رام بن میں بی اے ایس پر ورکشاپ کا انعقاد
رام بن //ضلع انتظامیہ کی جانب سے محکمہ تعلیم کے افسروں اور اہلکاروں کو آدھار پر مبنی بائیو میٹرک ایٹینڈنس سسٹم (BAS)کے تحت سرکاری ملازموں کی رجسٹریشن کے سلسلہ میں تربیت فراہم کرنے کے لئے یک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر چیف ایجوکیشن افسر اے ایچ فانی نے بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد تمام ملازمین کی سو فیصدی ڈاٹا اینٹری یقینی بنانا ہے، تاکہ بی اے ایس کے تحت حاضری کا مناسب طریقہ کار رکھا جا ئے۔انہوں نے مزید کہا کہ دفاتر میں با قاعدگی یقینی بنانے کیلئے انگلیوں کے نشان رجسٹر کرنے ہیں۔این آئی سی کے نیٹ ورک انجینئر شبھم گپتا،جو کہ اس موقعہ پر ریورس پرسن تھے ،نے متعلقہ افسروں اور اہلکاروںکو ابی اے ایس سافٹ وئیر کی مختلف خصوصیات اور این آئی سی کی جانب سے تیار کئے ہوئے سافٹ وئیر پر صیح اعدادو شمار درج کرنے کی جانکاری فراہم کی۔
ڈوڈہ میں نوجوانوں کیلئے کمپیوٹر کورس کا اہتمام
ڈوڈہ //فوج کی جانب سے ضلع کے نوجوانوں کے ہنر میں اضافہ کرنے کے لئے 6ہفتہ کئے طویل کمپیوٹر تربیتی کورس کا اہتمام کیا گیا ، جس میں ڈوڈہ و نزدیکی دیہات کے تقریباً80 نوجوانوں نے شرکت کی۔ڈوڈہ کے دور افتادہ علاقوں کے طلاب اور طالبات نے اس کورس میں شرکت کی اور کمپیوٹر کی جانکاری بشمول OS, Windows, MS Office,Internet وغیرہ حاصل کی۔اس تربیتی کورس میں کمپیوٹر کی دیکھ ریکھ کی تربیت بھی فراہم کی گئی۔مقامی قابلیت کے انسٹریکٹر وں کی جانب سے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔تربیت کے اختتام پر شرکا میں مہارت کی اسناد تقسیم کی جائیں گی۔اس تربیت سے علاقے کے نوجوانوں کو کافی فائدہ ہوگا اور انہیں پرائیویٹ و سرکاری سیکٹر میں روزگار حاصل کرنے کا ایک موقعہ فراہم کرے گا۔
امر ناتھ یاترا کیلئے قومی شاہراہ پر لا مثال سیکورٹی انتظامات
ایم ایم پرویز
رام بن // امرناتھ یاترا ،جو کہ جمعرات سے شروع ہو رہی ہے کے خاطر خواہ انتظامات کی وجہ سے قومی شاہراہ جموں۔ سرینگر کو ناشری سے جواہر ٹنل تک فوجی کیمپ میں تبدیل کیا گیا ہے۔کسی بھی ممکنہ ملی ٹینسی واردات کو روکنے کے لئے سیکورٹی کے اتنے سنگین انتظامات کئے گئے ہیں۔سیکورٹی فورسز بشمول سی آر پی ایف اور پولیس کے اہلکار شاہراہ پر کافی تعداد میں تعینات کئے گئے ہیں اور کیمونٹی لنگر بھی مختلف مقامات پر منعقد کئے گئے ہیں۔ضلع بھر میں سیکورٹی کے خاص چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ناشری، چندر کوٹ، رام بن ،بانہال، جواہر ٹنل میں گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔شاہراہ کی بلندیوں کے مقامات پر سیکورٹی اہلکارون کو تعینات کیا گیا ہے، صوبائی کمشنر اور آئی جی پی جموں نے یاترا کو احسن طریقہ سے منعقد کرنے کے لئے جائزہ میٹنگ میں بھی متعدد ہدایات اجرا کئے ہیں۔ کیمونٹی لنگروں میں اعلیٰ ٹیکنالوجی کے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
گوجر یونائیٹڈ فرنٹ اندروال کی ٹھاٹھری میں میٹنگ
ٹھاٹھری//گوجر یونائیٹڈ فرنٹ اندروال کی ٹھاٹھری صدر مقام کے ڈاک بنگلہ میں میٹنگ کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت نیشنل کانفرنس ریاستی جنرل سیکرٹری ایس ٹی سیل چوہدری اسلام دین نے کی ،اس دوارن بی جے بی گوجر لیڈار نور احمد نور، گوجر لیڈر چوہدری اللہ دیتہ، ضلع صدراین سی ایس ٹی سیل نور محمد کالو بھی موجود تھے۔میٹنگ میں مختلف سیاسی ، سماجی و معززین نے شرکت کی ،اس میٹنگ میں گوجر طبقہ نے آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ایک فیصلہ لیا جس میں کہا گیاکہ اب اندروال سے گوجر طبقہ کے امیدوار کو کامیاب بنانا ہے کیوں کہ اس طبقہ کا اسمبلی حلقہ اندروال میں چالیس ہزار سے ز ائد ووٹ ہیں جو باقی طبقوں سے کہیں زیادہ ہے ۔ میٹنگ میں مقامی لوگوں نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے ہم ایک پارٹی کے امیدوار کو کامیاب بناتے رہے ہیں لیکن اس نے اس طبقہ کو نظرانداز کیا اب اس طبقہ کے لوگ جان چکے ہیں اور کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں۔ سینئر لیڈر چوہدری اسلام دین نے کہا کہ یہاں کے مقامی ایم ایل اے پچھلے بیس سالوں سے طبقہ کو بیو قوف بنا رہا ہے لیکن اب وقت آیا گیا ہے کہ طبقہ اپنے بیس سالوں کا جس میں ٹرائبل پلان و سرکاری کی طرف سے شروع کی گئی مرکزی و ریاستی سرکار کی چلائی گئی اسکیموں کا حساب لے گی ، اور اب گوجر لوگوں بھی جان چکے ہیں کہ ایم ایل اے اندروال ہماری قوم کے کتنے ہمدردہیں اس کا جواب الیکشن میں ملے جائے گا۔چوہدری اسلام دین نے کہا کہ پچھلے بیس سال میں کتنے ٹرائبل فنڈس و ایم جی نریگا کے تحت گوجر عوام کو فائدہ دیا ہے اس کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کرتا ہوں۔چوہدری نے کہا کہ فائدہ تو دور کی بات درجنوں گائوں میں گوجر لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اکیس ویں صدی میں بھی تعلیم، راشن پینے کے صاف پانی،بجلی جیسی چیزوں
سے محروم ہیں۔ گوجر لیڈر بی جے پی چوہدری نور احمد نو رنے کہا کہ اب وقت آیا گیا ہے کہ طبقہ کو ایک ساتھ مل کر چلنا ہے یہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے ہم سب پچھلے کئی سالوں سے یہ دیکھ رہے ہیں کہ اندروال میں کیا ہو رہا ہے آپ سب کے سامنے ہے اس طبقہ کو ہر جگہ نظرانذاز کیا جا رہا ہے اور اللہ نے چاہا تو اندروال کی سیٹ پر اب گوجر ہی ایم ایل اے ہو گا ۔میٹنگ میں چوہدری میر علی ناگنی،چوہدری دلمر احمد،نور محمد،بشر احمد،میر ہجا،طارق دوندی،غلام حسین مغعل،نور حسین ٹرپری،محمد یوسف ڈلر شامل تھے۔
کانگریس کا مقصد امن کی بحالی اور شفاف نظام قائم کرنا ہے:سروڑی
کشتواڑ//جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے یہاں پارٹی کارکنان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایجنڈے کی پیروی کی جائے کیونکہ ریاست کی عوام نے پارٹی کی پالیسیوں اورپروگراموں کی حمائت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے عوام سے کئے وعدوں کو حقیقت میں ترجمہ کیا ہے اس لئے عوام کو پارٹی سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔وہیں ضلع ڈوڈہ کے باتھری اور کاہراہ میں سروڑی نے عوامی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور اقتدار میں کام سے عوام کا یقین جیتا ہیاور عوام اپنی خواہشات کو لیکر کانگریس کی جانب دیکھ رہے ہیں۔سروڑی نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ عوام کی خواہشات پر کھرا اترا جائے ۔ سروڑی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ علاقہ میں شروع کی گئی عوامی فلاح و بہبود کی مختلف اسکیموں کا بھر پور فائدہ اُٹھائیں۔اس دورے کے دوران لوگوں نے مختلف مسائل ایم ایل اے کے سامنے اُجاگر کئے اور اُن کے سامنے متعدد مطالبات رکھے جن میں اسکولوں میں تدریسی عملہ کی قلت، پانی کی ناقص سپلائی،بجلی کی بار بار کی کٹوتی، راشن کی قلت،نا مکمل سڑکوں کی تکمیل،منریگا بقایا جات اورسڑکوں کی خستہ حالی جیسے مسائل ایم ایل اے کے سامنے اُبھارتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ ان مسائل کا ازالہ ترجیحی بیادوں پر کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ کانگریس کا مدعا خطے میں امن اور عوامی مشکلات کا ازالہ کرنا ہے ۔موصوف نے کہا کہ ہماری جماعت کی سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بالکہ امن کا قیام اور ترقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد کے دور اقتدار میں نمایاں ترقی ہوئی ۔یہاں پارٹی میں درجنوں کارکنان کا خیر مقدم کرتے ہوئے سروڑی نے کہا کہ کانگریس منقسم طاقتوں کے خلاف ہے ۔ اس دوران سروڑی نے حالیہ ایام پھگسو ٹھاٹھری میں وفات پانے والے کے گھر جا کر پسماندگان سے تعزیت کی اور مرحومین کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی۔اُنہوں نے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے اور پسماندگان کو صبرِجمیل عطا کرنے۔