انگریزی اساتذہ کیلئے تربیتی پروگرام کاافتتاح
راجوری //ڈائٹ راجوری کی طرف سے رمسا سکیم کے تحت سرکاری سکولوں کیلئے انگریزی شعبے کی تربیت کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا۔اس تربیتی پروگرام میں 38ٹیچر حصہ لے رہے ہیں جو ضلع کے مختلف زونوں میں تعینات ہیں ۔ تربیتی پروگرام کا افتتاح ڈائٹ پرنسپل پردیپ کے شرما نے کیا ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر پرویز احمد پروگرام کوآرڈی نیٹر اور سائمہ ٹاک کوکوآرڈی نیٹر بھی موجو د تھیں ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قضیہ
ایم ایل اے نوشہرہ کوعوامی غیض و غضب کاسامنا، بھاجپا پر جھوٹے وعدوں کا الزام
سمت بھارگو
راجوری //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور علیحدہ ضلع کے درجے پر ہورہے احتجاج کا سارا نزلہ بھاجپا پر گر رہاہے ۔واضح رہے کہ ضلع راجوری سے بھاجپا کو اچھی خاصی نمائندگی حاصل ہے اور دو ممبران اسمبلی کے علاوہ ضلع سے پارٹی کا ایک ممبر قانون ساز کونسل اور ایک بورڈ وائس چیئرمین بھی ہے ۔اگرچہ بھاجپا وزراء نے نوشہرہ اور سندر بنی و کالاکوٹ و کوٹرنکہ کیلئے دو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پوسٹوں کا اعلان کیاتاہم نوشہرہ اور کالاکوٹ کے لوگوںنے اسے مسترد کردیاہے جبکہ کوٹرنکہ کے لوگ بھی اس فیصلے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔سیاسی ذرائع کاکہناہے کہ اس احتجاج کی وجہ سے نہ صرف تاجروں کا نقصان ہورہاہے بلکہ سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کو بھی نقصان پہنچ رہاہے تاہم سب سے بڑا نقصان سیاسی طور پر ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس ایجی ٹیشن کی وجہ سے بھاجپا کو زبردست نقصان پہنچاہے اور لوگوں میں پارٹی کے تئیں غم و غصہ بڑھتاجارہاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ سندر بنی کا علاقہ پہلے سے ہی بھاجپا کے خلاف تھا اور گزشتہ دنوں مقامی لوگوں کی طرف سے بھاجپا و زراء کے قابلے کا گھیرائو بھی کیاگیا جس کے خلاف پولیس کیس تک درج ہواہے جبکہ اب نوشہرہ کے لوگ بھی پارٹی سے بہت زیادہ خفا ہوچکے ہیں اور وہ خاص طور پر مقامی ممبراسمبلی رویندر رینہ کو نشانہ بنارہے ہیں ۔مقامی لوگوںنے ان کے نام کی تختیاں تک اکھاڑ پھینکی ہیں اور ان کے ساتھ ساتھ نائب وزیر اعلیٰ و دیگر پارٹی لیڈران کے خلاف بھی احتجاج اور مظاہروں میں نعرے عام ہوگئے ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ کالاکوٹ میں بھی پارٹی کو ایسی ہی صورتحال کاسامناہے جہاں کابینہ وزیر عبدالغنی کوہلی پر لوگ تنقید کررہے ہیں اور ان کا الزام ہے کہ مقامی ایم ایل اے نے ان کی آواز کو حکومت تک نہیں پہنچایا ۔ اس کے ساتھ ساتھ سیوٹ ، لمیڑی ، بگنوتی ، تریاٹھ ، بال شما اور دیگر علاقوں کے لوگ بھی بھاجپا سے خفا ہیں اور ان علاقوں میں بھی پارٹی کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے ۔سیاسی ذرائع نے بتایاکہ سندر بنی میں بھاجپا وزراء و لیڈران کا گھیرائو، نوشہرہ میں ممبر اسمبلی کے نام کی تختیوں کو اکھاڑ پھینکنا اور بھاجپا کی نمائندگی والے دونوں اسمبلی حلقوں سے لوگوں کے ممبران اسمبلی کے خلاف بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پارٹی کو عوامی غیض و غضب کا سامناہے ۔
مندر ، مسجد اورسکول
کے قریب شراب خانہ بند کردیاگیا
منیر خان
منیر خان
