تھنہ منڈی // ممبر اسمبلی راجوری ایڈووکیٹ قمر حسین چوہدری نے محکمہ پی ایچ ای کی کارگردگی پر مایوسی کا اظہار کیاہے ۔ انہوںنے کہا کہ وہ محکمہ پی ایچ ای کی کارگردگی پر نا خوش ہیں۔ان کاکہناہے کہ سرکار نے 25 لاکھ روپے کی پائپ مختلف علاقوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے روانہ کی ہیں جو مالی سال گزر جانے کے باوجود زمین پر نہیں بچھائی گئیں۔ انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کے اہلکاروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان پائپوں کو فوری طور پر بچھا یا جائے نہیں تو اس بارے میں شکایت اعلیٰ حکام سے کی جائے گی ۔گزشتہ روز انہوںنے تھنہ منڈی کے دور دراز علاقوں الال، نیلی، پٹیلی، کھنیال کوٹ اور ڈھوک کا دورہ کیا۔اس د وران جامع مسجد الال کے قریب ممبر اسمبلی راجوری کو ایک وفد ملاجس میں حاجی نثاراحمد،حاجی عبدالحمید،حاجی عبدالعزیز، محمد شکور خان،عبدالغفور خان وغیرہ شامل تھے ۔وفد کے ارکان نے ممبراسمبلی سے شکایت کی کہ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے محلہ چوپان کو پینے کا پانی دستیاب نہ ہے جبکہ لاکھوں روپے کی پائیپں فراہم کی گئی ہیں۔انہوںنے بتایاکہ محلہ لوہاراں کھنیال کوٹ اور پنچایت ڈھوک کے محلہ کھوڑی والی اور برمی والی میں زمانہ قدیم سے پائپیں لگی ہوئی ہیں جو اب بوسیدہ ہوچکی ہیں ۔ علاوہ ازیں پنگائی کا ایک وفد سابق سرپنچ جنگباز کی سربراہی میں ممبراسمبلی سے ملاقی ہواجس نے شکایت کی کہ محکمہ کے اہلکار عوامی مسائل حل کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ممبر اسمبلی نے تمام وفود کو یقین دلایاکہ وہ ان کے مسائل حل کروائیںگے ۔انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار لوگوں کے مسائل حل کررہی ہے اور راجوری میں بھی تعمیروترقی کے کام ہورہے ہیں ۔ان کے ہمراہ پی ڈی پی کے زونل صدر محمد اقبال شاہ، مختار چوہدری، حاجی منشی ،چوہدری وزیر حسین، فضل حسین،چوہدری نور حسین وغیرہ بھی تھے ۔