ہسپلوٹ پنچایت میں گرام سبھا کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے حلقہ پنچایت ہسپلوٹ تھنہ منڈی کے وارڈ نمبر 3 میںسرپنچ عبدالرشید کی صدارت میں گرام پنچایت ڈیولپمنٹ پلان کے تحت گرام سبھا کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکریٹری پنچایت کے علاوہ گرام سیوک پروین اختر ،جی آر ،ایس سرتاج عالم ، تمام ممبران ، گاؤں کے تمام معززین اور دوسرے کء لوگوں نے شرکت کی۔گرام سبھا میں پنچایت کے7 پنچوں نے مالی برس22-2021 کا پلان پیش کیا جس پر تمام پنچایت ممبران کی جانب سے تفصیلی بحث کی گئی اور گرام سبھا نے اسے قبول کرتے ہوئے پنچایت سکریٹری کی وساطت سے حکام بالا کو بھیجا تاکہ اسے سرکار کی منظوری حاصل ہو سکے.اس موقع پر سرپنچ عبدالرشید نے اپنی پنچایت کے تمام لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے جائزمطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
ماڈل ولیج پوٹھہ کی سڑک کھڈوں میں تبدیل
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ کے قریب بنائے گئے ماڈل ولیج پوٹھہ کی سڑکیں انتہائی خستہ ہوگئی ہیں ۔مکینوں نے مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گائوں میں آنے والی سڑک اب کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ پوٹھہ بائی پاس سے اپر پوٹھہ جارہی سڑک آہستہ آہستہ خستہ ہوتی جارہی ہے لیکن متعلقہ حکام اس کی مر مت میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکام کی جانب سے ایک بار کام کرنے کے بعد پانچ برسوں تک کوئی توجہ ہی نہیں دی جاتی ہے علیم خان نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ مذکورہ سڑک اب پیدل چلنے کے قابل بھی نہیں ہے لیکن اطلاع فراہم کرنے کے باوجود بھی متعلقہ حکام و مقامی انتظامیہ اس کو معیاری بنانے میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اندر جیت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو معیاری بنانے کیلئے مقامی حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
لمبیڑی میں ایک شخص کی مشکوک موت
پولیس نے تحقیقات شروع کر دی
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع کے لمبیڑی علاقہ میں ایک شخص کی ہوئی مشکوک حالت میں وت کے بعد معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔مشکوک حالت میں مرنے والے شخص کی شناخت محمد رفیق ولد الف دین سکنہ لمبیڑی کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو 9اپریل کے دن صحت خراب ہونے کی وجہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں داخل کروایا گیا تھا تاہم اس کو بعد میں گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کردیا گیا تھا جہاں پر منگل کو اس کی موت واقعہ ہو گئی تھی ۔پولیس نے بتایا کہ قانونی لورزامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
ڈی سی راجوری نے ڈھونگی میں عوامی مسائل کا جائزہ لیا
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش شون نے ضلع کے سرحدی بلاک ڈھونگی کا دورہ کر کے عوامی مشکلات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس دوران آفیسر موصوف نے فوجی اہلکاروں کے ہمراہ بیساکھی کا تہوار بھی منایا ۔اس دوران آفیسر موصوف کے ہمراہ بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین ڈھونگی ،تحصیلدار راجوری ،بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر ڈھونگی کے علاقہ متعلقہ علا قوں کے پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔اس دوران سرحدی علا قوں کے مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بجلی نظام انتہائی خستہ ہو چکا ہے جبکہ سڑکوں کی حالت بھی غیر معیاری ہے ۔اس کے علاوہ بنکروں کی تعمیر ،صحت سے متعلقہ مشکلا ت ،گورنمنٹ ڈگری کالج ڈھونگی کے تعمیراتی عمل کو شروع کرنے ،واٹر سپلائی ،سکولوں کی مرمت و ان کا درجہ بڑھانے جیسے معاملات کے سلسلہ میں آفیسر موصوف کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام کو بیساکھی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی وعدہ بند ہے ۔انہوں نے کہاکہ بنکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں متعلقہ تعمیراتی ایجنسیوں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں جبکہ پانی کی فراہمی کیلئے مزید پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے آفیسران کو عوامی مسائل جلدازجلد حل کرنے کی بھی تلقین کی ۔
مینڈھر میں دھودی گوجر بکروال ایسوسی ایشن کا اجلاس
جاوید اقبال
مینڈھر //ڈاک بنگلہ مینڈھر میں موبائل ٹرائبل دھودی گوجر بکروال ایسوسی ایشن کا ایک اجلاس منعقد ہوا ۔ایسوسی ایشن کے راجوری پونچھ کے صدر چوہدری عبدالعزیز کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں طبقہ کے معززین و پنچایتی اراکین نے بھی شرکت کی ۔اس دوران مقررین نے کہاکہ اس وقت میں ان کے کئی کنبے اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ ہجرت کر کے ڈھوکوںمیں جاتے ہیں تاہم انتظامیہ کی جانب سے جہاں ان کی سخت چیکنگ کی جاتی ہے وہائیں دوران سفر ان کو کوئی بھی سہولیت فراہم نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے خانہ بدوش طبقہ کو دوران ہجرت کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔مقررین و معززین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان کے مال مویشیوں کی چیکنگ و ان کو ادویات فراہم کرنے کیلئے مغل شاہراہ پر محکمہ پشوپالن کے کیمپوں کا اہتمام کیا جائے جبکہ طبقہ کے لوگوں کیلئے ایمبولینس سروس مہیا رکھی جائے تاکہ کسی بھی مشکل وقت میں ان کو ہسپتال تک منتقل کیاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ سخت بارشوں سے بچنے کیلئے شاہراہ پر شیڈ تعمیر کروائے جائیں ۔اجلاس میں محمد اشرف چوہدری ،عبدالمجید ،عبدالرحمان ویگران بھی موجود تھے ۔
