عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// بھارت کے شیئر بازار یونین بجٹ 2026-27 کے موقع پر یکم فروری کو معمول کے مطابق لائیو ٹریڈنگ سیشن منعقد کریں گے، حالانکہ یہ دن اتوار ہوگا۔ تاریخی طور پر جب بھی بجٹ یکم فروری کو پیش کیا گیا ہے، اگر وہ دن تعطیل کا ہو تب بھی بازارِ حصص کھلے رہے ہیں۔وزیر خزانہ نرملا سیتارامن یکم فروری کو صبح 11 بجے لوک سبھا میں یونین بجٹ 2026-27 پیش کریں گی۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج نے اپنے سرکیولر میں کہا ہے کہ بجٹ کی پیشکش کے پیش نظر شیئر بازار صبح 9:15 بجے سے شام 3:30 بجے تک معمول کے اوقات میں کھلا رہے گا۔چونکہ یہ دن سیٹلمنٹ ہالی ڈے ہوگا، اس لیے 30 جنوری کو خریدے گئے شیئرز یکم فروری کو فروخت نہیں کیے جا سکیں گے۔ اسی طرح بجٹ کے دن خریدے گئے شیئرز اگلے تجارتی دن فروخت کے اہل نہیں ہوں گے۔نرملا سیتارامن مسلسل نویں مرتبہ بجٹ پیش کریں گی، جو کسی بھی وزیر خزانہ کی طویل ترین لگاتار مدتوں میں سے ایک ہے۔ یہ نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت کے تیسرے دور میں پیش کیا جانے والا دوسرا مکمل بجٹ بھی ہوگا۔ماہرین کے مطابق سرمایہ کار اس بجٹ میں خاص طور پر مالی خسارے، قرضوں کی صورتحال اور آئندہ سرکاری قرضہ جات پر توجہ دیں گے۔ تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ قرضوں میں تقریبا 3 فیصد سالانہ اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے مالی سال 2027 میں خسارہ جی ڈی پی کے 4.1سے 4.2فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔بجٹ دستاویزات کی تیاری محکمہ امورِ اقتصادیات کے ذمے ہوتی ہے، جن میں آئندہ مالی سال کے اخراجات، آمدنی اور نئی اسکیموں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔ اقتصادی سروے 2025-26 پہلے ہی 29 جنوری کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جا چکا ہے۔