راجوری //ضلع انتظامیہ راجوری کی طرف سے حال ہی میں مقامی لوگوں کے مطالبے کے بعد پلم راجوری سے شراب خانہ ہٹادیاگیاہے جس پر مقامی لوگوںنے خوشی کا اظہار کیاہے ۔یہ شراب خانہ مندر ، مسجد اور سکول کے نزدیک تھا جسے ہٹادیاگیاہے ۔مقامی لوگوںنے اس اقدام کیلئے ڈپٹی کمشنر راجوری شاہداقبال اور تحصیلدار راجوری کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کو عملاتے ہوئے عوام کی دیرینہ مانگ کو پوراکیا گیا ہے ۔مقامی لوگوںکے مطابق پلمہ راجوری سے تقریباًتین کلومیٹر دوری پر واقع ہے جہاں پر اسکول، مسجد او رمندر کے قریب ہی ایک شراب خانہ کھولا گیا تھا جسے بند کرنے کیلئے کافی عرصہ سے مانگ کی جارہی تھی اوربالآخرضلع انتظامیہ نے شراب خانہ وہاں سے ہٹادیاہے ۔ مقامی شہریوں سریش کمار ، سونودیوی اور محمد یعقوب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مسجد ،مندر اور اسکول کے قریب ہی ایک شراب خانہ کھولا گیا تھا جو علاقے کے بچوں پر منفی اثرات کا موجب بنا ہواتھا جسے ضلع انتظامیہ راجوری کے نوٹس میں لانے کے بعد وہاں سے ہٹادیا گیا ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایک خو ش آئند اقدام ہے ۔قصبہ راجوری کے لوگوںنے بھی انتظامیہ سے مانگ کی ہے کہ مساجد، مندروں اور اسکولوں کے نزدیک واقع تمام شراب خانے بند کئے جائیں اور سب سے بہتر یہی ہے کہ راجوری میں شراب بندی کی جائے تاکہ اس لعنت سے کلی طو رپر بچاجاسکے۔
مینڈھر میں بجلی سپلائی کا براحال
لوگ ملازمین پر برہم ، متعلقہ وزیر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر میں بجلی کی سپلائی کا برا حال ہے ا ور چوبیس گھنٹوں میںسے چند ہی گھنٹے بجلی دستیاب رہتی ہے۔بالاکوٹ ،گلہوتہ اور ناڑ علاقہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ وہ محکمہ بجلی کے ملازمین کو صرف کرایہ وصول کرنے والے دن ہی دیکھتے ہیں اور انہیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ لوگوں کو بجلی سپلائی فراہم ہو بھی رہی ہے یا نہیں ۔ناڑ کے احسان اکرام کا کہنا ہے کہ بھاٹہ دھوڑیاں میںبجلی سٹیشن پر مقامی ملازمین لگے ہوئے ہیں جو صرف اپنے ہی علاقہ میں بجلی دستیاب رکھتے ہیں اور جب ان کو فون کیا جائے تو وہ سوئچ آف کردیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے امتحانات کے دوران بھی اگر علاقہ میں بجلی فراہم نہ ہوتویہ ان کے ساتھ ناانصافی ہے ۔ان کاکہناہے کہ وہ اس طرح کے ناقص نظام سے تنگ آچکے ہیں اور مقامی ملازمین کو تبدیل کرکے نئے ملازم تعینات کئے جائیں تاکہ بوقت ضرورت وہ لوگوں کے کام آسکیں ۔ بالاکوٹ اور گلہوتہ کے محمد جمیل،خورشید احمد اور محمد خلیل کا کہنا ہے کہ ان کے علاقہ جات میں بھی بجلی سپلائی کا نظام خراب ہے اورچوبیس گھنٹوں میں چار گھنٹے بھی بجلی دستیاب نہیں ہوتی ۔ان کاکہناہے کہ کئی بارتو دن رات بجلی غائب رہتی ہے او راس کے باوجود ہر مہینے کے بعد بل لوگوں کے حوالے کردیئے جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ان کے علاقوں میں سپلائی صرف نام کی رہ گئی ہے اور غیر اعلانیہ کٹوتی سے بچوں کی پڑھائی بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔مقامی لوگوںنے الزام عائد کیاکہ ان سے بجلی خرچ سے زائد کرایہ وصول کیاجارہاہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کے وزیر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج دن تک انہوںنے مینڈھر علاقے کادورہ نہیں کیا اورنہ ہی یہ جاننے کی کوشش کی کہ اس علاقے میں بجلی سپلائی کا کیا حال ہے۔
سرنکوٹ میں پی ڈی پی کا اجلاس
بی پی ایل فہرستیں دوبارہ بنانے پر زور
بختیار حسین
سرنکوٹ //ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں پی ڈی پی کا اجلاس زیر صدارت چوہدری جاوید احمد منعقد ہوا۔اس دوران پارٹی کی جانب سے کئے جا رہے ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ساتھ ہی عوامی مسائل بھی اجاگر ہوئے ۔کارکنان نے وزیر اعلیٰ کے دورہ ٔ پونچھ کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے موقعہ پر ہی مسائل کو حل کروایا۔