کشتواڑ کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت
کشتواڑ//محکمہ صحت عامہ کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ضلع کے بیشتر علاقوںبشمول (پی ڈی سی) کالونی واسر کشتواڑ،اپر پوچھل اور سنگرام بھاٹا میں پینے کے پانی کی سخت قلت ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے لوگ سڑکوں پر آئے اور اپنا احتجاج درج کیا۔پی ڈی سی کالونی کے عوام کا الزام ہے کہ علاقہ میں پینے کا پانی سپلائی کرنے میں امتیاز برتا جا رہا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ متبرک ماہ رمضان کے دورا ن بھی لوگوں کو پینے کا پانی فراہم نہیں ہو رہا ہے جسکی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔علاقہ کے مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے جمع ہو کر محکمہ صحت عامہ کے خلاف مظاہرہ کیا ۔انہوں نے الزام لگایا کہ پانی کی قلت کی وجہ سے کئی دنوں سے نہایا نہیں ہے اور گندے کپڑے ہی پہننے پر مجبور ہو گئے ہیں۔اُنہوں نے قصور وار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے شکایت کی کہ محکمہ کے اہلکاورں سے ہم نے اس بارے میں اپیل کی لیکن علاقہ میں پانی کی سپلائی بحال نہیں ہوئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کافی عرصہ سے چلی آرہی ہے اور حُکام سے اگرچہ کئی بار استدعا کی گئی لیکن اس پر انکاکوئی اثر نہیں ہوا،جسکی وجہ سے وہ سڑکوں پر آنے کو مجبور ہو گئے ۔مظاہرین نے تنبیہ کیا کہ اگر انکے مطالبات حل نہیں کئے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے علاقہ میں پانی سپلائی کرنے کے لئے ہدایات جاری کرنے کی اپیل کی۔
ایس ایس اے اساتذہ کے
مسائل حل کرنے کی اپیل
زاہد ملک
ریاسی //پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ریاسی کے ضلع صدر ایڈوکیٹ فیق الرحمان بٹ نے وزیر تعلیم سے اپیل کی ہے کہ وہ ایس ایس اے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے اقدام کرے جو کہ گُذشتہ کئی دنوں سے احتجاج کر ررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے کئی سکول بند ہیں اور طلاب کو کافی پریشانیاں ہو رہی ہیں۔انہوںنے کہا ہے کہ ان اساتذہ کے مطالبات جائز ہیںجن پر عید سے قبل غور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ اساتذہ گذشتہ کئی مہینوں سے تنخواہوں کے بغیر ہی ہیں ۔ضلع صدر نے ان احتجاجی اساتذہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے انکے مطالبات حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ سرکار ان کے مسائل کو حل کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔نہ ہی ایس ایس اے ڈائریکٹوریٹ نے انکی بقایا تنخواہ واگُذار کرنے کے لئے اقدام کئے ہیں اور نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی مشبت یقین دہانی کی گئی ہے۔انہوں نے اس ماید کا اظہار کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم کی سنجیدگی کی وجہ سے ان اساتذہ کے بقایا تنخواہ ساتویں تنخواہ کمیشن کے مطابق ہی واگُذار کئے جائیں گے۔
ڈوڈہ ڈیویلپمنٹ فرنٹ کا
