کارحادثے میں چارافرا د زخمی
درہال//درہال میں ایک کارحادثے کاشکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔کار زیر نمبرJK11B-1508مرمت علی موڑ سے سڑک سے لڑھک کر نیچے جاگری جس کے نتیجہ میں چار افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیاگیا۔زخمیوں کی شناخت محمد شوکت ولد محمد اسلم، سائرہ کوثر زوجہ محمد اسلم ، دوسالہ عالیہ خاتون دختر محمد شوکت اور تین سالہ عادل ولد محمد شوکت کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شر وع کردی ہے۔
گاڑی سے ٹکر سے مزدور شدید زخمی
پونچھ//پونچھ کے ننگالی علاقے میں ایک تیز رفتار گاڑی نے راہ چلتے مزدور پیشہ شخص کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہواہے ۔یہ حادثہ صبح ساڑھے نو بجے پیش آیا جب ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبرJK12A 2078نے مزدور پیشہ شخص لیاقت حسین ولد طالب حسین ساکن ننگالی پونچھ کو ٹکر ماردی ۔لیاقت حسین ننگالی سڑک پر چل رہاتھا جس دوران اسے گاڑی نے ٹکر ماردی۔وہیں حادثے کے فوری بعد زخمی مزدور کو مقامی ہسپتال لایاگیاجہاں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اسے مزید علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیاگیاہے ۔اس سلسلے میں پولیس نے کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔
سائیں میراں بخش ؒ کا سالانہ3روزہ عرس
ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں میٹنگ، انتظامات کا جائزہ لیا گیا
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے سائیں میراں بخش صاحب زیارت گونتریاں کے 34ویں سالانہ عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس سلسلے میں ضلع افسران اور عرس کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں نو اگست سے شروع ہوکر گیارہ اگست کو مکمل ہورہے سالانہ تین روزہ عرس کے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا۔اس موقعہ پر اس بات کی ہدایت دی گئی کہ عرس کے دوران بغیر کٹوتی کے بجلی سپلائی کی جائے اور پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے طبی خدمات ، فائر سروس اقدامات ، ٹرانسپورٹ سہولیات ، صفائی ستھرائی کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے پولیس و ٹریفک پولیس افسران کو ہدایت دی کہ وہ سیکورٹی کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری لائیں تاکہ زائرین کو کسی بھی طرح کی مشکلات کاسامنانہ کرناپڑے ۔انہوں نے اے آر ٹی او پونچھ کو ہدایت دی کہ وہ گاڑیوں کا انتظام رکھیں اوراس بات کو یقینی بنایاجائے کہ گاڑیوں کی کمی کے باعث ائور لوڈنگ نہ ہونے پائے ۔میٹنگ میں اے ڈی سی ڈاکٹربشارت حسین ، ایس ایس پی راجیو پانڈے ، سی ایم او ممتاز بھٹی ، تحصیلدار حویلی ، اے آر ٹی او ، اے ای ایز و دیگر افسران بھی موجو دتھے ۔
شاہدرہ شریف ہندو مسلم اتحاد کی علامت :وبودھ
راجوری//بھاجپا کے سینئر لیڈر و ممبرقانون ساز کونسل وبودھ گپتا نے معروف مذہبی و سیاحتی مقام شاہدرہ شریف کو ہندو مسلم اتحاد کی علامت قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ ہر مہینے ایک لاکھ کے قریب لوگ اس مقام پر حاضری دیتے ہیں ۔ یہاں جاری بیان کے مطابق زیارت بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وبودھ گپتا نے کہاکہ شاہدرہ شریف سے اپر شاہدرہ سڑک کیلئے سی آر ایف کے تحت دس کروڑ روپے کا پروجیکٹ منظور ہواہے ۔اس موقعہ پر انہوں نے مقامی لوگوں پرزور دیاکہ وہ وزیر اعظم کی من کی بات کے ساتھ جڑے رہیں اور حکومت کی طرف سے شروع کی گئی سکیمو ں سے فائدہ اٹھائیں ۔ان کے ہمراہ غنی شال ، زاہد احمد ، محمد یوسف، قاضی رفیق ، محمد رشید ، محمد قاصد ، نسرین اختر ، نسیم بیگم، نگینہ کوثر ، منیرہ بیگم، شمیم اختر وغیرہ بھی تھیں۔
