پونچھ//پونچھ پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب دو نقب زنوں کو گرفتار کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔آلٹو کار زیر نمبرJK02N-4161کی چوری کے واقعہ پر شبیر حسین ولد منظور حسین ساکن درہ دلیاں کی شکایت پردرج مقدمہ زیر نمبر 8/2018 زیر دفعہ 379 آر پی سی ،ماروتی کار زیر نمبر JK01C-0432کی چوری پر محمد اعجاز ولد خادم حسین ساکن شکر نگر پونچھ کی شکایت پر مقدمہ زیر نمبر 11/2018 زیر دفعہ 379آر پی سی ،موٹر سائیکل زیر نمبر JK13-6919 کی چوری پر الطاف حسین ولد محمد حسین ساکن درہ دلیاں کی شکایت پردرج ہوئے مقدمہ زیر نمبر 12/2018 زیردفعہ 379آر پی سی ،ایچ پی لیپ ٹاپ کی چوری پر پولیس تھانہ گورسائی میں درج مقدمہ زیر نمبر 06/2018 زیر دفعہ 379آر پی سی اور ایک ٹاٹا سومو چوری کرنے کے واقعہ پر درج کیس کو حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے پولیس نے 8لاکھ 65ہزار روپے کاسامان برآمد کرنے کادعویٰ کیاہے ۔ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے کی سربراہی میں اے ایس پی انوارلحق، ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر پونچھ شاہد نعیم، ڈی وائی ایس پی اوپریشن ڈاکٹر سلیم بٹ اور ایس ایچ او پونچھ سوم راج نے دو ملزمان محمد رفیع ولد محمد اعظم اور عادل لطیف ولد فضل حسین ساکنان کلائی تحصیل حویلی کو گرفتار کرکے ان سے مزید پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔اس کارروائی کو پولیس ایک کامیابی کے طور پربیان کررہی ہے ۔