائریکٹر امور صارفین عبدالاسلام میر کی سربراہی میں اسکارڈ نے قربانی کے جانوروں کی قیمتوں کا معائنہ کیا جبکہ قصابوں،مرغ فروشون،میوہ و سبزی اور کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ بیکری دکانوں کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے سرکاری نرخ نامے کی جانچ کی۔ڈائریکٹر نے عید کے پیش نظر صارفین کو لوٹنے والے دکانداروں کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی روش ترک کریں وگرنہ ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈائریکٹر امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے لوگوں کو ان دکانداروں کے خالف شکایات درج کرنے پر زور دیا جو اضافی قیمتوں پر مصنوعات کو فروخت کرتے ہیں۔ ڈائریکٹر امور صارفین کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ مشتاق احمد وانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر نارتھ سرینگر بھی تھے۔
سونہ مرگ اور اوڑی میں ریچھوں کے حملے،چار افراد زخمی
غلام نبی رینہ+ظفر اقبال
کنگن+اوڑی// سونہ مرگ کے تھاجواس علاقے میںاس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا جب ایک ریچھ نے تین افراد کو زخمی کردیا۔ وائلڈ لائف کے ایک اہلکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سوموار کی صبح سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قلب کے نزدیک ایک ریچھ اچانک نمودار ہوا جس کی وجہ سے وہاں افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریچھ نے تین افراد کو زخمی کردیا اور وہ وہاں سے نزدیکی جنگل کی طرف فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں زخمیوں کو علاج و معالجہ کیلئے پرائمری ہیلتھ سنٹر سونہ مرگ منتقل کیا گیا جہاں سے ان کو علاج ومعالجہ کے بعد رخصت کیا گیا ۔ادھرسرحدی قصبہ اوڑی کے چھولاں نامی گائوں میں پیر کو ریچھ نے ایک 55 سالہ شہری کو اس وقت اپنے حملے میں شدید زخمی کر دیا جب وہ اپنے ہی گائوں میںموجود تھا۔زخمی شہری کی شناخت بشیر احمد مغل ولد فقیر احمد ساکن چھولاں اوڑی کے بطور ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق زخمی شہری کو فوری طور پرائمری ہیلتھ سنٹر مہورمنتقل کیا گیا جہاں سے اسے بہتر علاج کے لئے سکمزمنتقل کیا گیا۔
پلوامہ میںمارکیٹ چیکنگ
قصوروار دکا نداروں پر جرمانہ عائد، سات دکانیں سربمہر
سرینگر//عید الاضحی کے موقع پر محکمہ امور صارفین پلوامہ کی ایک ٹیم نے ضلع کے مختلف بازاروں میں معائنے کے دوران سبزی، گوشت، پھلوں، مرغ ، گوشت اور خوردنوش کی دیگر چیزیں اضافی قیمتوںپر فروخت کرنے پردرجنوں دکانداروں کا چالان کر کے30 ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا جس دوران سات دکا نوں کو سر بمہر کردیا گیا۔ چیکنگ سکارڈکی قیادت تحصیل سپلائز آ فیسر انفورسمنٹ ونگ عبدالرشید خان کررہے تھے ۔ ٹیم نے گذ شتہ تین دنوں کے دوران صارفین کیلئے اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر یقینی بنانے کی غرض سے ضلع پلوامہ کے مختلف بازاروں کابھی معائنہ کیا ۔ مارکیٹ چیکنگ کے دوران راجپورہ ، شادی مرگ ، لاسی پورہ ،دربگام ، ٹہاب ، لیتر ، پلوامہ ،ترال اور رہمو علاقوں میں درجنوں دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جو صارفین سے اضافی قیمتیں وصول کررہے تھے۔ اس دوران قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے قصابوں اور دکانداروں پر گراں بازاری اور ریٹ لسٹ آویزان نہ رکھنے کی پاداش میں 30ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔کارروائی کے دوران7 دکا نوں کو بھی سر بمہرکیا گیا۔ معائنے کے دوران گلی سڑی سبزیاں اور زائد المعیاد جوس موقع پر ہی ضائع کیا گیا۔