پردیپ شرما کا دورہ ٔلورن
حسین محتشم
پونچھ//رکن قانون ساز کونسل پردیپ شر نے دیگر پارٹی لیڈران کے ہمراہ تحصیل منڈی کے لورن کے مختلف علاقہ جات کا دورہ کیا ۔اس دوران انہوں نے اجلاس منعقد کر کے لوگوں کے مطالبات اور مشکلات سنے اور ان کو حل کرنے کی یقین دہانی کی۔اس دورے کے دوران پردیپ شرما نے کہا کہ ان کی پارٹی عوام کو ایک اچھا ماحول فراہم کرنا چاہتی ہے اور یہاں ترقیاتی کاموں کیلئے سنجیدہ ہے ۔ا س دوران گائوں کھڑپا، سِب، بیلا بالا اور سراں کے کچھ افراد نے بھاجپا میں شمولیت کا دعویٰ کیاگیاہے ۔
ڈی ایف او کی سبکدوشی کی مناسبت سے تقریب
بختیارحسین
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے ہاڑی علاقے سے تعلق رکھنے والے محمد حسین ڈی ایف او سوشل فارسٹری افسر پونچھ عہدے سے سبکدوش ہورہے ہیں ۔وہ چالیس سال محکمہ جنگلات میں خدمات انجام دینے کے بعد اکتیس جولائی کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ ان کے اعزاز میں سیول سوسائٹی سرنکوٹ کی طرف سے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔اس موقعہ پر ان کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے مقررین نے ایک ایماندار اور غریب پرور افسر قرار دیا۔انہوںنے موصوف کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر نذیر حسین قریشی ، سید افتخار حسین شاہ ،ماسٹر شجاعت حسین شاہ ، یاسین خواجہ ، ماسٹر یار محمد خان ، ڈاکٹر افتخار جعفری ، محمد اعظم چوہدری ، کفیل احمد ، مقصود حسین شاہ ، امتیاز حسین شاہ ، طارق منہاس ، ماسٹر رزاق کالس ، ماسٹر کرم حسین شاہ وغیرہ بھی موجو دتھے ۔
زیڈ ای او منجاکوٹ کے اعزاز میں تقریب
پرویز خان
منجاکوٹ//زونل ایجوکیشن افسر منجاکوٹ کے اعز از میں ڈاک بنگلہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔موصوف اکتیس جولائی کو ملازمت سے سبکدوش ہورہے ہیں۔اس تقریب میں اساتذہ اور معززین کے علاوہ ڈی پی او راجوری چوہدری گلزار ،زیڈ ای او پی منجاکوٹ چوہدری لعل حسین ، منظور خان ، محمد شریف خان وغیرہ بھی موجو دتھے۔اس موقعہ پر ڈی پی او راجوری نے زیڈ ای او منجاکوٹ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے نہایت ہی ایمانداری اور دیانتداری سے فرائض انجام دیئے ۔انہوں نے کہاکہ ایسے افسر بہت کم ملتے ہیں ۔دیگر مقررین نے بھی زونل ایجوکیشن افسر کی تعریفیں کیں ۔
کارکنان افواہو ں پر دھیان نہ دیں:تانترے
حسین محتشم
پونچھ// ایم ایل اے پونچھ شاہ محمد تانترے نے پی ڈی پی کے دیگرلیڈران کے ہمراہ گائوں بانڈی چچیاں اور نوناں بانڈی کا تفصیلی دورہ کیاجہاں انہوں نے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس دورے کے دورہ مقامی لوگوں کے مختلف وفود ان سے ملاقی ہوئے اور موصوف کو اپنے مسائل سے روشناس کروایا۔ موصوف نے اس دوران گائوں میں چل رہے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کہ کہ تعمیراتی کام معیاری طرز پرکریں۔ انہوں نے مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ افواہوں پر بالکل توجہ نہ دیں اور پی ڈی پی کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے کارکنان غلط افواہیں اڑا کر لوگوں کو پریشان کرنا چاہتے ہیں اس لئے انہیں ان کی باتوں پر بالکل توجہ نہیں دینی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے تمام مسائل کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔ موصوف نے محلہ کھیت اور ڈنہ کے متوفین کے لواحقین کے گھروں میں بھی حاضری دیکر ان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومین کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کی ۔اس دوران بشیر احمد خاکی ، ممتاز احمد راجہ، چوہدری غلام دین ، محمد اقبال بالی، چوہدری جلال دین ، چوہدری صدردین اور محمد اقبال سلفی ان کے ہمراہ تھے ۔
