عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کے ایسوسی ایٹڈ ہسپتال میں ایک مریض کو مبینہ طور پر ٹرالی پر لاوارث چھوڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک جونیئر ریذیڈنٹ ڈاکٹر کو معطل کر دیا ہے۔وائرل ویڈیو میں ایک مریض کو ہسپتال احاطے کے باہر ٹرالی پر پڑا ہوا دکھایا گیا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت نے معاملے کا فوری نوٹس لیا۔حکام کے مطابق مذکورہ جونیئر ڈاکٹر، جو اس وقت ہسپتال سیکورٹی انچارج کی اضافی ذمہ داری بھی سنبھالے ہوئے تھے، کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی انتظامیہ کی جانب سے حکم دی گئی فوری اور تیز رفتار انکوائری کے نتائج تک عمل میں لائی گئی ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وائرل ویڈیو نے مریضوں کی دیکھ بھال، ہسپتال نظم و نسق اور داخلی نگرانی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں، جن کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ ضروری ہے۔واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سینئر ڈاکٹروں اور انتظامی افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں، واقعات کی ترتیب اور ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے ایک دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے۔ہسپتال انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر مزید محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ساتھ ہی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مریضوں کی عزت، تحفظ اور بروقت علاج میں کسی بھی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