۔23 مویشی بازیاب: 3 سمگلر گرفتار
رام بن // رام بن کے چندر کوٹ کو مقام پر دو الگ الگ ٹرکوں سے23مویشیوں کو بازیات کرکے تینوں سمگلروں کو گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق رام بن پولیس نے مویشیوں کی سمگلنگ کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ایس ایس پی انیتا شرما کی ہدایات پر مختلف مقامات پر ناکے لگائے ۔پولیس نے ایسا ہی ایک ناکہ چندرکوٹ میں جے پی گیٹ کے نزدیک لگایا جبکہ دوسرا ناکہ مہر برج پر بالترتیب ایس ایچ او انسپکٹر وجے کوتوال ااور ایس ایچ او چندر کوٹ انسپکٹر عابد شاہ کی قیادت میں زیر نگرانی ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر رام بن اصغر ملک اور ایڈیشنل ایس پی سنجے پریہار کی نگرانی میں لگا ئے گئے۔گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ایک ٹرک زیر نمبر JK 02 BP/6685 کو چندر کوٹ کے مقام پر روکا گیا اور تلاشی کے بعدٹرک میں مویشی لدے ہوئے پائے گئے۔ اسی طرح سے ایک ٹاٹا موبائیل زیر رجسٹریشن نمبر .JK02CD/6143 کو مہر برج کے پاس روکا اور اس میں بھی مویشی پائے گئے۔اس طرح سے پولیس نے دونوں گاڑیوں میں سے کل ملا کر 23مویشی بازیاب کئے،جن کو غیر قانونی طور سے وادی کشمیر لیجا یا جا رہا تھا۔پولیس نے دونوں گاڑیوں کو ضبط کرکے تین افراد ، محمد کالو ولد محمد بشیر ساکنہ میراں صاحب جموں، بشیر احمد ولد چراغ دین ساکنہ میراں صاحب جموں اور سعید علی ولد کالو ساکنہ باغ باہو جموں کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں زیر ایف آئی آر نمبرات 117/2018 & 43/2018معاملات درج کئے ہیں اور متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔
ریاسی میں48سالہ ، شہری کی خود کشی
زاہد ملک
ریاسی //ریاسی سے ایک شخض کے خود کشی کی اطلاع ہے۔ پولیس بیان کے مطابق رتن سنگھ ولد امر سنگھ ساکنہ رنسو ،تحصیل پونی ضلع ریاسی عمر تقریباً48 سال نے و کھوڑی علاقہ کے نزدیک ایک پہاڑی پر چڑھ کر چھلانگ لگا کر خود کشی کی ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
طالب حسین کو حراستی اذیتیں
جے کے آر سی ای اے چناب ویلی کی مذمت
ڈوڈہ //جے کے آر سی ای اے چناب ویلی کے صدر جوگیندر سنگھ رائی نے کٹھوعہ عصمت ریزی واقعہ کے ایک اہم گواہ کو دوران حراست اذیتیں دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ایک پریس بیان میں انہوں نے پولیس پر الزام لگایا ہے کہ سانبہ پولیس نے اے ٹی سی سی چیئر مین طالب حسین کو ایک جعلی کیس میں ملوث کیا ہے اور پولیس پر طالب حسین کو تھرڈ ڈگری ٹارچر کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس حراست میں انکی زندگی کو خطرہ ہے۔ایک پریس بیان میں جوگیندر سنگھ نے کہا کہ سانبہ پولیس اسٹیشن میں اسکی زندگی کو خطرہ ہے کیونکہ اُس نے کٹھوعہ کمسن عصمت ریزی اور قتل معاملہ کو بے نقاب کرنے میں ایک اہم رول نبھایا ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ دوران حراست طلاب حسین کو اذیتیں دینے کے ساتھ ساتھ طبی خدمات بھی مہیا نہیں کی جا تی ہیں۔انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کے گورنر کو طالب حسین کی زندگی بچانے کی اپیل کی ہے ا ور اس معاملہ کو سانبہ سے منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔
کے ڈی اے پر کشتواڑ میں سیاحت کو
فروغ نہ دینے کا الزام
