دو گاڑیاں ضبط ،1500جرمانہ وصول
عشرت بٹ
عشرت بٹ
منڈی// منڈی میں ٹریفک پولیس نے غیر قانونی طور پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو گاڑیوں کو ضبط کیاجبکہ پندرہ سو روپے جرمانہ وصول کیاگیا۔ بدھ کو اے ٹی آئی محمد اشرف کی نگرانی میں ساتھرہ منڈی میں ایک ناکہ لگایا گیا جس دوران پانچ گاڑیوں کے ضرورت سے زیادہ سواریاں سورا کرنے پر چالان کئے گئے جبکہ ایک ٹاٹا سومو اور ایک ٹاٹا میجک کو لوازمات نہ ہونے پر ضبط کرلیاگیا۔اس دوران 1500روپے جرمانہ بھی وصول کیاگیا۔ٹریفک آئی جی ٹریفک بسنت راتھ اور ایس پی رورل شاہین وحید کی ہدایات پر جگہ جگہ ناکے لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے ۔ محمد اشرف کے مطابق ضلع پونچھ خصوصی طور پر تحصیل منڈی میں ٹریفک کے نظام کو دن بہ دن بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اپنا فرض نبھاتے ہوئے ایسی گاڑیوں میں سفر کریں جن میں ضرورت سے زیادہ لوگ سوار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی گاڑی کے ڈرائیور کو بغیر کاغذات اور اﺅر لوڈنگ پر بخشا نہیں جائے گا۔
منڈی کی وفد کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات
عشرت بٹ
عشرت بٹ
منڈی//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے پونچھ دورے کے دوران منڈی کے ایک وفد نے شمیم احمد گنائی کی قیادت میں ملاقات کرکے مقامی مسائل اجاگر کئے ۔اس دوران گنائی نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے ہر ضلع میں عوامی دربار منعقد کرنے کے سلسلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ برسر موقعہ مسائل کا حل عوام کیلئے بہت بڑی راحت کا باعث ہے ۔اس موقعہ پر انہوںنے منڈی میں ڈگری کالج، پیرا میڈیکل کالج ، منڈی سب ضلع اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی ،پونچھ ضلع کی ایس پی اوز کی لسٹ مشتہر کرنے، ساتھرہ میں پالی ٹیکنکل کالج ،منڈی میں کمیونٹی ہال ، تحصیل کمپلیکس منڈی کے میٹنگ ہال میں فرنیچر اور مائیکس لگانے ،سرحدی علاقہ ساوجیاں میں گولہ باری کی وجہ سے راکھ ہوئی دوکانوں کے متاثرین کی امداد ،مختلف علاقہ جات میں بجلی کے ٹرانسفارمر ،پانی کی پائپ لائنیں اور سڑک روابط کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔انہوںنے جاری پروجیکٹوں پر کام میں تیزی لانے کی بھی اپیل کی ۔وزیر اعلیٰ نے تمام مسائل بغور سننے کے بعد یقین دلایاکہ جلد ان مسائل کو حل کیاجائے گا۔وفد میں طارق منظور، عبدالرشید ،فاروق نجار، علی محمد، منظور گنائی ،محمد اسلم تانترے وغیرہ بھی شامل تھے ۔
وزیر اعلیٰ نے پونچھ میں پریس کلب قائم کرنیکی ہدایت دی
عشرت بٹ
عشرت بٹ
منڈی//ضلع جرنلسٹ ایسوسی ایشن پونچھ کا ایک وفد ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ان کے دورے کے دوران ملاقی ہوا۔اس وفد کی قیادت تنظیم کے نائب چیئرمین پردیپ کھنہ نے کی ۔ا س موقعہ پر صحافی برادری نے وزیر اعلیٰ کواپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ ایک سرحدی ضلع ہے جس میں صحافتی برادری کو پریس کلب کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ جس طرز پر ریاستی حکومت نے ضلع راجوری میں پریس کلب کا قیام عمل میں لایا، اسی طرز پر ضلع پونچھ میں بھی پریس کلب قائم کیاجائے ۔اس دوران وزیر اعلیٰ نے موقعہ پر ہی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کو ہدایت جاری کی کہ وہ فی الحال پونچھ کے صحافیوں کے لئے میڈیا کمپلیکس کی عمارت کومختص رکھیں اور ساتھ ہی پریس کلب کیلئے زمین تلاش کرکے وہاں عمارت بنائی جائے ۔وفد نے وزیر اعلیٰ کو بتایاکہ ضلع پونچھ ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے ہمیشہ کوشاں نمایاں ہوتاہے مگر یہاں کلچرل اکیڈمی کا سب آفس نہیں ۔ پردیپ کھنہ نے محبوبہ مفتی سے کہا کہ 2007میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے یہاں کے ادیبوں کے لئے کلچرل سب آفس کے قیام کا اعلان کیاتھاجس پر آج تک عمل نہیں ہوسکا۔انہوںنے مزید بتایاکہ اس سب آفس کیلئے حکومت نے ملازمین بھی بھرتی کئے جو آج بھی راجوری ضلع میں کام کر رہے ہیں ۔انہوںنے تاریخی قلعہ پونچھ کو تحفظ دینے پر زور دیا ۔وفد میں کے ڈی مینی، انبھو مشری ، جے بی سنگھ ، عشرت بٹ ،منجیت سنگھ ،بشیر احمد ،اتل شرما ،وجاہت بخاری،شہزاد بٹ ،قمر عباس کیانی وغیرہ بھی شامل تھے ۔
پونچھ میں آنگن واڑی ورکرس سراپا احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//آنگن واڑی خاتون ملازمین اور معاونین گزشتہ9روز سے تنخواہوں میں اضافے اور مستقل کئے جانے کے مطالبے کیلئے کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں ۔بدھ کے روز انہوںنے زنانہ پارک پونچھ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس دوران انہوںنے حکا م پر عدم توجہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کوانتخابات، کیمپوں، پولیو ڈراپ پلانے ودیگر کاموں کیلئے استعمال کیاجاتاہے مگر تنخواہ بہت ہی کم دی جاتی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آنگن واڑی ملازمین کی تنخواہ کے وقت متعلقہ افسران پیسہ نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہیں اور انہیں دیگر سہولیات سے بھی محروم رکھاجارہاہے ۔انہوںنے مانگ کی کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے اور ان کی ملازمت کو مستقل کیاجائے تاکہ وہ بھی اپنے بچوں کی پرورش کرسکیں اور گھر کا نظام چلاسکیں ۔احتجاج کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی سکریٹری سنیل گپتا نے بھی آنگن واڑی کارکنان کے ساتھ شرکت کی اور حکومت پر زور دیاکہ ان کے مطالبات پورے کئے جائیں ۔اس دوران آنگن واڑی کارکنان کا ایک وفد ایڈ منسٹریٹر اوقاف اسلامیہ ریاض آتش سے بھی ملاقی ہواجس دوران انہیں ایک میمورنڈم پیش کرکے مطالبات پیش کئے ۔
صفائی کرمچاریوں کا مظاہرہ
حسین محتشم
پونچھ// ضلع ہسپتال پونچھ کے باہر صفائی کرمچاریوں نے احتجاجی مظاہرہ کرکے الزام عائد کیاکہ ان کی جگہ دوسرے طبقوںسے صفائی کرمچاری تعینات کئے جارہے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ ان کا حق دوسروں کو دیا جاتا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ سرکار کی جانب سے یہ ہدایت دیئے جانے کے بعد بھی صفائی کرمچاریوں کی تعیناتی میں دوسرے طبقہ جات کے جوانوں کو لگا کر ان کا حق مارا جا رہا ہے جو وہ لوگ کسی بھی طور برداشت نہیں کر سکتے ۔دھرنے کو دیکھتے ہوئے سی ایم او ممتاز بھٹی نے وہاں پہنچ کر مظاہرین کو یقین دلایا کہ اگر ضلع ہسپتال میں کوئی بھی صفائی کرمچاری کی تعیناتی کی جاتی ہے تو وہ انہیں میں سے تعینات کیاجائے گا۔سی ایم او کی یقین دہانی کے بعد صفائی کرمچاریوں نے اپنا احتجاج اس شرط پر ملتوی کیا کہ اگر ان کا حق کسی دوسرے کو دینے کی کوشش کی گئی تو وہ کام چھوڑ ہڑتال کر دیں گے۔
بالاکوٹ کی آبادی کو بی پی ایل زمرے میں شامل کرنیکی مانگ
جاوید اقبال
