سرینگر //محکمہ موسمیات نے 21 مارچ سے موسم میں پھر سے تبدیلی آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ڈائریکٹر موسمیات سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 21مارچ سے 24مارچ کی شام تک وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی و درمیانہ درجے کی بارشیں ہوسکتی ہیںاور 25 مارچ کی شام سے موسم میں تبدیلی آئے گی ۔انہوں نے کہا 20اور 21 مارچ کی درمیانی رات مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہوں گی ۔ 22اور23مارچ کو وادی کے شمال وجنوب میں اچھی خاصی بارش ہو سکتی ہے جبکہ 24مارچ کو کہیں کہیں درمیانہ سے ہلکی بارش ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہو نے کا امکان ہے۔ کرگل میں درمیانے درجے کی برفباری جبکہ لیہہ میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ 23سے 24 مارچ کے دوران ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے۔کسانوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ باغوں اور فصلوں پر 20 مارچ تک یا 25 مارچ کے بعد جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کرے۔