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//پبلک ائیوئیر نیس فرنٹ کے صدر شاکر صدیقی نے کہا ہے کہ کشتواڑ میں سیاحت کی کافی گنجائش ہے لیکن سرکار کی عدم توجہی کی وجہ کشتواڑ میں سیاحتی شعبہ روزبروز ابتر ہوتاجا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں سی ای او کی اسامی نومبر2017 سے خالی پڑی ہوئی ہے اور انچارج سی ای او سیاحتی مقام جیسے کہ چھاترو کا دورہ کرنے کی فرصت نہیں ملتی ہے ،جہاں پر تالاب عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تالاب کی سائٹ بہت ہی خوبصورت ہے لیکن ٹائیلٹوں ،کیٹرنگ اور رہائش کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے درخواست کی ہے کہ انچارج سی ای او کے ڈی اے فنڈز کی دستیابی کے باوجود اس خطہ کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رہا ہے، جس کے وجوہات کا حکام کو بخوبی علم ہے، انہوں نے شکایت کی ہے کہ انچارج سی ای او نے بہت سی کاموں کو روک کے رکھا ہے جسکی تازہ مثال پوچھال کی پارک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں متعدد سیاحتی مقامات جیسے کہ پاڈر، مڑواہ، واڑ ون ، بمل ناگ،کام سٹر، ڈیدیمڈار، الوفورم ،مغل میدان وغیرہ ہیں، جس کو کھوجنے کے لئے ایک ٹھوس پالیسی کی ضرورت ہے۔انہوں نے گورنر سے کشتواڑ کے لئے سی ای او تعینات کرنے کی اپیل کی ہے، تاکہ ضلع میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو۔
خصوصی دفعات کیساتھ چھیڑچھاڑبرداشت نہیں کریں گے
سروڑی کی سیاسی جماعتوں سے دفعات کے تحفظ کیلئے متحدہونے کی اپیل
چھاترو//؍جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدرورکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے دہرایاکہ دفعہ370 اور دفعہ 35 اے کیساتھ کسی قسم کی چھیڑچھاڑکسی بھی صورت میں برداشت نہ کی جائیگی،سروڑی نے خبردارکیاکہ اس کے کیخلاف وہ ملک گیرایجی ٹیشن چھیڑیں گے۔چنگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سروڑی نے کہاکہ 35اے آئین کابنیادی ڈھانچہ ہے جوریاستی قانون سازیہ کی خواہشات کے عین مطابق آئین ہند میں شامل کی گئی دفعات ہیں۔اب یہ حتمی ہیں ان کیساتھ کوئی چھیڑچھاڑنہیں کرسکتا۔اُنہوں نے کہاکہ دفعہ370اور35Aکوہٹانے کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا۔سروڑی نے کہاکہ قوانین میں جب جب ضروری پڑی ترامیم ہوئیں اورکسی نے کوئی اعتراض نہیں کیالیکن جب سے بھاجپااقتدارمیں آئی ہے یہ اپنے سیاسی مفادات کیلئے عوامی اُمنگوں اورریاست کی وحدت کیساتھ کھلواڑکرنے پرآمادہ ہے جسے کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا۔سروڑی نے کہاکہ جموں وکشمیردیگرریاستوں کی طرح نہیں بلکہ اس نے1954میں اپنی اسمبلی بنائی اورریاستی آئین ہندوستانی منتخب اسمبلی نے نہیں بنایابلکہ ریاستی اسمبلی نے اپناآئین بنایا وہ رائے شماری تھی۔سروڑی نے کہا کہ یہ ریاست جموں وکشمیرکی چنی ہوئی اسمبلی تھی جس نے آئین ہندکی کچھ شکیں اپنے آئین میں شامل کیں۔سروڑی نے کہاہم آئین ہندکے تحت نہیں رہ رہے ہیں،بلکہ ریاستی اسمبلی کی جانب سے بنائے گئے آئین کے ماتحت ہیں۔سروڑی نے تمام سیاسی جماعتوں سے سیاسی اختلافات درکنارکرتے ہوئے دفعہ35اے کے تحفظ کیلئے متحدہونے کی اپیل کی ہے۔کھواراہ علاقے میں سروڑی سینئرکانگریس لیڈر وسابق سرپنچ چنگام بی پنچایت روشن لال کے گھرگئے اوران کے والد پرس رام کے انتقال پرغمزدہ کنبے کیساتھ تعزیت کااِظہارکیا۔