سوپور//شمالی قصبہ سوپور کا بالائی علاقہ مربل زینہ گیرمیں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے لوگوں میں انتظامیہ کے تئیںسخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ علاقہ 200 کنبوں پر مشتمل ہے لیکن حکام آج تک انہیں تعمیروترقی کے ہر شعبے میںنظرانداز کیا ہے۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ دور جدید میں بھی بجلی ،پینے کے صاف پانی اور بہتر سڑک رابطے کے لئے لوگ پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ علاقے کا واحد سڑک رابطہ ابتر ہے اور آج تک اس سڑک کو آمد ورفت کے قابل نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقہ میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے کیونکہ بوسیدہ بجلی کھمبوں اور ترسیلی لائینوں کی وجہ سے وہ اکثروبیشتر بجلی سپلائی سے محروم رہتے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی دہائیوں سے علاقے کا بجلی نظام درست نہیں کیا گیا اور آج بھی ترسیلی لائنیں درختو ں سے لٹکائی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ اسی طرح سے علاقے میں پینے کے پانی کی قلت بھی پائی جارہی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں پانی کے حصول کے لئے دو کلومیٹر پیدل یا گھوڑوں پر طے کرنے پڑتے ہیںاور یہ منظر قدیم زمانے کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آج تک اس علاقہ کی طرف کسی بھی سرکار نے توجہ نہیں دی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران سیاسی نمائندے ووٹ حاصل کرنے کے لئے علاقے کا رخ کرتے ہیں اور یہاں کے لوگوں کوترقی کے نام پردل بہلاتے ہیںلیکن الیکشن ختم ہونے کے بعدکبھی بھی وہ وعدے وفا نہیں ہوئے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ مربل کی طرف توجہ مرکوز کر کے لوگو ں کے مسائل حل کریں۔