مینڈھر//پونچھ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ سے بالاکوٹ کا ایک وفد ذوالفقار پٹھان کی قیادت میں ملاقی ہوا جس نے سرحدی عوام کے مسائل کے بارے میں بات چیت کی ۔اس موقعہ پر سابق سرپنچ ماسٹر عنایت اللہ خان نے بتایا کہ بالاکوٹ کے لوگوں کوکئی قسم کی مشکلات ہیں جن کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ بالاکوٹ علاقے کے تمام لوگوں کو بی پی ایل کے زمرے میں لایاجائے کیونکہ فائرنگ اور گولہ باری کے دوران کسان اپنی زمینوں تک پہنچ بھی نہیں پاتے اور نہ ہی فصل اگاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ رکنے کانام نہیں لے رہا ہے اس لئے بغیر وقت ضائع کئے بنکروں کی تعمیر میں تیزی لائی جائے اور ہر محلے میں ایک بنکر بنایاجائے۔ان کاکہناتھا کہ انہیں وہ دن یاد ہے جب سابق ریاستی وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید نے ملی ٹینسی کے دور میں بالاکوٹ میں کالونی بنوائی تھی جس کی وجہ سے لوگوں نے کچھ وقت تک آرام کی زندگی بسر کی ۔ ان کاکہناتھاکہ اسی طرح کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور مقامی سڑکوں کی تعمیر کی جائے جبکہ سرحدی علاقوں کے طلباءکی تعلیم کا کوئی متبادل بندوبست کیاجائے ۔انہوںنے وزیر اعلیٰ سے اپیل کی کہ وہ خود بالاکوٹ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیں ۔
سندر بنی میں گوجر بکروال کانفرنس کا اجلاس
سید اعجاز
جموں//جموں کشمیر گوجر بکروال کانفرنس نے سندربنی میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا ۔ میٹنگ میں سرکار سے مطالبہ کیا گیا کہ علاقے میں لوگوں کو بنیادی سہولیا ت فراہم کی جائیں اور گوجر بکروال آبادی کے مسائل حل کئے جائیں ۔مقررین نے وزیر اعلیٰ سے ریاست میں فارسٹ ایکٹ کی نفاذ ،نوکریوں اور ترقیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی ریزیر ویشن کا مطالبہ بھی کیا ۔اس موقعہ پرتنظیم کے صدر حاجی محمد یوسف،جنرل سکریٹری محمد یاسین پسوال،محمد اسلم، زاہد پرواز ،گفتارچودھری ،یوتھ صدر حاجی بشیر احمد وغیرہ بھی موجو دتھے ۔اس طرح کے اجلاس کا سلسلہ گزشتہ دو ہفتوںسے جاری ہے ۔
راجوری میں نوجوان کی پراسرار موت
راجوری //راجوری کے پنڈا نکہ علاقے میں تیس سالہ نوجوان کی پراسرار طور پر موت ہوگئی جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے ۔تیس سالہ لیاقت حسین ولد غلام رسول ساکن پنڈا نکہ کی حالت اچانک سے بگڑ گئی جس کے بعد اسے راجوری ہسپتال لایاگیاجہاں اس کی موت ہوگئی جس کے بعد نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کیاگیا۔ نوجوان کی مو ت کسی زہریلی شے سے ہوئی ۔ وہیں پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات شرو ع کردی ہے ۔
پرائمری ہیلتھ سنٹر جمولہ کے عملہ پر لاپرواہی کا الزام
سمت بھارگو
راجوری //بلاک میڈیکل افسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک کی طرف سے پرائمری ہیلتھ سنٹر جمولہ کے عملے کے خلاف کارروائی کرنے کے دو روز بعد مقامی لوگوںنے الزام عائد کیاہے کہ مقامی عملہ ڈیوٹی کے تئیں انتہائی لاپرواہی برت رہاہے ۔ مقامی لوگوںنے چیف میڈیکل افسر راجوری سے ملاقات کرکے شکایت کی کہ پی ایچ سی جمولہ کا حال بہت ہی خراب ہے جہاں عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتاہے اور انہیں علاج کی سہولت نہیں ملتی ۔سی ایم او نے اس پر بی ایم او کو ہدایت دی کہ وہ موقعہ پر جاکر جائزہ لیں ۔بی ایم او نے بتایاکہ مقامی لوگوںنے سینئر حکام کے سامنے شکایت کی تھی جس پر انہوںنے دورہ کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔
راجوری میں پاسپورٹ دفتر کھولنے کا خیر مقدم
طارق شال
تھنہ منڈی //سرکار کی طرف سے راجوری میں پاسپورٹ دفتر کھولنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے تھنہ منڈی کے عوام نے کہاکہ اس سے خطہ پیر پنچال کی عوام کو پاسپورٹ بنوانے میں بہت زیادہ آسانی ہوجائے گی۔ مغل روڈ جوائنٹ ایکشن کمیٹی تھنہ منڈی کے قائم مقام چیئرمین الحاج عبدالرشید شال، رینہ ہارڈ ویئر سٹور غزالی مارکیٹ منصور احمد رینہ، بھاجپالیڈرماسٹر عبدالغنی شال ودیگر لوگوںنے کہاکہ راجوری پونچھ کے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے سرکار نے راجوری میں پاسپورٹ دفتر قائم کیا ہے جو ایک خوش آئند بات ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس سے قبل لوگوں کو پاسپورٹ کیلئے جموںجاناپڑتاتھا۔