محکمہ دیہی ترقی کیخلاف احتجاج کا انتباہ
محمدا سحٰق عارف
ڈوڈہ//ڈوڈہ ڈیویلپمنٹ فرنٹ نے محکمہ دیہی ترقی میں لوٹ مار کے خلاف مزدوری کا حق تلف کرنے عوامی خزانہ کی بند ر بانٹ اور آفیسر شاہی کی تاناشاہی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے عیدالفطر کے بعد ایک عوامی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا فرنٹ کے صدر اشتیا ق احمد دیو نے ڈوڈہ میں مختلف نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوے کہا ہے کہ محکمہ دیہی ترقی اس وقت خرد برد سرکاری و عوامی خزانہ کی بندر بانٹ غریب مزدوران و حق داران کی حق تلفی میں سرفہرست ہے اور بالخصوص ڈوڈہ ضلع میں چاروں طرف سے شور محشر کے باوجود حکومت خاموش ہے جس نے کئی سوالات کو جنم دیا اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے بذریعہ انٹر نیٹ جو اعداد و شمار عوام ک جانکاری کے لئے دیئے ہیں خود اُن میں تفاوت دھاندلی خرد برد کے تمام ثبوت و شواہد موجود ہیں اور اب جبکہ ظلم و ستم کی انتہا ہورہی ہے ایسے میں سیول سوسائٹی کی خاموشی مجرمانہ ہوگی اسلئے ہم عیدالفطر کے فوراً بعد دھرنا دیکر جدوجہد شروع کریں گے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ خصوصی کمیشن جو بااختیار ہو بنا کر پہلے مرحلہ میں چند پنچائیتوں کے صرف ایک مالی سالی کے کام کی تحقیق کی جائے تو سب کچھ صاف ہوگا کیونکہ یہاں ہر پتھر کے نیچے لاکھوں کی کرپشن موجود ہے اور پھر یہ لوگ مذہبی سیاسی سماجی اداروں کو بطور پناہ گاہ استعمال کرکے چھپ جاتے ہیں اور عوامی دولت کی لوٹ مار کرنے والوں سے احتساب لینا ضروری ہے اور اب کی بار ضرور ایسا ہوگا۔
ڈوڈہ میں صفائی و مارکیٹ چیکنگ کی مہم
ڈوڈہ //متبرک ماہ رمضان کے دوران میونسپل کمیٹی ڈوڈہ کی جانب سے قصبہ و ملحقہ علاقوں میں صفائی و ستھرائی کی ایک مہم شروع کی گئی،جس کی قیادت ایگزیکٹو افسر طارق محمود بلوان کر رہے تھے۔قصبہ کی تمام گلیاں اور نالیاں صاف و شفاف دکھائی دے رہی تھیں،اسٹریٹ لائٹس کو بھی قابل کار بنایا گیا ۔اسکے علاوہ ملاوٹی اشیائے خودرنی کے ایٹموںکے خلاف اور پالی تھین کئیری بیگوں کے استعمال کے خلاف بھی مہم چلائی گئی۔میونسپل کمیٹی کی ایک ٹیم نے دوکانوں اور دیگ رکاروباری اداروں پراچانک چھاپہ مارا اور زائد المعیاد چیزیں ضبط کرکے سڑی ہوئی سبزیوں اور پھل کو بھی ضائع کر دیا ۔ٹیم نے لوگوں سے ان پروڈکٹوں کا استعمال نہ کرنے کی اپیل کی۔علاقہ کے لوگوں نے اہلکاروں کی جانب سے ماہ مبارک کے دورانکی گئی کاروائی کی ستائش کی۔انہوں نے اہلکاروں کی جانب سے باقاعدہ طور سے مارکیٹ چیکنگ کرنے کا مطالبہ کیااور دوکانداروں سے مناسب نرخوں پر اشیاء دستیاب رکھنے کی ہدایت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔علاقہ کے عام لوگوں نے میونسپل کمیٹی ڈوڈہ و ضلع انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان کے دوران کئے گئے انتظامات کی سراہنا کی۔
رام بن میں ’پرواز ‘ اختتام پذیر
۔5166 اساتذہ پلے وے طریقہ کی تربیت سے ہمکنار