مرکزی مسجد نالہ بل نوشہرہ میں مفتی نذیر کا عید پر خطاب
سرینگر//مرکزی مسجد شریف نالہ بل نوشہرہ میں نماز عید صبح ساڑھے سات ( 7:30)بجے ادا کی جائے گی۔ نماز عید سے قبل دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کے صد ر مفتی ،مفتی نذیر احمد قاسمی فلسفہ قربانی پر روشنی ڈالیں گے۔ مفتی نذیر کاخطاب پونے7بجے شروع ہوگا۔ موسم سازگار رہنے کی صورت میں نماز مسجد شریف کے باغ میں ادا ہوگی۔نماز کیلئے آنے والے حضرات مصلیٰ(جائے نماز) ساتھ لائیں، نیز ماسک اور باقی ماندہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز عید میں شامل ہوجائیں۔
عید الاضحی کے موقع پر کووڈ ایس او پیز پرعمل کریں:ڈپٹی کمشنر گاندر بل
گاندر بل//ڈپٹی کمشنر گاندر بل کریتکا جیوتسنا نے کہا ہے کہ عید کی نماز صرف ضلع کی مقامی مساجد میں ہی ادا کی جائے گی اورکووڈ 19 وبائی امراض کی روکتھام کیلئے احتیاطی اقدام کے طور پر آئندہ عید الاضحی پر ضلع کی بڑی مساجد /عید گاہ میں کسی بھی اجتماعی نماز کی اجازت نہیں ہو گی ۔ ڈی سی نے یہ بات ضلع میں موجودہ کووڈ منظر نامے اور تخفیف کی کوششوں کے بارے میں باقاعدہ پریس بریفنگ کے دوران کہی ۔ عید الاضحی کے موقعہپر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی سی نے لوگوں سے تہوار کے دنوں میں سماجی ، مذہبی اور دیگر اجتماعات میں کووڈ ایس او پیز کی پیروی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سونہ مرگ اور مانسبل پارک میں ہفتے کے آخر میں پابندیوں کے بارے میں ڈی سی نے کہا کہ یہ پابندیاں بھی اس ہفتے کے اختتام پر رہیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی حفاظت کیلئے پانی کی سطح میں اضافہ کے پیش نظر سندھ نالہ میں پکنک ، تیراکی اور نہانے پر بھی پابندی رہے گی ۔ حالیہ موسمی مشورے کے پیش نظر ڈی سی نے ضلع کے عام لوگوں ، خاص طور پر اونچی جگہوں پر رہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ موسم میں بہتری آنے تک محتاط رہیں اور ڈھلوانوں ، پہاڑی علاقوں یا سیلاب /لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں کسی بھی طرح کی سرگرمی نہ کریں ۔
اننت ناگ میں عمارتی لکڑ ضبط
عارف بلوچ
اننت ناگ //اننت ناگ میں محکمہ جنگلات نے عمارتی لکڑی ضبط کی ہے تاہم اسمگلر اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔فارسٹ پروٹیکشن ٹیم نے سنگلن چھترگل علاقے میں غیر قانونی طور اسمگل کی جارہی عمارتی لکڑی کو ضبط کیا ہے ۔ٹیم نے اتوار اور سوموار کی درمیانی شب کو قریباً35مکعب فٹ لکڑی کو ضبط کر لیا ہے۔ اس ضمن میں فارسٹ ایکٹ کے تحت کیس زیر نمبر 55/2021درج کیا گیا۔
فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری
ڈائریکٹر دیہی ترقی کا تین روزہ گریز دورہ اِختتام پذیر
گریز// ناظم دیہی ترقی کشمیر طارق احمد زرگر کا مختلف فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے مختلف علاقوں کے گریز ، تُلیل اور بگتور بلاکوں کا تین روزہ دورہ اِختتام پذیر ہوا۔ ناظم دیہی ترقی کشمیر نے بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے سربراہاں ، سرپنچوں ، پنچوں اور مقامی لوگوں سے تبادلہ کیال کیا جنہوں نے اَپنی شکایات گوش گزار کیں اور اس کی جلد از جلد ازالے کا مطالبہ کیا۔ناظم دیہی ترقی نے شرکأ کی جانب سے اُٹھائے گئے اَمور کی جلد ازالے کے لئے متعلقہ اَفسران کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔اَپنے تفصیلی دورے کے دوران ناظم دیہی ترقی نے متعدد علاقوں کا دورہ کیا اور پی ٹی ایل تُلیل میں سڑک کی تعمیر ، شیخ پورہ تائیل میں بلاک کی جھونپڑی کی تعمیر ، کھنڈ یال میں کھیل میدان کی تعمیر اور چروان میں سی سی راہ کی تعمیر سمیت دیگر اہم کاموں کا معائینہ کیا۔