اننت ناگ//مرکزی وزیر مملکت صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے پرائمری ہیلتھ سینٹر مٹن اننت ناگ کا دورہ کیا تاکہ ہسپتال میں دستیاب صحت سے متعلق مختلف سہولیات کا جائزہ لیا جاسکے۔مرکزی وزیر موصوف کو پی ایچ سی میں صحت سے متعلق مختلف سکیموں کی عمل آوری کے علاوہ مریضوں کے لئے دستیاب سہولیات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر موصوف نے جی ایم سی طلاب کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔ اُن کے مطالبات سنے اور جلد از جلد ازالہ کی یقین دہانی کرائی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر بھارتی نے کہا کہ مرکزی حکومت عام لوگوں کو صحت سہولیات فراہم کرنے اور یوٹی کے نوجوانوں کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوں نے کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کی سختی سے پابندی کرنے پر زور دیا ۔ اس کے علاوہ کووِڈ مریضوں کے اِنتظام اور کامیاب ٹیکہ کاری کو یقینی بنانے میں محکمہ صحت او رکووِڈ واریریروں کے ٹیم ورک کو سراہا۔