رام بن //ضلع میں پرائمری سکولوں کے طالب کو پلے وے طریقہ سے تعلیم دینے کے لئے خصوصی مہم ’’پرواز‘‘ جمعہ کے روزاختتام پذیر ہوئی۔اس مہم میںتمام چھ زونوں سے 1566طلاب نے شرکت کی۔پروگرام کا انعقاد ایس ایس اے کے تحت پرتھم ایجوکیشن فائونڈیشن ،ممبئی کے اشتراک سے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے جے اینڈ کے اے آر وار اور پرتھم کے ریاستی سربراہ ڈاکٹر پروین سعید کی نگرانی میں کیا گیا تھا۔ریاست میں پہلے اس پروگرام کو تب کے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ڈاکٹر شاہ فیصل نے متعارف کیا تھا۔اس پروگرام کے تحت ضلع کے تمام چھ زونوں سے 140 اساتذہ کو منتخب کیا گیا تھا ۔اس کا مقصد بچوں میں بنایدی پڑھائی اور تحریر میں بہتری لانا تھا۔چیف ایجوکیشن افسر رام بن عبدل حمید فانی کے مطابق اس تربیت کے دوران 10ماسٹر ٹرینئرس اور38ریسورس پرسن نے ضلع بھر کے 1566 ۔اساتذہ کو تربیت فراہم کی۔ماسٹر ٹرئینرس کو پرتھم کے ماہرین کی جانب سے ماہ دسمبر 2017 کو جموں میں تربیت دی گئی تھی ۔
۔16 مویشی بازیاب ،2سمگلر گرفتار
طاہر ندیم خان
ڈوڈہ //ضلع میں مویشیوں کی سمگلنگ کے خلاف جاری اپنی مہم میں ڈوڈہ اور بھدرواہ پولیس نے الگ الگ کاروائیوں میں 16مویشیوں کو باز یاب کئے ۔پولیس پارٹی پُل ڈوڈہ پوسٹ کی ایک ٹیم نے مصدقہ اطلاع ملنے پر ہیڈ کانسٹیبل محمد رفیع کی قیادت میںگنپت برج پر ایک ناکہ لگایا اور ایک شخض کو گرفتار کیا جس کے قبضہ سے 6 مویشوں کو بازیاب کیا گیا۔مبینہ ملزم کی شناخت حمید اللہ ولد قُطب الدین ساکنہ گڈسو، شیوا کے بطور کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر90/2018 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔دریں اثنا ء پولیس ا سٹیشن بھدرواہ کے ایس ایچ او منیر احمد خان کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے سنگلی،دھرم کوٹ بھدرواہ میں ایک ناکہ لگایا اور ایک مویشی سمگلر یاصر حُیسن ولدرحیم علی ساکنہ شاراکھئی،بھدرواہ کو روکا اور اسکے قبضہ سے 10مویشی برآمد کئے۔ ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر85/2018 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
پتنی ٹاپ میں خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد
ایم ایم پرویز
رام بن //جمعہ کے روز صحت افز ء مقام پتنی ٹاپ میں خون کے عطیہ کا ایک کیمپ منعقد کیا گیا جس میں سنت نرانکاری مشن کے ساتھ وابستہ 130 رضاکاروں نے خون کا عطیہ دیا ۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج کے بلڈ ٹرانس فیویژن شعبہ اور شیرء کشمیر میموریل ہسپتال بٹوت کے ڈاکٹروں اور ٹیکنشنوں کی ایک ٹیم نے خون کا عطیہ جمع کیا ۔کیمپ کا افتتاح سنت نرانکاری مشن نئی دہلی کے سربراہ برج موہن سنگھ سیٹھی نے کیا۔ ایم ایل سی شام لعل بھگت مہمان ذی وقار تھے۔مہمان خصوصی نے خون کا عطیہ دینے پر زور دیتے ہوئے انسانی بقا ء کے لئے خون کے عطیہ کی اہمیت بیان کی۔کیمپ کے دوران این این ایم مشن کے زونل انچارج بٹوت بی پی سنگھ ،سابق ممبر اسمبلی چنہنی کرشن لعل بھگت، کانگریس خواتین ونگ ضلع صدر رام بن نریندر کور اور نائب تحصیلدار بٹوت سیف اللہ شاہ موجود رہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایس این ایم کے ملک بھر میں چار ہسپتال ،133 ڈسپنسریاں،9 پیتھالوجی لیبارٹریاں، 8ڈینٹل کلنک اور 5 آنکھوں کے مرکز کام کر رہے ہیں۔