پونچھ میں نیشنل کانفرنس کی میٹنگ
سابق حکومت پر پالی ٹیکنیک کالج کاکام شروع نہ کرانیکا الزام
پونچھ //گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج پونچھ میں کام شروع نہ کرنے کا الزام پی ڈی پی ۔ بھاجپا لیڈران پر عائد کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی یوتھ صدر اعجاز جان نے کہاکہ عمر عبداللہ حکومت نے پونچھ کیلئے سات کروڑ روپے کے پروجیکٹ کو منظوری د ی جس پر سابق حکومت نے کام شروع بھی نہیں کیا ۔پونچھ میںکارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا لیڈران کو اس کا جواب دیناچاہئے کہ اس پروجیکٹ پر کام کیوں شروع نہیںہواجو پونچھ کیلئے اہمیت کا حامل ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ سابق حکومت کی پالیسیاں نوجوان کش ثابت ہوئیں اور وہ اب گورنر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پروجیکٹ پر کام شروع کروایاجائے ۔جان نے کہاکہ اسی طرح سے جموں یونیورسٹی کے پونچھ کیمپس کو بھی تعطل کاشکار بنایاگیا۔یہاں جاری بیان میں دعویٰ کیاہے کہ اس دوران یوتھ لیڈر راجیو شرما نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔میٹنگ میں سید خورشید شاہ ، رشید شاہپور، نشو شرما، شفیق بابا، سکھوندر سنگھ ، سرجن سنگھ ، راجو ٹھاکر ، طارق ملک ، گگن نوین وغیرہ بھی موجود تھے ۔
تھنہ منڈی میں نیشنل کانفرنس کا ا جلاس
سابق مخلوط حکومت نے عوام کو ترقی کے نام پر گمراہ کیا:پارٹی لیڈران
طارق شال
تھنہ منڈی// ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں نیشنل کانفرنس کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پر پارٹی کے ضلع صدرشفاعت احمد خان،سابق ایم ایل اے اسلم خان ، بلاک صدر مشتاق احمد شال ، سابق پرنسپل ڈاکٹر بشیر ماگرے اور اقلیتی سیل کے ضلع صدر سردار نرمان سنگھ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے زرعی اصلا حات کے تحت کا شتکاروں کو مالکانہ حقوق فراہم کر کے جینے کی راہ دکھائی جبکہ دیگر جماعتوں خاص طور پر پی ڈی پی اور بھاجپا نے ترقی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ تین سال میں پی ڈی پی نے فرقہ پرست جماعت کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے حکومت بنائی اور ریاست میں ترقی کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا شیرازہ بکھر گیاہے جبکہ بھاجپا نے زبردستی اقتدار چھین کر اپنی ساکھ بچالی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دفعہ 370 اور 35 اے کے دفاع کے ڈھول پیٹ کر ریاست کی عوام کی آنکھوں میں دھول جھو نکنے والوں سے سب واقف ہیں اور وہ اب مزید دھوکہ نہیں دے سکتے۔انہوں نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کروانے سے قبل اس کیلئے ماحول سازگار بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اس انتخابات کیلئے پوری طرح سے تیار ہے لیکن اس سے قبل ماحول سازگار بنناچاہئے ۔انہوں نے مقامی کارکنان پر زور دیاکہ وہ پارٹی کی پالیسیوں کو گھر گھر پہنچائیں اور اسے انتخابات کیلئے مضبوط کیاجائے ۔ اس دوران کچھ کارکنان نے پارٹی میں شمولیت بھی کی جن کا استقبال کیاگیا۔شامل ہونے والوں میں قیوم ٹھکر، ندیم نجار،شہریار گنائی،ہارون خورشید، اعجاز خان، وسیم خان، طارق مرزا، منیر حسین، محمد صادق، طارق مغل اور محمد سلیم قابل ذکر ہیں۔اس موقعہ پر حاجی ثناء اللہ بٹ ، بشیر مرزا،منیر مرزا،شمیم احمد مغل ، حاجی محمد مقبول رینہ ، حاکم دین ، رفیق مغل ،عبدالحمید ڈار، بشیر کیپٹن وغیرہ بھی موجو دتھے۔