بخاری کا اظہار تعزیت
سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق احمد شاہ بخاری نے لٹھونگ کے بائیس سالہ نوجوان یاور عباس ولد غلام عباس کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیاہے ۔ بخاری نے کہاکہ انہیں دکھ ہے کہ اس نوجوان کی موت ہوگئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو اپنی زندگی کا خود خیال رکھناہے اور سماجی برائیوں میں ملوث ہونے کے بجائے ان کا قلع قمع کرناہے ۔ بخاری نے کہاکہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں ۔ این سی کارکن ماسٹرعزیز حسین نے بھی لواحقین سے تعزیت کا اظہا رکیا ۔
اوقاف معاملات کے بہانے
آپسی بھائی چارہ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی:مولانا سعید
پونچھ//وزیر اعلیٰ کی جانب سے پونچھ میں دربار کے انعقاد کے موقعہ پر جہاں دسیوں وفود نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اپنے مطالبات اور مسائل رکھے وہاں تنظیم علماءاہل سنت والجماعت پونچھ کے وفد نے تنظیم کے صدر مولانا سعید احمد حبیب کی قیادت میں وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر تنظیم نے دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ پونچھ اوقاف کے معاملات کو درست کیا جائے اور اوقاف کے نظام کو مو¿ثر بنایاجائے اور تمام معاملات کا منصفانہ حل نکالا جائے بالخصوص گذشتہ دنوں اوقاف معاملات کے بہانے جس طرح سے کچھ عناصر نے مذہبی منافرت کو پھیلانے کی کوشش کی اور پونچھ کے بھائی چارہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اس طرح کسی کو بھی پونچھ کے بھائی چارہ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔مولانا نے ایسی کوششوں کی مذمت کی مولانا نے کہا کہ ضلع بھر میں اوقاف املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور اوقاف املاک کو مسلم طبقہ کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کیا جائے۔ مولانا نے کہا کہ اوقاف املاک کے معاملات میں کوئی غلط اندراج نہیں ہوا ہے بلکہ چند عناصر صرف سیاسی مفادات کی خاطر اوقاف کے بہانے سماج میں زہر گھولنا چاہتے ہیں ایسے لوگوں کو قطعاً اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی مولانا نے کہا کہ پونچھ ائرفیلڈ جو اوقاف کی ملک ہے اس کا معاوضہ دیا جانا چاہئے۔ اس موقعہ پر مولانا نے وزیر اعلیٰ سے ریاست بھر میں شراب کی پابندی کا بھی مطالبہ کیا اور شہید آصفہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا ۔مولانا نے وزیر اعلیٰ سے مخاطب ہوکر کہا کہ کاش یہاں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ بھی ہوتے تو وہ پوچھتے کہ آخر ہمارا سماج کس طرف جارہا ہے اور ہمارے سماج کو کیا ہوگیا ہے ایک قاتل کا تحفظ ایک ایسی شرمناک بات ہے جس کو سوچنے پر بھی شرم محسوس ہوتی ہے۔ مولانانے وزیر اعلیٰ سے اس معاملہ میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی کہ وہ جلد شہید آصفہ کو انصاف دلائیں ۔وفد نے علامہ انورشاہ کشمیریؒ کے نام سے منسوب ایک تحقیقی ادارہ کھولنے کی اور عربی وفارسی زبان کو تمام اسکولوں کالجوں میں بطور نصاب داخل کرنے اور مغل روڈ پر جلد ٹنل کی تعمیر کاکام شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔مولانا سعید احمد حبیب کی جانب سے سماج کے اہم معاملات کو وزیر اعلیٰ کے سامنے دلیرانہ طور سے پیش کرنے پر سراہنا کی جارہی ہے جو وقت کی اہم ضرورت تھی۔