گوگولینڈ ہمہامہ میں تیندوے کی موجودگی سے خوف ہراس
ارشاداحمد
سرینگر//گوگولینڈ ہمہامہ کی رہائشی بستی میں سوموار کوایک تیندوے کو لوگوں نے آزادانہ طور گھومتے دیکھا جس کی وجہ سے بستی میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اس دوران مقامی لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات کو فوری طور پر اطلاع دی کہ وہ تیندوے کو پکڑنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ سرینگر کے مضافات گوگو لینڈ رہائشی کالونی جو کہ سرینگر ہوائی اڈے کے نزدیک واقع ہے،میںسوموارکو ایک تیندوا نظر آیا جس کے نتیجے میں مقامی آبادی میں خوف و دہشت پھیل گیا ۔ محکمہ جنگلی حیات کے اعلی حکام نے کہا ہے کہ محکمہ کی ٹیم علاقہ میںبھیج دی گئی ہے جو تیندوے کو پکڑنے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔
سوشل میڈیا پر خودکشیوں کے ویڈیوز
روک لگانے کے اقدامات کئے جائیں:سول سوسائٹی فورم
سرینگر//سول سوسائٹی فورم نے وادی میں نوجوانوں کی طرف سے اپنی جان خود ہی لینے کے واقعات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے صوبائی کمشنر،صوبائی پولیس سربراہ اور پولیس کی سائبرسیل سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وادی میں خودکشیوں کے واقعات سے قبل اور مابعدکے لمحات کوجذباتی/ڈرامائی اندازمیں پیش نہ کرنے کو یقینی بنائیں ۔ایک بیان میں سول سوسائٹی فورم نے کہا کہ طبی طور یہ بات پائی گئی ہے کہ ایسے ویڈیو دیکھنے سے دوسروں ،جو کسی طورمحرومی کاشکار ہیں یا ذہنی طور بیمارہیں،کواپنی جان خود ہی لینے کی ترغیب ملتی ہے۔سول سوسائٹی فورم نے عام لوگوں اوروالدین سے خاص طور سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی نگرانی کریں تاکہ کسی انہونی کو ہونے سے ٹالا جائے۔
ڈیپارٹمنٹل سٹور کیخلاف بے پر کی باتیں
کشمیرریٹیلرس ایسوسی ایشن کو تشویش
سرینگر//کشمیرریٹیلرس ایسوسی ایشن نے ایک معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے خلاف سوشل میڈیا پربے پر کی باتو ں پرتشویش کااظہار کیا ہے۔ایک بیان میں کشمیرریٹیلزس ایسوسی ایشن کے صدر فرحان کتاب ،جوآل انڈیاریٹیلزس ایسوسی ایشن کے ممبر بھی ہیں،نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ غیرمصدقہ کہانیوں کوسوشل میڈیا پر پھیلایا جارہا ہیں کہ دکان دھوکہ دہی میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ ریذیڈنسی روڈ پر ’’پک اینڈ چوز‘‘دکان پر محکمہ ناپ تول نے معمول کا معائنہ کیا جسے دکان کی اعتباریت کوزک پہنچانے کیلئے بڑھاچڑھاکر پیش کیاگیا۔
کشمیری گیلاس پہلی بار خلیج کو برآمد
سرینگر//ایک اہم پیش رفت کے تحت جموں کشمیرنے سوموار کو پہلی بارمشری گیلاس دوبئی برآمدکرناشروع کیا۔گیلاسوں کی پہلی کھیپ کو پرنسپل سیکریٹری زراعت وبہبودی کسان نوین کمار نے ورچیول طور سے ہری جھنڈی دکھا کرروانہ کیااس موقعہ پر چیئرمین(APEDA). ایگری کلچراینڈ پروسیسڈ فوڈایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی موجود تھے ۔محکمہ کے ترجمان کے مطابق بہت جلدخراب ہونے والے میوے کوجموں کشمیر سے بین الاقوامی بازار میں برآمد کرناایک دیرینہ خواب کی تعبیر ہے اور یہ APEDAکی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا جنہوں نے مشری گیلاس کی کھیپ دبئی پہنچانے کاذمہ لیا۔قابل ذکر ہے کشمیر میں پیداہونے والے گیلاس دبئی پہنچانے والی کمپنی کا تعاونAPEDAکررہا ہے۔گیلاس کی یہ کھیپ معقول برانڈنگ کے ساتھ سرینگر کے سپلائروں نے APEDAکے تعاون سے روانہ کی۔ان گیلاسوں کو شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی ،APEDA اورNRLکے تیکنیکی تعاون سے مقامی ایکسپورٹروں نے صاف کرکے پیک کیا۔
ہفتہ وار کورونا کرفیو کے بعدتجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بحال