اپنے خطاب میں چوہدری جاوید احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عوامی مسائل کے حل کیلئے پوری طرح سے سنجیدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ مسلسل اٹھارہ اور بیس بیس گھنٹے لوگوں کے درمیان رہ کر ان کی مشکلات کے بارے میں جانکاری حاصل کرتی ہیں او ر ان کا موقعہ پر ہی حل بھی کیاجاتاہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرضلع پونچھ میں تعمیروترقی کے کام تیزی سے انجام دیئے جارہے ہیں اور یہ سلسلہ اسی طرح سے جاری رہے گا۔انہوںنے بی پی ایل فہرستوں کی تصحیح کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ پٹواریوںسے ان فہرستوںکی ترتیب میں غلطیاں سرزد ہوئی ہیں جنہیں دوبارہ سے بنایاجائے ۔ انہوںنے کارکنان پر زور دیاکہ وہ پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط بنائیں۔
پروری ، کوٹ دھڑا، لوہرجمولااور د داج میںبینک شاخوں کا قیام
ذوالفقار نے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی
جموں//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار نے کہا کہ حکومت لوگوں کی دہلیز پر انہیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے۔وزیر ایک افسروں کی میٹنگ کی صدارت کررہے تھے جس کا انعقاد راجوری میں قائم وزیر اعلیٰ کے پبلک دربار میں لئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینا تھا۔وزیر نے مختلف ایجنسیوں اور محکموں جن میں پی ایچ ای ، دیہی ترقی ، تعلیم ، صحت و طبی تعلیم ، باغبانی ، پھولبانی اور آر اینڈ بی شامل ہیں کی طرف سے چلائے جارہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چودھری نے ایک تفصیلی پاور پوائنٹ کے ذریعے ضلع میں ترقیاتی و تعمیراتی عمل کا خلاصہ پیش کیا۔وزیر کو بتایا گیا کہ سواری میں اینمل ہسبنڈری مرکز کا قائم اور پانی حد درہا میں ویٹرنری سینٹر قائم کرنے کے سلسلے میں ایک فیزیبلٹی رپورٹ پیش کیا گیا ہے۔وزیر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کے مختلف علاقوں میں پروری ، کوٹ دبڑا، لوہرجمولااور د داج شامل ہیں، میں جے اینڈ کے بینک شاخ قائم کرنے کے سلسلے میں اقدامات کا جائزہ لیں۔انہوںنے ڈی سی راجوری کو ہدایت دی کہ سنکاری میں ایک پوسٹ آفس قائم کرنے کے سلسلے میں اقدامات کئے جائیں۔میٹنگ کے دوران وزیر موصوف نے ضلع کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو فراہم کئے جانے والی سہولیات کے بارے میں متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ موجودہ زمانے کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام ممکنہ سہولیات لوگوں کو بہم پہنچائیںتاکہ ضلع کے لوگ ریاست کے دیگر علاقوں کی طرح ترقی اور خوشحالی کے ماحول میں اپنی زندگی بسر کرسکیں۔چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں، چیف انجینئر پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ جموں، چیف انجینئر پی ایچ ای جموں، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس ، ڈائریکٹر دیہی ترقی اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران اس موقعہ پرموجود تھے۔
پولیس اور کلچرل اکیڈمی کے اشتراک سے جشن بہاراں پروگرام
حسین محتشم
پونچھ//پولیس لائنز پونچھ میں پولیس اور کلچرل اکیڈمی کے اشتراک سے جشن بہاراں پروگرام کا انعقاد کیاگیا ۔ اس دوران ابتدائی اکیڈمی کے کلچرر افسر شاہنواز چوہدری نے تمام شرکاء ، شعراء اور موسیقاروں کا استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کی زمین نے چراغ حسن حسرت ،دینا ناتھ رفیق اور کرشن چندر جیسے لوگ پیدا کئے ہیں۔ اس دوران محفل مشاعرہ منعقد ہوئی جس کی صدارت گلشرن سنگھ نے کی ۔مشاعرے میں خورشید کرمانی،نذیر بھٹی ،فتح محمد عباسی، محتشم احتشام، سلیم قریشی، وجے گیتا، عشرت بٹ، جلیل غازی، کیلاش شرما وغیرہ نے اپنا اپنا کلام پیش کیا ۔ جشن بہاراں کے دوران محفل موسیقی بھی منعقد کی گئی جس میں مختلف زبانوں میں فنکاروں نے موسیقی کے جلوے بکھیرے۔ اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے شرکت کی جبکہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے کمانڈنگ افسر 93 انفینٹری برگیڈ اے ایس پنڈارکر، ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنرڈاکٹر بشارت حسین انقلابی، اے ایس پی پونچھ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ مسروف حسین شاہ ، کے کے کپور دی وائی ایس سکیم شیخ، موہن لعل، شاہد نعیم وغیرہ تھے ۔نظامت کے فرائض معروف ناظم پردیپ شرما نے انجام دیئے ۔
