سرینگر//تقریباً 2000کروڑ روپے کے اضافہ کے ساتھ مرکزی بجٹ 2026-27میں جموں وکشمیرکیلئے 43,290.29 کروڑ روپے مختص رکھے جانے پر جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں اور صنعت وحرفت ے متعلقین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کااظہارکیاگیا ہے ۔ایک میڈیا رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ فیڈریشن آف چیمبرز آف انڈسٹریز کشمیر (FCIK) کے رکن شکیل قلندر نے کہاکہ مرکزی مختص میں2000 کروڑ کا معمولی اضافہ خطے (جموں وکشمیر)کے دیرینہ ترقیاتی خلا کو پورا کرنے یا موجودہ صنعتی اکائیوں کی بحالی کے لیے ضروری محرک فراہم کرنے سے بہت کم ہے۔ایف سی آئی کے نے مزیدکہاکہMSMEs، ٹیکسٹائل، دستکاری، زرعی صنعتوں اور برآمدات میں اس کی نمایاں صلاحیت کے باوجود، جموں وکشمیر کو مسلسل ساختی چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، جو کہ طویل عرصے تک خلفشار اور، حال ہی میں2019 کی تنظیم نو اور کووڈ19 وبائی مرض کے باعث بنی ہے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کو 43,290.29 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے جو کہ 2025-26 میں مختص کیے گئے 41,000 کروڑ کے مقابلے اس مالی سال میں تقریباً 2000 کروڑ روپے کا اضافہ ہے۔
انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزجے اینڈ کے کے چیئرمین راہل سہائے نے کہاکہ خطے کے مخصوص نقطہ نظر سے، یہ صنعتوں کے لحاظ سے ہماری توقعات کے مطابق نہیں ہے، خاص طور پر اس بات پر غور کرتے ہوئے کہ جموں و کشمیر ایک تنازعہ کا علاقہ ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مجموعی طور پر، یہ ملک کیلئے ترقی پسند اور پائیدار ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ مرکزی بجٹ بے روزگاری کے مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہا۔حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور وزیر ستیش شرما نے مرکزی مختص میں اضافے کو ’مونگ پھلی‘ قرار دیا۔ستیش شرما نے کہاکہ پہلگام حملے اور معیشت پر اس کے اثرات کے تناظر میں، ہم 5000 کروڑ روپے کے مرکزی پیکیج کی توقع کر رہے تھے۔اپوزیشن جماعت پی ڈی پی کے رہنما فردوس ٹاک نے کہا کہ بجٹ مختص کرنا وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے عوام کو بتانے والے واضح تضاد میں ہے۔انہوںنے کہاکہ کل 43,290.29 کروڑ روپے میں سے تقریباً 42.650کروڑ مرکزی امداد ہے جس کا مقصد زیادہ تر یونین ٹیریٹری کے ریونیو خسارے کو پورا کرنا ہے۔ فردوس ٹاک نے کہا کہ یہ ترقی پر مبنی پیکیج نہیں ہے بلکہ انحصار کا تسلسل ہے، جہاں جموں و کشمیر کو خودکار سرمایہ کاری اور مالیاتی سرمایہ کاری کے ذریعے بااختیار بنانے کے بجائے گرانٹ کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