این سی یونٹ ڈوڈہ کی میٹنگ منعقد
رفیع چوہدری
ڈوڈہ// نیشنل کانفرنس یونٹ ضلع ڈوڈہ کی ایک میٹنگ پارٹی ضلع آفس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سابق وزیر داخلہ ضلع صدر نیشنل کانفرنس ڈوڈہ خالد نجیب سہروردی کے علاوہ کئی پارٹی لیڈارن و کارکنان نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں خالد نجیب اور پارٹی لیڈارن کی اتفاق رائے سے ریاستی سیکریٹری یوتھ این سی شاداب سہروادری کو ضلع آفس کا اضافی کام کاج کا بھی چارج دیا گیا ۔ وہ اس آفس میں نیشنل کانفرنس ضلع ڈوڈہ کے تمام کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے آفس میں موجود رہیں گے۔اس کے علاوہ انہیں اسمبلی حلقہ ڈوڈہ کا بھی چارج دیا گیا۔نیشنل کانفرنس کے تمام بلک صدور اورلیڈارن نے کہا کہ ہم شاداب کے ساتھ ساتھ رہیں گے۔ شاداب سہرواردی نے کہا کہ پارٹی ضلع قیادت نے مجھے یہ ذمہ واری سوپنی ہے اور میں اس ذمہ واری کا یقین دلاتے ہو کہ میں ضلع کے تمام نیشنل کانفرنس کارکنوں کے ساتھ رابطہ میں رہوں گا ۔
بھلیسہ میں پلاسٹک کے مُضر اثرات پر سیمنار
ڈوڈہ//عالمی یوم ماحولیات کے موقعہ پر ایجوکیشنل، اینوائرنمنٹل ،سوشل، سپورٹس اور کلچرل سوسائٹی بھلیسہ کی جانب سے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گواڑی میں Beat Plastic Pollutioکے موضوع پر ایک سیمنار کا اہتمام کیا گیا ۔سیمنار میں مختلف کلاسوں کے 30 شرکا نے شرکت کی۔سیمنار کی قیادت پرنسپل لیکھ راج شرما نے کی ۔ اس موقعہ پر سوسائٹی کے چیئر مین محمد ایوب زرگر نے کہا کہ سوسائٹی گذشتہ18 سال سے ماحولیاتی حالات بہتر بنناے کے لئے کام کر رہے ہیں،جسکی وجہ سے علاقہ کے مختلف حصوں میں بیداری پھیلانے میں مدد ملی ہے۔اس موقعہ پر اپنے خطاب میں ایوب زرگر نے کہا ماحول میں پلاسٹک کا جمع ہونے سے ماحولیات پر کافی بُرا اثر پڑا ہے۔انہوں نے طلاب کو سماج میں پلاسٹک کی آلودگی کا پیغام پھیلانے کی اپیل کی،تاکہ اسکا استعمال کم کیا جا سکے اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ سیمنار میںپانچویں جماعت کی قرۃ العین ،آٹھویں جماعت کی رومان اور ساتویں جماعت کے عثمان شیخ نے بالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔اسی طرح سے ہائی اور ہائر سیکنڈری سطح میںدسویں جماعت کی بسما کوثر، بارہویں جماعت کی نذہت الیاس، اور 11ویں جماعت کی ورشا دیوی نے بالترتیب پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔لیکچرار ہرمیندر سنگھ ،لیکچرار دھیرج سنگھ اور شاہنواز بٹ نے بطور جج فرائض انجام دئے۔پروگرام میں محمد یاصر میرنے نظامت کے فرائض انجام دئے جبکہ ماسٹر الطاف حُسین نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا۔اس موقعہ پر لیکچرار محمد ایوب شیخ، محمد ایوب راتھر، ماسٹر باکر حُسین، ماسٹر جگمیت پال، ماسٹر جگدیش کمار، شوکت علی راتھر ،مدثر شیخ،طالب حُسین میر، اختر حُسین،اور مفتی عشرت علی بھی موجود تھے۔
