کشتواڑ میں پانی کی قلت
لوگ خفا، فوری سپلائی بحال کرنے کی اپیل
اے آئی بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ کے لنک روڈ، مڑواہ کالونی او ر گوریاں علاقواں میں گُذشتہ کئی ہفتوں سے لوگوں کو پانی کی سخت قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ محکمہ صحت عامہ خراب ہوئی واٹر سپلائی لائن کو ٹھیک کرنے میں ناکام رہا ہے۔ نیو لنک روڈ کے عوام نے کہا کہ بلند بانگ دعوؤں کے باوجود حُکام پانی کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام رہے ہیں۔نیو مڑواہ کالونی اور گوریاں کے مکینوں نے بھی پانی کی قلت پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔علاقہ کے ایک مقامی شہری نے بتایا کہ ہمیں دوسرے علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے کیونکہ محکمہ صحت عامہ علاقہ میں گُذشتہ کئی دنوں سے پانی کی سپلائی بحال کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حُکام کا ہمیں چوبیس گھنٹے پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی جھوٹ ثابت ہوئی ہے۔یہاں تک کہ ہمیں وُضو کے لئے بھی پانی دستیاب نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے محکمہ صحت عامہ سے اپیل کی ہے کہ ان علاقوں میں پانی کی سپلائی فوری طور بحال کی جائے۔کشتواڑ کے دیگر علاقوں اندرا نگر، ہدیال ، اخیار آباد، گودہالی، مالی پیٹھ، شکتی نگر،مٹا، ہاٹا، سنگرام بھاٹا، زرگر محلہ میں بھی لوگوں کو پانی کی سخت قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ارناس سے نوجوان کی لٹکتی نعش برآمد
زاہد ملک
ریاسی //ارناس سے ایک نوجوان کی لٹکتی نعش کو برآمدکیا گیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق ضلع کے ارناس سیکٹر میں پولیس نے ایک نوجوان محمد رفیق ولد محمد قاسم ،عمر 23 سال ساکنہ ٹھورو پٹیان کی نعش کو اسکی رہائش پر ایک رسی کے ساتھ لٹکتی ہوئی پائی ہے۔پولیس نے نعش کو اپنے قبضہ میں لیکر اسکو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا ،جسکے بعد نعش لواحقین کو آخری رسومات انجام دینے کے لئے سونپی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
کٹرہ میں ایک یاتری کی موت
زاہد ملک
ریاسی //کٹرہ میں ایک یاتری کے موت کی اطلاع ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایک یاتری بابو رام ولد رام لعل ،عمر تقریباً52سال ، ساکنہ کنجوانی ،جموں بھون میں نہانے کے گھاٹ پر اونچائی سے نیچے گر گیا ۔ اُسے فوری طور سے بھون کی ڈسپنسری میں معا لجہ کے لئے منتقل کیا گیا ۔ اُسکی تشویش ناک حالت کو دیکھ کر اُسے سی ایچ سی کٹرہ منتقل کیا گیا ،جہاں سے اُسے نرائین ا ہسپتال ککریال منتقل کیا گیا ،جہاں وہ دوران علاج انتقال کر گیا ۔
بلاک کانگریس کمیٹی گندو کا اجلاس
رفیع چوہدری
گندو/ / بلاک کانگریس کمیٹی گندو کی ایک میٹنگ زیر صدارت تحصیل صدر اُوم پرکاش پریہار منعقد ہوئی جس میں پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی۔ کارکنان نے مختلف بنیادی مسائل میٹنگ میں اُبھارے،جن میں راشن کی قلت،بجلی کی کٹوتی ،گیس کی قلت،گندو اہسپتال میں ڈاکٹروں کی قلت،درجنوں سڑکوں کا تعمیری کا م بند کے علاوہ مختلف بنیادی مسائل اُبھارے ۔میٹنگ کے دوارن مقامی لیڈارن نے ایک ریزولیشن انتظامیہ گندو کو پیش کیا جس میں یہ تمام مطالبات تحریری طور پیش کئے گئے اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان تمام مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جائے ، اور تنبیہ کیا گیا کہ اگر ان مطالبات کو حل نہیں کیا گیا تو 16جولائی کو کانگریس کمیٹی انتظامیہ کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کرے گی، جس کے لئے انتظامیہ ذ مہ وار ہو گی ۔
کچلو کا اظہار تاسف
کشتواڑ// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سجاد احمد کچلو نے غلام قادر حجام ساکن کشتواڑ کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ مرحوم نیشنل کانفرنس کے ایک بہت سینئر لیڈر تھے جو مرحوم بشیر احمد کچلو کے ایک ساتھی تھے۔ اُنہوں نے ساری زندگی پارٹی و عوام کو وقف کی ، انہوں نے کہا کہ حجام کی موت سے پارٹی کے ساتھ ساتھ کشتواڑ کے عوام کو بھی ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔ کچلو نے اُسے ایک نیک سیرت شخص قرار دیا۔ کچلو نے جہاںاُن کو موت پر گہر ے دُکھ کا اظہار کیا وہیں غم زدہ کنبہ کے ساتھ بھی ہمدری کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور غم زدہ کنبہ کو یہ صدمہ بردشت کرنے کی توفیق دے ۔
را م بن کے عوام کی گورنر انتظامیہ سے
