سرینگر// مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی سرینگر آمد اور یہاں پر گڈس انڈ سروسز ٹیکس(GST ) کے نفاذ کے حوالے سے ریاستی حکومت اور محکمہ خزانہ کے ساتھ میٹنگ پر شبہات ظاہر کرتے ہوئے وادی کی تجارتی انجمن کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نے کہاہے جی ایس ٹی کے اطلاق کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا جائے گا ۔ٹریڈرس فیڈریشن کے ترجمان ہلال احمد منڈو نے کہاکہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا دورہ سرینگر اپنی جگہ لیکن اگر اس دورے کا مقصد جی ایس ٹی کا ریاست میں اطلاق ہے تو اسکی شدید مخالفت کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ریاستی وزیر خزانہ کو وادی کے تاجروں نے کئی مواقع پر اس موقف سے آگاہ کیا ہے کہ جی ایس ٹی کے اطلاق سے ریاست کا آئینی تخصص خطرے میں پڑ سکتا ہے کیونکہ ریاست کا اپنا ٹیکس ایکٹ کو ختم کرے گا ۔ہلال احمد مندو نے کہاکہ اگر ریاست میں جی ایس ٹی کے نفاذ کی کوشش کی گئی تو یہاں کے تاجر ہمہ گیر احتجاجی مہم شروع کریں گے ۔