سروڑی نے پرس رام مرحوم کی خدمات کویاد کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ ان کی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کرسکتی، وہ ایسی شخصیت تھیں جنہوں نے اپنی پوری عمرغریبوں کی فلاح وبہبود اور بھائی چارے کے استحکام کیلئے کام کیا۔سروڑی نے کھواراہ ، پارنا، پاہلگوار، شنگم، چنگام، چھاترو علاقوں کادورہ کیا۔چھاتروبلاک کے سینئرکانگریس ذمہ داران کیساتھ ایک میٹنگ کی۔ڈاک بنگلوچھاترومیں منعقد ہونے والی اس میٹنگ میں پی سی سی رکن الطاف حسین ملک، صدر بی سی سی چھاترو غلام قادر شیخ، سینئر کانگریس لیڈران سنتوش کمار، اخترحسین بھٹ، حاجی غلام محمد کوہلی، محمد امین، ایاز ملک، بشیر احمد ودیگران بھی اس موقع پرموجودتھے۔سروڑی نے ان کیساتھ اپنی گفت وشنیدکے دوران پارٹی کے تنظیمی امورزیربحث لائے اور لیڈران کے صلاح مشوروں کوبغور سنا۔بعدازاں سروڑی کی رہائش گاہ پرایک سادہ مگرپروقار تقریب منعقدہوئی جس میں قریب دودرجن سیاسی کارکنان نے کانگریس میں شمولیت اختیارکی۔اُنہوں نے کہاکہ دورہ افتادہ علاقہ جات نے ہمیشہ کانگریس کے نظریے کولبیک کہااورہمیشہ کانگریس کیساتھ شانہ بشانہ رہے ۔اُنہوں نے کہاکہ کانگریس ریاست کے تینوں خطوں کی پسندیدہ اور واحد آواز ہے جوعوام میں انتہائی مقبول ترین ہے۔اُنہوں نے نئے کارکنان کی کانگریس میں آمدکوخوش آئندقرار دیتے ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ کانگریس کی عوام دوست پالیسیوں وپروگراموں کی گھرگھرتشہیرکریں تاکہ فرقہ پرست اور موقع پرست سیاستدان سادہ لوح لوگوں کوبیوقوف بنانے کاموقع نہ پائیں۔
ریاسی میںپیشہ وارانہ تربیتی کورس کا اہتمام
ریاسی //فوج کی جانب سے ضلع کے بارکھ میں نیشنل سکل ڈیولپمنٹ سنٹرکے اشتراک سے الیکٹرکل ایپلائینس مرمت کیلئے ایک پیشہ وارانہ تربیتی کورس کا اہتمام کیا گیا ۔ضلع کے دور افتادہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے15جوانوں نے تربیتی کورس میں شرکت کی ۔تربیتی کورس کے دوران تھیوری کلاسوں کے علاوہ پریکٹکل تربیت پر زور دیا گیا۔ کورس منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں میں صلاحیت ہنر کو فروغ دینا تھا ،تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔تربیت پانے والے نوجوانوں نے فوج کی جانب سے تربیتی کورس منعقد کرنے پر فوج کی کافی ستائش کی۔مقامی لوگوں نے بھی فوج کی کاوشوں کی سراہنا کی۔
دھرماڑی حادثہ میں4زخمی
زاہد ملک
ریاسی // ریاسی میں اُس وقت 4 افراد زخمی ہوئے جب انکی ماروتی کار زیر نمبر JK 02L 8350 جو کہ دھرماڑی سے مہور کی طرف جارہی تھی کہ ارناس سیکٹر میں سونچل گلی کے مقام پر سڑک سے لُڑھک کر 500فٹ گہری کھائی میں جا گری،جسکی وجہ سے کار میں سوار چار وں مسافر زخمی ہوئے ۔زخمیوں کی پہچان توفیل ولد شٹہ ، رشید بانو دختر محمد اشرف، میر حسین ولد غلام حسین ،خالق حسین ولد شٹہ ساکناں لنچہ تحصیل ٹھورو ضلع ریاسی کے بطور کی گئی ہے۔تمام زخمیوں کو دھرم کوٹ پی ایچ سی منتقل کیا گیا ہے،جہاں پر زخمیوں کا محالجہ ہو رہا ہے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کا ایم ا ٓر ویکسین مہم کی تیاریوں کا جائزہ
