عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کل کہا کہ سکمز صورہ جموں و کشمیر کا ایک اہم طبی اِدارہ ہے جسے مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی دور اندیش قیادت میں قائم کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر موصوفہ نے یہ بات کل ایوان میں رُکن اسمبلی پیرزادہ فاروق احمد شاہ کے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ اکتوبر 2024 ء میں موجودہ حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مریضوں کے بہتر علاج کے لئے جموں و کشمیر کی مختلف صحت اِداروں میں ایل آئی این اے سی ، کیتھ لیبز اور دیگرجیسے اعلیٰ درجے کے طبی سہولیات نصب کئے گئے ہیں ۔
اُنہوں نے کہا،’’مریضوں کی نگہداشت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔‘‘اُنہوں نے اِس بات کو اُجاگر کیا کہ سکمز صورہ 1976 ء میں قائم کیا گیا تھا اور سابق ریاست جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے بعد گورننگ باڈی کی تشکیل سے متعلق کچھ انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اُنہوں نے مزیدکہا کہ سکمزبدستور ایس کے آئی ایم ایس (ڈگری ڈینے) ایکٹ 1983 کی دفعات کے مطابق ڈگریاں دینا جاری رکھے ہوئے ہے۔سکینہ اِیتو نے کہا کہ اب سکمز کا اِنجینئرنگ وِنگ پبلک ورکس (آر اینڈ بی) ڈویژن، صورہ میں ضم کیاگیا ہے، جو سکمزکے احاطے میں واقع ہے او اِس ڈویژن کے ذریعے اِس وقت سکمز کے ترقیاتی اورمینی ٹیننس کے کام کئے جا رہے ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ سکمز کے تمام جاری اور زیر اِلتوأ منصوبوں کو متعلقہ عمل آوری ایجنسی نے سنبھال لیا ہے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر آگے بڑھایا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ بیشتر منصوبے طبعی و مالی دونوں اعتبار سے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