سرینگر//ہفتہ وار کورونا کرفیو کے بعد وادی میں سوموار کو تمام تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئی اور سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹرانسپورٹ رواں دواں تھا جبکہ بازاروں میں کافی گہماگہمی تھی۔ سوموار کی صبح سے ہی شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ وادی کے دیگر اضلاع میں ایس او پیز پر عملدر آمد کے بیچ دکانیں کھل گئی جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حمل بحال ہونے کے ساتھ ہی رونق لوٹ آئی ۔وادی کے دیگرضلع صدر مقامات اور قصبوں میں بھی کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے سے بازاروں میں چہل پہل تھی۔ ادھر انتظامیہ نے اتوار کو ایک حکم جاری کیا جس میںکہا گیا کہ جموں کشمیر کے 13اضلاع جن میں جموں ، کھٹوعہ ، سانبہ ، پونچھ ، راجوری اور ادھم پورہ کے علاوہ کشمیر صوبے سے اننت ناگ، بانڈی پورہ ، بڈگام ، بارہمولہ ، گاندربل ، پلوامہ اور شوپیان شامل ہیں، میں ہفتہ وار کرفیو کا نفاذ اب نہیں رہے گا اور تمام کاروباری سرگرمیاں ہر دن صبح کے 7بجے سے شام کے 7بجے تک جاری رہیںگی۔
آبپاشی سکیم ناکارہ
بڑی باغ پلوامہ میں فصلیں خراب ہونے کا خدشہ
سرینگر//آبپاشی سکیم ناکارہ ہونے کے سبب بڑی باغ پلوامہ کے کسان پریشان ہیں۔ آبپاشی سکیم ناکارہ ہونے سے بڑی باغ علاقے میں خشک سالی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور اگر جلدی کھیتوں کی سینچائی کیلئے پانی کا انتظام نہیں کیا گیا تو دھان کی فصل خراب ہوسکتی ہے۔بڑی باغ کے کسانوں کاکہنا ہے کہ آبپاشی اسکیم ناکارہ ہونے سے دھان کی فصل کو نقصان پہنچے کا خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی دنوں سے کھیتوں کو پانی نہیں پہنچا جس کی وجہ کسان پریشان ہیں۔ کسانوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ سینچائی کیلئے انہیں پانی فراہم کیا جائے۔ ادھر محکمہ اریگیشن کے ایک جونیئر انجینئر نے کہا کہ علاقے کو پانی سپلائی کو بحال کیا گیا ہے اور مزید کام جاری ہے۔
سوپور میں انسانی ہمدردی کی مثال
مسلمانوں نے پنجاب کے ہندو نوجوان کے آخری رسوم انجام دیں
سرینگر// سوپور کے مسلمانوں نے اُس وقت پھرایک بار مذہبی رواداری اورانسانی ہمدردی کی مثال قائم کی ،جب یہاں ایک غیرریاستی ہندئو نوجوان کی موت واقع ہوئی اورمقامی مسلمانوں نے اس کے آخری رسوم کاسارا انتظام کیا ۔ قصبہ میں ایک کرایہ کے کمرے میںاپنے افراد خانہ کے ہمراہ مقیم 25سالہ ہندونوجوان پون کمار ولدپوکھن کمار ساکن فیروزپور پنجاب سوموار کی صبح فوت ہوگیا ۔مذکورہ نوجوان کے افرادخانہ نے بتایاکہ اتوار کورات دیرگئے اُس کی حالت بگڑگئی اورانہوںنے اسے سب ضلع ہسپتال منتقل کیاجہاں سوموار کوعلی الصبح وہ دم توڑ بیٹھا ۔انہوں نے کہا’’ اس بیچ جب مقامی مسلمانوںکوپون کمار کے فوت ہونے کی خبرملی تووہ ہماری ڈھارس بندھائی کیلئے پہنچے اورپون کے آخری رسوم کاساراانتظام کیا‘‘ ۔انہوں نے مزید کہا’’ہم مقامی لوگوں کے بہت مشکور ہیںجنہوں نے ہمیںغیر ریاستی یا ہندو ہونے کا احساس نہیں ہونے دیا‘‘۔
نیشنل کانفرنس کا اظہار تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈرمروہ دچھن خواجہ عبدالعزیز وانی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کی اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر جموں دیوندر سنگھ رانا، پارٹی لیڈران خالد نجیب سہروردی، سجاد احمد کچلو، جاوید رانا، اعجاز جان، سجاد شاہین ،حاجی شیخ بشیر احمد اور محبوب اقبال نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اسی دوران پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈرعبدالرحیم راتھر، رکن پارلیمان حسنین مسعودی، ترجمان عمران نبی ڈار اور ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر نے ڈائریکٹر فائنانس ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن محکمہ محمد رفیع ساکن لرو کاکہ پورہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کی۔ لیڈران نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔
ناڈورہ میں ڈمپنگ سائٹ قائم کرنے کیخلاف احتجاج
عارف بلوچ
اننت ناگ//اننت ناگ ضلع کے ناڈورہ نامی گائوں کی آبادی نے علاقہ میں ڈمپنگ سائٹ قائم کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔ناڈورہ ڈورو کے لوگوں نے اس وقت میونسپل کمیٹی ڈورو کے خلاف احتجاج کیا جب کمیٹی نے یہاں ڈپنگ سائٹ بنانے کا کام شروع کیا۔احتجاجی لوگوں کا کہنا تھا کہ گائوں سے چند میٹر کی دوری پر کمیٹی ڈمپنگ سائٹ بنانے جارہی ہے جس سے یہاں بدبو پھیلے گی جو مقامی آبادی کے لئے سوہان روح ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ڈمپنگ سائٹ سے یہاں سے گذرنے والا نالہ ساندرن آلودگی کا شکار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ڈمپنگ سائٹ بنانے کے خلاف نہیں ہے تاہم کمیٹی کو چاہئے کہ وہ اس کے لئے دوسری جگہ کا انتخاب کریں ۔صدر میونسپل کمیٹی محمد اقبال آہنگر نے کہا کہ ڈمپنگ سائٹ کے لئے جو زمین مقرر کی گئی ہے وہ سرکاری زمین ہے جو آبادی سے کافی دور ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس جگہ کی نشاندہی ایس ڈی ایم کی نگرانی میں ہوا ہے، پھر بھی اگر لوگوں کو کوئی پریشانی ہے تو اس معاملے کو دیکھا جائے گا۔
نوکری سے سبکدوشی
محکمہ اطلاعات بارہمولہ کی جانب سے الوداعی تقریب
فیاض بخاری
بارہمولہ//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بارہمولہ کے نان گزٹڈ ایمپلائز یونین نے سوموار کو اسسٹنٹ انفارمیشن افسر ہرجیت سنگھ اور پی اے ایس آپریٹر محمد یوسف بٹ کی نوکری سے سبکدوشی پر ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں ضلع انفارمیشن افسر بارہمولہ مدثر حسین کی صدارت میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع انفارمیشن سینٹر بارہمولہ کے عہدیداروں ، ریٹائر ہونے والے عہدیداروں کے افراد خانہ نے شرکت کی۔ اپنے کلیدی خطاب میں ڈی آئی او نے ریٹائر ہونے والے عہدیداروں کو مبارکباد دی اور محکمہ کی بہتری کے لئے ان کے کردار پر روشنی ڈالی اور ریٹائرمنٹ کے بعد ان ملازمین کی خوشگوار زندگی کیلئے دعا کی۔ ڈی آئی او نے یٰسین احمد کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ اس ملازم نے محکمہ اطلاعات میں اپنے کیریئر کے دوران انتہائی جوش و جذبے اور لگن کے ساتھ کام کیا۔ قبل اذیں یونین کے صدر شہزاد احمد بٹ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور سبکدوش ہونے والے عہدیداروں کی طرف سے پیش کی گئی مثالی خدمات پر روشنی ڈالی۔
بارہمولہ میں اساتذہ کی آن لائن سبجیکٹ ٹریننگ شروع
سرینگر//بارہمولہ کے ضلعی تعلیمی و تربیتی انسٹی چیوٹ سوپور نے محکمہ تعلیم میں اساتذہ پر مشتمل ٹیچنگ اسٹاف کی تجدید کاری کے لئے آن لائن نظام کو استعمال میں لاتے ہوئے 50 اساتذہ کے لئے مختلف مضامین میں ورچوئل واقفیت کی تربیت کا آغاز کیا۔ الگ الگ مضامین کے لئے روزانہ دو نشستوں میں تربیت فراہم کی جاتی ہے ۔ پیر کو سیکنڈری سطح پر پڑھائے جانے والے ایک اہم مضمون سوشل سائنس پر ماہرین نے مختلف پہلوئوں پر تربیت فراہم کی۔ چیف ایجوکیشن افسر بارہمولہ غلام محمد لون نے اپنے ورچوئل خطاب میں کہا ’’ ہمارے اساتذہ کو تاریخ ، معاشیات ، سیاسی علوم اور جغرافیہ کو بڑے پیمانے پر میڈیا ٹولز سے آراستہ کیا جانا چاہئے۔ ایک دلچسپ تعلیمی نظام کو اکتاہٹ سے آزاد کرنا چاہئے بلکہ نئے ٹولز کی مدد سے تعلیم و تدریس کے عمل کو دلچسپ بنایا جانا چاہئے‘‘۔