مشکلات حل کرنے کی اپیل
ایم ایم پرویز
رام بن //ضلع رام بن کے عوام نے گو رنر انتظامیہ سے اس پہاڑی اور پسماندہ ضلع کے مشکلات کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے ، جووقت کی حکومتوں کی وجہ سے کسمپرسی کی حالت میں زندگی گُذارنے پر مجبور ہوئے ہیں۔انہوںنے گورنر اور انکے صلاح کاروں کی ٹیم سے اس پہاڑی اور پسماندہ خطہ کے عوام کے ساتھ انصاف کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا ہے کہ وقت کے لیڈروں اور نمائندوں نے ضلع کے حقیقی مسائل جن میں بیروز گاری، تعلیم ،صحت کے مسائل حل کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ انکا الزام ہے کہ یہ لیڈران نے جان بوجھ کر مختلف فرقوں کے درمیان تفرق پیدا کر رہے ہیں، تاکہ یہ لوگ متحد نہ ہو پائیںاور ان لیڈروں کو جواب دہ نہ بنائیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ضلع کے نوجوان خصوصاً تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان بیروزگاری مسائل سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں تعلیمی اداروں کی کمی،ہیلتھ سنٹروں کی ناقص کارکردگی اور سڑکوں کی خستہ حالی اور ناقص بجلی سپلائی سے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے شکایت کی ہے کہ سابق سرکاروں نے ضلع کے عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے کوئی قدم نہیں اُٹھایا ہے اور گورنر انتظامیہ سے ضلع کے عوام کے مشکلات کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
پروفیسر ہاشمی کی اُزبیکستان میں عزت افزائی
ڈوڈہ //کلسٹر یونیورسٹی جموں کے کنٹرولر امتحانات اور سابق پرنسپل جی ڈی سی ڈوڈہ اور گورنمنٹ پی جی کالج بھدرواہ پروفیسر ظہیر عباس ہاشمی کو شعبہ تعلیم میں گران قدر خدمات انجام دینے کے لئے اقتصادی اور سماجی ترقی کی ایشیا ء پیسیفک اچئیورز سمٹ نے 8جولائی2018کو تاشقند اُزبیکستان میںعزت افزائی کی گئی۔یہ ایوارڈ انڈیا تاشقند،اُزبیکستا ن ایمبیسی کے ایمبیسڈر مس سپرا گھوش نے پیش کیا۔سی ای او اور گونر تاشقند خطہ ، اُزبیکستان ادولت ناسی روواآئی این ایچ اے یونیورسٹی آف تاشقند اُزبیکستان کے وائس چانسلر اول ووسکگ چھو و اور دیگر عہدہ داراں اس موقعہ پر موجود تھے۔بین الاقوامی سطح پر انکی عزت افزائی کرنا باعث فخر ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ انکی قیادت اورنگرانی میں گورنمنٹ پی جی کالج بھدرواہ اور گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ اکیڈمک اور ترقی میںبلندیوں تک پہنچے تھے۔ انہوں نے گورنمنٹ پی جی کالج بھدرواہ اور گورنمنٹ ڈگری کالج ڈوڈہ میں ایوالویشن سنٹر کھولا تھا ،جو کہ ان دونوں اداروں کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا مرکز تھا اور اب کلسٹر یونیورسٹی آف جموں کے کنٹرولر امتحانات کے طور پر وہ قابل ستائش کام انجام دے رہے ہیں۔
رفیق الحسن نے بطور ڈی آئی جی، ڈی کے آر رینج کاعہدہ سنبھالا
ڈوڈہ //رفیق الحسن ، آئی پی ایس نے بطور ڈی آئی جی، ڈوڈہ، کشتواڑ ،رام بن رینج کا عہدہ سنبھالا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے رینج پی ایچ کئیو بٹوت میں اپنے عملہ کے ساتھ ایک تعارفی نشست کا انعقاد کیا۔رینج پولیس ہیڈ کوارٹر بٹوت کے تمام عملے نے ڈ ی آئی جی کا خیر مقدم کیا۔تعارفی نشست کے بعد ڈی آئی جی نے رینج پی ایچ کئیو بٹوت عملہ کو ہدایات جاری کیں اور انہیں باقاعدگی اور نظم و ضبط کا کلچر یقینی بنانے پر زور دیا ۔انہوں نے پولیس کے کام و کاج خصوصاً تحقیقاتی معاملات میں پیشہ وارانہ پالیسیوں کو اپنانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کیسوں کی تحقیقات میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ڈی آئی جی نے این ڈی پی ایس معاملات کو پیشہ وارانہ طریقہ سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے پولیس۔ عوام اجلاس منعقد کرنے پر زور دیا ،تاکہ پولیس اور عوام کے رشتوں کو مستحکم کیا جا سکے اور عام لوگوں کا پولیس پر اعتماد ہو ۔انہوں نے سماج کے کمزور طبقہ کے حقوق کا تحفُظ کرنے پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ا ہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نےCCTNS پروجیکٹ پر زور دیا ،جو کہ قومی سطح کا ایک پروجیکٹ ہے،جو زمینی سطح پر ایک کمپیوٹر ٹیکنالوجی ہیجس میں ایف آئی آر درج کرنے،معاملات کی تحقیقات ،چالانپیش کرنے، روزنامچہ وغیرہ کی دیکھ ریکھ کرنا شامل ہے۔ پروگرام کے اختتام پر ڈی آئی جی نے اپنا پیغام آگے لیجانے کیلئے عام لوگوں اور سماج کا تعااون طلب کیا۔