ڈوڈہ //ضلع ترقیاتی کمشنر سمرن دیپ سنگھ کی قیادت میں منعقدہ ضلع سطح کی ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں میزلز روبیلا(MR) ویکسین مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ،جو کہ ماہ ستمبر2018میں منعقد ہو رہی ہے۔چیف میڈیکل افسر ،چیف ایجوکیشن افسر،سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے پرنسپلوں ،این جی او ورکروں اور دیگر افسراں بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اجلاس میںبتایا گیا کہ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں 09 مہینوں سے لیکر 15سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ایم آر ویکسین کی واحد خوراک دی جائے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر،جو کہ ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس کے چیئر مین بھی ہیں،نے تمام لائین محکموں ،تعلیمی اداروں کے علاوہ دیگر سٹیک ہولڈروں سے اس مہم میں اپنا تعاون دینے کو کہا ہے،تاکہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہو جائے۔انہوں نے ڈی ایل ٹی ایف سے زیادہ تعداد والے سکولوں کے سلسلہ میں اپنے ٹیموں اور دنوں میں توسیع کرنے کو کہا ۔انہوں نے سی ای او سے ویکسین کے دنوں میں سکولوں میں طلاب کی 100 فیصدی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت دی،تاکہ کوئی بھی بچہ ویکسین کے بغیر نہ رہے۔انہوں نے آئی سی ڈی ایس محکمہ کو آنگن واڑی مراکز میں بچوں کی فہرست ہیلتھ ورکروں کو مہیا کرنے کی ہدایت دی اور یہ بات یقینی بنائیں کہ کوئی بھی بچہ بغیر ویکسین کے نہ رہ جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ مہم کے متعلق مختلف سطحوں پر تربیت فراہم کی گئی ہے اور زونل سطح پر مائیکرو پلاننگ بھی آخری مرحلہ میں ہے۔ڈی سی نے بلاک ہیڈ کوارٹر پر فی سکول کے دو اہلکاروں کو تربیت فراہم کرنے کے لئے نامزد کرنے کی سی ای او کو ہدایت دی۔ انہوں نے پروگرام کے متعلق جانکاری پیدا کرنے کیلئے جامع میڈیا مہم چلانے پر بھی زور دیا ۔
ایس ایس پی ڈوڈہ کے حق میں الوداعی تقریب
ڈوڈہ //ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کو ا ن کے تبادلے پر چناب سٹیزنز فورم ،پولیس و سول افسروں اور معزز شہریوں کی جانب سے ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقعہ پر نئے ایس ایس پی شبیر ملک کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا گیا۔اس موقعہ پر چناب سٹیزنز فورم کے صدر محبوب ٹاک نے کہا کہ تبدیل ہوئے ایس ایس پی ایک دیانتدار پولیس افسر ہیں،جن کے18مہینوں کے دورکو کافی وقت تک یاد کیا جائے گا،کیونکہ منشیات کے خلاف پالیسیاں کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں،جس کی وجہ سے ضلع میں منشیات کا گراف بہت کم ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اُنکے ضلع کے عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔الوداعی تقریب میں ضلع کے سینئر پولیس افسراں کے علاوہ جن معزز شہریوں نے شرکت کی اُن میں آر ایچ منٹو، طارق شیخ، ڈاکٹر بشارت، بی اے بٹ، رشید شیخ، حلام حسن پانپوری،ماسٹر گیان چند، عطا محمد و دیگران بھی شامل تھے۔
ہائرسکینڈری سکول گول کی پہلی میگزین ــوادیٔ گول‘‘ کی رسم رونمائی
زاہد بشیر
