دیول ڈوگہ میں ولی میاںعظیم کا عرس منایا گیا
زاہد ملک
مہور//ضلع ریاسی سب ڈویژن مہور کے گاؤں دیول ڈوگہ میں آج ایک بزرگ ولی میاںعظیم کا عرس منایا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سینکڑوں سال پہلے سے دیول ڈوگہ کے مقام پرقائم ان کے مزار پرعقیدتمندوں کا اجتماع ہوتا ہے۔ علاقہ گلابگڑھ کے متعددگاؤں کے ہزاروں لوگ شمولیت کرتے ہیں اور یہاں دن بھرلنگر جاری رہتا ہے اور ختمات اور درود اذکار کا سلسلہ جاری رہتاہے۔عقیدتمندوں کی طرف سے لائے گئے جانور،اناج اور مرغ وغیرہ پکا کرکھانے کی صورت میں تقسیم کئے جاتے ہیں۔کہا جاتا ہے کہ بزرگ کے ساتھی بھی وہاں پر دفن ہیں اور یہاں پران کا مقبرہ بھی بنایا گیا ہے۔
ڈوڈہ کالج میں اضافی مضامین متعارف
سیول سوسائٹی کا حکام کے تئیں اظہار تشکر
محمداسحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ سیول سوسائٹی کے ایک وفد نے انچارج پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ ڈاکٹر جاوید اقبال ترمبو سے ملاقات کرکے کالج میں کامرس، فلاسفی ودیگر مضامین کوانڈر گریجویشن سطح پر متعارف کرانے پر ڈوڈہ گندو ٹھاٹھری عسر مرمت بھرت دیسہ گندنہ کے عوام کی طرف سے تشکر کا اظہار کیا۔ انتظامیہ نے وفد کو یقین دلایا کہ مزید کچھ مضامین جہاں انڈر گریجویشن سطح پر متعارف ہورہے ہیں وہیں ڈوڈہ کالج کو ترقی دیکر پوسٹ گریجویشن میں بھی اس برس دو تین مضامین کی کلاسیں شروع کرنے کا ارادہ ہے۔ انہوں نے ماہرین تعلیم و مختلف سرکاری غیر سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ وہ کالج میں نئے مضامین کامرس، کمپیوٹر، فلاسفی وغیرہ میں داخلہ کے لئے بچوں کو ترغیب دیں کہ آج کے دور میں کامرس کمپیوٹر فلاسفی جیسے مضامین کی نہ صرف مقامی ریاستی یا ملکی سطح پر بلکہ بین الااقوامی سطح پر اہمیت ہے۔
آفات سماویٰ پر بیداری کیمپ کا انعقاد
رام بن //محکمہ ریلیف و بازآباد کاری نے ضلع انتظامیہ کے اشتراک سے بدھ کے روز میترا میں آفات سماویٰ سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لئے ایک بیداری کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔کیمپ کے دوران ریاستی ڈیزاسٹر ریلیف فورس رام بن کے اہلکاروں نے رام بن قصبہ و ملحقہ دیہات کے عام لوگوں بشمول اساتذۃ،لیڈران اور بعض معزز شہریوں کو آفات سماوی کے دوران متاثرین کی باز یابی کے طریقوں کی جانکاری دی ۔اس موقعہ پر متاثرین کی زندگی بچانے اور نقصانات کو کم کرنے کے مختلف آسان طریقوں اور تکنیک کی نمائش بھی کی گئی جب کہ ہاتھوں سے چلائی جانیوالی مختلف مشینوں وغیرہ کے بارے میں بھی جانکاری دی۔تحصیلدار رام بن پرمود کمار، انسپکٹر ایس ڈی آر ایف سنجیو کلاسی،نائب تحصیلدار رام بن عبدالجبار، نائب تحصیلدار بالیہوٹ سنوک چند،اساتذہ و معزز شہری بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر تحصیلدار نے لوگوں سے رضاکارانہ طور آگے آنے اور ایس ڈی آر ایف اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کو بازیابی کے آپریشنوں کے دوران تعاون دینے کی تلقین کی اورا نہیں یقین دلایا کہ ایس ڈی آر ایف بعض رضاکار نوجوانوں کو اس سلسلہ میں تربیت فراہم کرے گی۔
چھاترو میں منشیات مخالف سیمنار و کونسلنگ سیشن
کشتواڑ//فوج کی جانب سے ضلع کے چھاترو علاقے میںمنشیات کی بدعت کے خلاف ایک سیمنار و کونسلنگ سیشن کا انعقاد کیا گیا جسکا مقصد نوجوانوں میں منشیات کے مضر اثرات اور اس پر قابو پانے کے لئے اقدام کی جانکاری فراہم کرنا تھا۔سیمینار کم کونسلنگ سیشن میں علاقہ کے تقریباً 217مقامی لوگوں نے شرکت کی۔فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ کاروائی کے تحت ڈوڈہ پولیس کے ایک نامور منشیات کونسلر ڈاکٹر بلجیت نے نوجوانوں کو منشیات کی بدعت کے مُضر اثرات سے آگاہ کیا۔اس کونسلنگ سیشن کے دوران منشیات اور اسکے صحت پر مضر اثرات،علامتوں اور علاج کے مختلف مراحل بشمول بازآباد کاری کی تفصیلی اور واضع جانکاری فراہم کی گئی۔مقرر نے علاقہ میں منشیات کی بدعت کے مُضر اثرات کی جانکاری بھی دی اور شرکا کو واضع کر دیا گیا کہ کس طرح سے منشیات سمگلر آپکے نوجوانوں کو منشیات کے چکر میں ڈال کر آپکی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔سیمنار کے بعد کونسلنگ سیشن منعقد کیا گیا جہاں پر کونسلر نے تمام سوالات کا جواب دیا۔