ناظم دیہی ترقی نے محکمہ کے متعلقہ اَفسران اور اہلکاروں کے ساتھ جائزہ میٹنگوں کا سلسلہ بھی جاری کیا تاکہ ان بلاکوں میں محکمہ کے مختلف کاموں کا جائزہ لیا جاسکے۔ڈائریکٹر آر ڈی ڈی کو جانکاری دی گئی کہ رواں مالی سال کے دوران بگتور ، گریز اور تُلیل میں منریگا کے تحت 14,400 پر سنڈیز تیا ر کئے جائیں گے۔ڈائریکٹر نے مختلف سکیموں کے تحت کاموں میں سرعت لانے کے لئے فیلڈ فنکاروں پر زور دیا ۔ اُنہوں نے بی ڈی اوز اور انجینئرنگ عملے کو بھی سکیموں کی باقاعدہ نگرانی کرنے کے لئے بھی ہدایات جاری کیں ۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ سب ڈویژن گریز میں مختصر کام کاج کے پیش نظر کاموں کی تکمیل کو تیز کریں۔
سربل چیک پوسٹ پر گاڑیوں کو روکنا بلاجواز
پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے مداخلت کی اپیل
سرینگر//پہلگام کی آبادی نے مطالبہ کیا ہے کہ پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جو چیک پوسٹ سربل میں قائم کیا گیا ہے اس چیک پوسٹ سے تمام ان گاڑیوں کو مواد لے جانے کی دن بھر اجازت دی جائے جن کے پاس باضابطہ اجازت نامہ ہو۔ مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ چیک پوسٹ سے ہر کسی گاڑی کو آگے جانے کی اجازت دی جائے خاص کر ان گاڑیوں کو جن کے پاس مواد لانے کی اجازت ہو ۔ انہوں نے کہا کہ صبح نو بجے سے گیارہ بجے تک ان کیلئے موادسے لدی گاڑیاں چیک پوسٹ تک پہچانا ناممکن ہے کیونکہ گاڑی میں لوڈ کرنے میں بھی وقت لگ جاتا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی وقت پر چیک پوسٹ پر نہیں پہنچ پاتی ہے ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
پولیس کی منشیات مخالف مہم
بانڈی پورہ اور بڈگام میں 2افراد گرفتار
سرینگر//منشیات مخالف مہم کے دوران پولیس نے بانڈی پورہ اور بڈگام میںدوافراد کو گرفتارکرلیا گیا۔پولیس نے قوئل مقام علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص سے تلاشی کے دوران300 نشیلی ٹیکے برآمد کرلئے۔مذخورہ شخص کی شناخت فدا حسین میر ساکن وارڈ نمبر 6 بانڈی پورہ کے طورپر ہوئی ہے۔پولیس نے اس سلسلے میںایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر121/2021درج کیا۔اس دوران پولیس نے جامع مسجد ناربل کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص سے تلاشی کے دوران 170گرام چرس بر آمد کیا ۔ اس کی شناخت خضر محمد شیخ ساکن بازار محلہ ناربل کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میںماگام تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 167/2021کے تحت کیس درج کرلیا ۔
ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کا دورئہ بڈگام
کسانوں کو سکیموں سے فایدہ اٹھانے کا مشورہ
سرینگر //ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ نے سوموار کو بڈگام میں فارموں اور نرسریوں کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نشوونما کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے ضلع کے کچھ ترقی پسند کسانوں سے ملاقات کی اور انہیں مشورہ دیا کہ مختلف محکمہ جاتی اسکیموں سے فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے کسانوں سے کہا کہ وہ اعلی کثافت پودے لگانے کی اسکیم سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس دوران انہوں نے ضلع کے فیلڈ اسٹاف سے بات چیت کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ مختلف محکمہ جاتی اسکیموں کی ویڈیو تشہیر کریں۔ انہوں نے افسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ باغات کا متواتر دورہ کریں اور کاشتکاروں کو جدید ترین تکنیکی معلومات فراہم کریں۔