گول//ضلع رام بن میں ہائر سکینڈری سکول گول واحد ایک ہائر سکینڈری سکول ہے جس نے پہلی مرتبہ سکولی میگزین شائع کی۔ ہائر سکینڈری سکول گول میں میگزین’’ وادیٔ گول‘‘ کی رونمائی پرنسپل ہائر سکینڈری سکول گول نانا جی تکو نے کی ۔ اس موقعہ پر گول کے معزز شہریوں کے علاوہ طلاب نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر ہائر سکینڈری سکول کی جانب سے اس طرح کی پہلی میگزین شائع کرنے پر لوگوںنے مسرت کا اظہار کیا اور اس طرح کی میگزین شائع کرنے پر ادارہ و سکول انتظامیہ کو مبارک باد پیش کی ۔ اس موقعہ پر جو پہلی میگزین شائع کی اس میں سکول کی تاریخ اور یہاں کی شخصیا ت اور اس سکول سے نکلے والے ہونہار طالب علموں اور شخصیات کا بھی ذکر کیا گیا ہے جنہوں نے اس سکول سے تعلیم حاصل کی اور آج ان میں ہی کچھ ایسے بھی طالب علم ہیں جو کے ا ے ایس، و دوسرے بڑے اداروں پرفائز ہیں ۔ اساتذہ و سکولی بچوں نے جو مضامین لکھے تھے ان کو بھی میگزین میں شائع کیا۔ اس موقعہ پر گول کے معزز شہریوں نے بھی اس رسم اجرائی میں حصہ لیا اور ہائر سکینڈری سکول منتظمین کو میگزین شائع کرنے پر مبارک بادپیش کی ۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن تحصیل یونٹ رام بن کی تشکیل
محمد اسلم صدر ، شکیل احمد میر نائب صدر ، مبشر احمدجنرل سیکرٹری منتخب
محمد تسکین
بانہال // پولیس ایمپلائز فیڈریشن تحصیل یونٹ رام بن کا ایک اجلاس زیر صدارت ضلع صدر شبیر احمد میر منعقد ہوا ۔ اس موقعہ پر تحصیل اکائی رام بن کی ایڈہاک باڈی تشکیل دی گئی۔ اس موقعہ پر مقررین نے ملازمین کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا جس میں ملازمین کیلئے بہتر ٹرانسپورٹ سہولیات ، رہائشی کواٹر اور وقت ہر بجٹ کا میسر رکھنا ، بقایا تنخواہوں کی باقاعدہ واگذاری ، ساتویں پے کمیشن کے تحت رہبر تعلیم اساتذہ، ایس ایس اے اور رمسا اساتذہ اور دیگر ملازمین کی باقاعدہ تنخواہوں ، ریٹائرڈ ملازمین اور دیگر سروسنگ ملازمین اور محکموں میں تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کے مدعے اٹھائے گئے اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی گورنر انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے اپیل کی ہے تاکہ ہزاروں کی تعداد میں مشکلات میں پھنسے سرکاری ملازمین کو راحت مل سکے۔ ایک بیان میں ضلع صدر شبیر میر نے کہا کہ اس نشت میں رام بن کیلئے ایڈہاک باڈی کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ اس موقعہ پر محمد اسلم ہیڈ اسسٹنٹ محکمہ ایریگیشن کو صدر ، شکیل احمد میر محکمہ جی پی ایف کو نائب صدر ، مبشر احمد جوئیراسسٹنٹ محکمہ خوراک کو جرنل سیکرٹری، یاسر عزیز بالی ولیج ورکر محکمہ دیہی ترقیات کو سیکرٹری، محمد اقبال رونیال محکمہ دیہی ترقیات کو آرگنائزر ، گوہر عزیز بالی ولیج لیول ورکر کو بپلسٹی سیکرٹری ، غلام محمد خان محکمہ فنڈز کو کیشر، جبکہ فاروق احمد ، کلدیپ سنگھ ، محمد سلیم ڈار ، دھرم سنگھ ، محمدخالد ، محمد سلیم ڈار ، رفیق احمد ، رمن جی ، ریاض احمد خان ، نقشبند خان ، ارشاد احمد میر بااتفاق رائے ممبران چنے گئے ۔ اس موقعہ پر صدر تحصیل لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن رام بن محمد اسلم نے ملازمین کے درمیان آپسی اتفاق اور اتحاد پر زور دیتے ہوئے نئی تشکیل دی گئی انجمن کے تمام اراکین اور ضلع صدر شبیر احمد میر کا شکریہ ادا کیا اور ایک دوسرے کے تعاون سے ملازمین کو درپیش مشکلات کو ابھارنے اور حل کروانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