رام بن کے بیشتر تعلیمی اداروں میں سبجیکٹ ٹیچر وں کی قلت
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع کے بیشتر تعلیمی ادارے پرنسپل، ہیڈ ماسٹر اور یہاں تک کہ سبجیکٹ ٹیچروںکے بغیر ہیں۔ضلع کے والدین اور طلاب نے شکایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں سٹاف کی قلت کو لیکر کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایک طرف تو وزیر تعلیم شعبہ تعلیم میں شفافیت لانے کا دعویٰ کر رہے ہیں ،وہیں دوسری جانب ضلع کے متعدد تعلیمی ادارے بغیر سربراہ کے ہیں ،یہاں تک کہ زونل ایجوکیشن افسر کا عہدہ بھی خالی ہے۔ان لوگوں کا مبینہ الزام ہے کہ تین مہینوں کی موسم سرما کے تعطیلات کے باوجود ضلع کے دور دراز علاقوں میںہائی سکول بغیر ہیڈ ماسٹر کے ہیں، اُن کا یہ بھی الزام ہے کہ ضلع میں سبجیکٹ ٹیچروں کی قلت ہے جسکی وجہ سے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تعلیمی سسٹم بری طرح متاثر ہوا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پرائمری اور مڈل سکولوںمیںبھی اساتذہ کی قلت ہے کیونکہ با رسوخ اساتذہ کو سرکاری دفاتر کے ساتھ اٹیچ کیا گیا ہے۔انہوں نے یہ بھی مبینہ شکایت کی کہ باوجود اچھی تنخواہ کے اساتذہ اپنے پرائیویٹ کاروبار میں مشغول ہیں،جسکی وجہ سے ضلع میں تعلیمی شعبہ بیساکھیوںپر چل رہا ہے۔کشمیر عظمیٰ کے نمائندے نے جب اس سلسلہ میں چیف ایجوکیشن افسر کے ساتھ رابطہ کرنے کی کوشش کی ،تو وہ دستیاب نہیں تھے۔تاہم محکمہ کے اہلکاروں نے کہا کہ تعلیمی شعبہ میں سدھار لانے کے لئے سنگین اقدام کئے جا رہے ہیںاور کہا کہ محکمہ میں باقاعدہ اساتذہ کی قلت ہے۔
روڈ سیفٹی بیداری کیمپ اختتام پذیر
ڈوڈہ//موٹر وہیکلز ڈیپارٹمینٹ کی جانب سے ضلع میں منعقدہ روڈ سیفٹی اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ بیداری کیمپ بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے آر ٹی او نے شرکا کو صلاح دی کہ وہ گاڑی چلانے کے دوران شراب پینے، موبائیل فون کا استعمال کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے سے اجتناب کریں۔انہوں نے قیمتی جانوں کا بچانے کے لئے اور ٹیکنگ کرنے، ریس لگانے اور کم سن عمر کے بچوں کو گاڑیاں چالنے سے روکنے کی بھی صلاح دی۔انہوں نے شرکا کو محفوظ ڈرائیونگ کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل در آمد کرنے کیلئے ضروری اقدام کرنے کی بھی صلاح دی۔انہوں نے گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلانے والوں کو ہیلمٹ پہننے اور سیٹ بیلٹ کا استعمال کرنے کی بھی صلاح دی ۔
تاجر کے قتل کا معاملہ
کشتواڑ پولیس ٹیم چندی گڑھ روانہ، سنٹرل فورنسک لیبارٹری سے رجوع
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے کشتواڑ کے ایک مقامی کاروباری اشتیاق احمد ڈار کے قاتلوںکا پتہ لگانے کے لئے پولیس کے فورنسک ماہروں کی ایک ٹیم کو سنٹرل فورنسک لیبارٹری چندی گڑھ روانہ کیا ،جہاں پر ٹیم مختلف فورنسک جانچ کی وضاحت اور تصدیق حاصل کریں گے، تاکہ قتل کیس کے اہم سراغ کو کھولنے میں مدد ملے ۔قابل ذکر ہے کہ پولیس نے اس سلسلہ میں کئی اہم سراغ حاصل کئے ہیں جس سے اس قتل میں ملوث مجرموں کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی اور مجرم قانون سے نہیں بھاگ سکیں گے۔پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نیزیر نگرانی ایس ایس پی ابرار چودھری کافی مشقت کے بعد اہم سراغ حاصل کئے ہیں۔دریں اثنا ایس ایس پی نے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کشتواڑ انسپکٹر سلیم جیلانی کے ہمراہ مقتول کے گھر وازا گواڑی ،سیمنہ کالونی جاکر متوفی کی بیوہ سے ملاقات کرکے تحقیقات کے دوران حاصل کئے گئے کئی تفصیلات کی تصدیق کی ہے۔تاہم، دُکھ کی وجہ سے اُس نے کوئی مناسب جواب نہیں دیا ہے۔سینئر سپرانٹنڈنٹ پولیس نے لوگوں سے افواہوں پر دھیان نہ دینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ پولیس کو اس سلسلہ میں مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