بھدرواہ میں مارکیٹ چیکنگ
۔ 3800روپے بطور جرمانہ وصول
بھدرواہ //بھدرواہ کی ایک مشترکہ ٹیم نے مارکیٹ چیکنگ کے دوران خاطی تاجروں سے 3800روپے بطور جرمانہ وصول کیا ۔چیکنگ ٹیم کی قیادت تحصیلدار مسعود احمد کر رہے تھے جو کہ میونسپل کمیٹی کے اہلکاروں،ایف سی ایس اینڈ سی اے اور پولیس پر مشتمل تھی۔ ٹیم نے اچانک مارکیٹ چیکنگ کی اور جمع خوروں ،ذخیرہ اندوزوں ،مہنگائی کرنے والوں اور ریٹ لسٹ آویزان نہ رکھنے والوںاور ممنوع پالی تھین کا استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی۔ٹیم نے تقریباً ایک کوئنٹل خراب سبزیاں اور دیگر ناقابل استعمال اشیاء کو ضائع کرکے خاطی تاجروں سے 3800روپے بطور جرمانہ وصول کیا۔ٹیم نے 4 کلو گرام پالی تھین لفافے بھی ضبط کئے۔دوکانداروں کو اپنے دوکانوں پر ریٹ لسٹ آویزان رکھنے کی ہدایت دی گئی اور اپنے دوکانوں کو صاف و شفاف رکھنے اور گوشت و چکن کو ڈھک کر رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ٹیم نے ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کا انتباہ کیا۔ بھدرواہ تحصیل کے دیگر حصوں میں بھی اسی قسم کی پالی تھین مخالف مہم اور مارکیٹ چیکنگ کی گئی ،جہاں پر چیکنگ سکاڈ نے 8کلو گرام ممنوع پالی تھین ضبط کیا اور خاطی تاجروں سے 4100روپے جرمانہ وصول کیا۔
سجاد کچلو کی تعیناتی پر اظہار مسرت
رفیع چوہدری
ڈوڈہ//نیشنل کانفرنس پارٹی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سابق وزیر داخلہ و ایم ایل سی کشتواڑ سجاد احمد کچلو کو ریاستی مرکزی سیکرٹری کی ذمہ واری سوپنے جانے پر خط چناب اور بالخصوص کشتواڑ،ا ندروال ،گندو ،بھلیسہ میں پارٹی کارکنان و سینئر لیڈارن نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور پارٹی اعلیٰ قیادت صدر فاروق عبدللہ سابق وزیر اعلی عمر عبدللہ،پارٹی جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر،صوبائی صدر این سی جموں دیونیدر سنگھ رانا کا شکراد کیا جہوں نے سجاد احمد کچلو کو مرکزی سیکرٹری نامزکیا ہے۔ کارکنان نے کہا کہ کچلو کو نامزد کئے جانے سے نہ صرف کشتواڑ و اندروال بلکہ پورے خط چناب میں آنے والے اسمبلی الیکشن میں پارٹی کو اس کا فائدہ پہنچے گا۔ انہوںنے کہا کہ سجاد احمد کچلو کو پارٹی نے اہم وقت پر پارٹی کی بڑی ذمہ واری دی ہے جس کی عوام کو بھی ضرورت تھی ۔کارکنوں نے کہا کہ خط چناب میں اس وقت کولیشن سرکار اور خاص کر بی جے پی و آر آر ایس کے دور کی حکومت ہے لیکن کچلو ہر وقت پارٹی کارکن کی ہر مشکلات میں عوام کے پیش پیش ہیں اور اعلی قیادت کو بھی اس بات کا علم ہے کہ اس دور کی حکومت میں کچلو پارٹی کارکنوںکے ساتھ ایک پہاڑ کی طرح کھڑے ہیں۔ جن لیڈارن نے کچلو کو مبارک باد پیش کی ان میں نیشنل کانفرنس اندروال چوہدری اسلام دین ،ریاض احمد زرگر این سی لیڈر بھلیسہ،محمد حنیف سابقہ سرپنچ،چوہدری ہاشم دین سابقہ سرپنچ ہڈل، چوہدری نور محمد کالو ضلع صدر این سی ایس ٹی سیل کشتواڑ،غلام حیدر کمپنی صدر کاہرہ این سی،مدثرملک چاتروں،جاوید چوہدری کشتواڑشامل ہیں۔