پونچھ قصبہ کی سڑکیں خستہ ،بار ایسوسی ایشن نے برہمی کا اظہار کیا
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ قصبہ کی کئی اہم سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو آمدد و رفت میں کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ مقامی افراد سڑک کے خستہ ہونے کے باعث انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔اس ضمن میں بار ایسوسی ایشن پونچھ کے جنرل سکریٹری بانو پرتاب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پونچھ شہرکی کئی اہم سڑکیں درستگی نہیں ہونے کے سبب خستہ حال ہوچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ جو جانے والی اہم سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے۔جگہ جگہ پر گڑھے ہیں جو سڑک حادثے کی اہم وجہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے دفتر کو جانے والی سڑک، ڈاک بنگلہ سڑک اور دیگر علاقے کی سڑکیں بھی خستہ حالی کا شکارہیں۔ انہوں نے کہا ہ مرکزی سرکار کی جانب سے وافر رقومات واگزار ہونے کے باوجود سڑکیںبرسوں سے خستہ ہے اور اس پر انتظامیہ کی نظر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ'برسات کے موسم میں اس سڑک پر پانی بھرجانے کی وجہ سے آمدورفت خطرناک ثابت ہوتی ہے۔کئی ایسی بڑی شخصیات جو کہ سرکاری اداروں سے وابستہ ہیں ان کی رہائش گاہ قریب ہونے کے باوجود بھی سڑک کی مرمت کا نہ ہونا انتظامیہ کی بے توجہی کو ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی برسوں سے سے وہ پونچھ قصبہ کی سڑکوں کو اسی طرح دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اب جب انتظامیہ کی باگ دوڑ ضلع ترقیاتی کمشنراندرجیت لنے سنبھالی ہے تو وہ ان سڑکوں کی منصوبہ بند طریقہ سے مرمت کروائیں گے۔
رمضان کی آمد سے قبل بازاروں کی چہل پہل
مساجد اور گھروں میں خصوصی تیاریاں کی گئی
حسین محتشم
پونچھ//ماہ مبارک رمضان کی آمد سے ایک روز قبل پونچھ کے بازاروں میں چہل پہل رہی۔اس دوران دکانوں پر رمضان میں استعمال کی جانی والی اشیاء کو خصوصی طور پر سجایاگیا تھا جبککہ بازاروں میں فرزندان توحید کو بھی خصوصی خریدوفروخت میں مشغول دیکھا گیا ۔ادھر رمضان سے قبل گھر کو نئے سرے سے اور اس کے ایک ایک کونے کو اچھی طرح سے صاف کیا گیا۔خصوصی طور پر خواتین خاص تیاریاں کرتی ہوئی نظر آئیں۔پونچھ بازار میں سبزیوں اور پھلوں کی دکانوں پر اچھی بھیڑ دیکھنے کو ملی۔اس دوران مساجد میں خصوصی صفائی کی گئی اور علمائے کرام نے رمضان المبارک کا مہینہ سایہ فگن ہونے پر امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے عوام کو آنے والے با برکت ایام میں الللہ تبارک وتعالی کی بارگاہ میں سجدہ گر ہوکر اپنی گناہوں اور خطاہوں کو معافی طلب کرنے اور عالمی وبا کورونا وائرس سے نجات کی خاطر خصوصیت کے ساتھ دعائیں مجالس کا اہتمام کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ نیکیوں کا موسم بہار آگیا ہے اس مہینے کا ایک ایک لحمہ قیمتی ہے جس سے فائدہ اٹھانا چائیے کیونکہ معلوم نہیں آئندہ رمضان ملے گا یا نہیں۔ انہوںنے تمام مسلمانوں پر زود دیا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے بیچ کرونا کی بچاؤ کی خاطر ماہرین کی جانب سے وضح کئے گئے رہنما خطوط پر عمل پیرا ہوکر مساجد میں عبادات کریں۔
پونچھ کے کھلاڑیوں کی زونل کرکٹ مقابلوں کی نمایاں کارکردگی
حسین محتشم
پونچھ// جموں میں زونل سطح پر ٹی20کرکٹ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دیکھانے پر پونچھ کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی سراہنا کی جا رہی ہے۔ٹی 20 ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کرنے والی پونچھ ٹیم کے اعزاز میںپونچھ پولیس لائن میں ایس ایس پی پونچھ ونود کمار کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جہاں جیت نے والے کھلاڑیوں کی عزت افزائی کرتے ہوئے انھیں انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔ اس موقہ پرپونچھ کے نامور کرکٹ کھلاڑی اور احساس فونڈیشن نامی تنظیم کے چیرمین پرویز ملک المعروف آفریدی نے بھی پونچھ کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ۔واضح رہے کہ پونچھ کی اس ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کو یو ٹی سطح پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ایس ایس پی پونچھ نے اس سلسلہ میں تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلع پولیس کھیلوں کو بڑھاوا دینے کیلئے کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔پرویز ملک آفریدی نے ضلع پولیس پونچھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پولیس کو مبارک باد پیش کی ہے کہ وہ نوجوانوں کو منشیات جیسی وباء سے دور رکھنے اور سماج کو دوسری برائیوں سے پاک رکھنے کیلئے ہمیشہ سماجی تنظیموں کا تعاون کرتے ہیں۔