نوشہرہ نعرے بازی پر یوتھ کانگریس کا احتجا ج
منیر خان
منیر خان
راجوری //نوشہرہ میں پاکستان کی حمایت میں نعرے بازی کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے یوتھ کانگریس نے راجوری سٹی چوک میں احتجاج کیا ۔اس دوران یوتھ کارکنان نے منی سیکریٹریٹ راجوری کی تعمیر کاکام شروع کرنے کی بھی مانگ کی ۔اس موقعہ پر حسن مرزا نے کہاکہ نوشہرہ میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والوں کواب تک گرفتار نہیں کیاگیا اور پولیس نے صرف کیس درج کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ انہوں نے نوشہر ہ کے ایم ایل اے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وطن پرستی کے نعرے اور دوسری طرف ان کے پارٹی کے ورکر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوشہرہ کے عوام کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں ۔اس دوران کارکنان نے کہاکہ ریاستی سرکار نے انتظامی یونٹوں کے قیام میں غیر سنجیدگی کا مظاہر کرتے ہوئے پچھلے تین سال سے منی سیکریٹریٹ راجوری کا کام روک رکھا ہے جو عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے ۔انہوںنے کہاکہ منی سیکریٹریٹ کا کام کاج مخلوط سرکار کی آپسی رسہ کشی کے باعث رکاہواہے ۔ انہوں نے انتبا ہ دیاکہ اگر اگلے دس روز میں کام شروع نہ کیا گیا تو کانگریس یوتھ احتجاج کاراستہ اختیار کرے گی ۔ اس دوران حکومت کا پتلا بھی نذر آتش کیاگیا۔
راجوری پونچھ میں پلس پولیو کے دوسرے مرحلہ کا آغاز
راجوری+پونچھ //راجوری پونچھ میں بھی پلس پولیو کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کیاگیا ۔ اس دوران صفر سے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔پہلے روز راجوری میں کل 85209بچوں کو پولیو کی خوراکیں پلائی گئیں ۔اس مقصد کیلئے ضلع بھر میں 634بوتھ اور 19ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کئے گئے ۔ ضلع میں پانچ سال تک کے بچوں کی کل تعداد 108063ہے ۔یہ مہم ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی نگرانی میں چلائی گئی اور پولیو کے قطرے پلانے کا یہ سلسلہ بارہ اور تیرہ مارچ کو بھی جاری رکھاجائے گاجس دوران گھر گھر جاکر بچوںکو خوراکیں پلائی جائیںگی ۔ڈپٹی کمشنر راجوری نے بتایاکہ ہر علاقے میں متعلقہ افسران کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔چیف میڈیکل افسر راجوری ڈاکٹر سریش گپتا نے بتایاکہ انہوںنے مہم کی شروعات اپنے دفتر سے کی ۔انہوںنے بتایاکہ درہال میں 11837،منجاکوٹ میں 17589،کنڈی میں 18575،کالاکوٹ میں11884،نوشہرہ میں13992اور سندر بنی میں 8342بچوں کو خوراکیں پلائی گئی ہیں ۔وہیں ضلع پونچھ میں بھی پہلے روز بچوں کو پولیو خوراکیں پلائی گئیں ۔ تحصیل سرنکوٹ میں یہ سلسلہ ایس ڈی ایم رشید چوہدری کے ہاتھوں شرو ع ہوا۔بی ایم او سرنکوٹ نے بتایاکہ پہلے روز 19368بچوں کو خوراکیں پلائی گئیں اور اس طرح سے نتائج 82فیصد رہے ۔ انہوںنے بتایاکہ باقی ماندہ بچوں کو اگلے دودنوں میں خوراک پلائی جائے گی ۔بلاک میڈیکل افسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان نے بتایاکہ تحصیل میں پہلے روز اسی فیصد بچوں کو خوراک پلائی گئی ۔ انہوںنے بتایاکہ 17647بچوں کو پلس پولیو دے دی گئی ہے اور دیگر بچوں کو گھر گھر جاکر بارہ اور تیرہ مارچ کو خوراکیں دی جائیں گی ۔اسی طرح سے منڈی اور پونچھ میں بھی پولیو خوراکیں پلائی گئیں۔