گلمرگ//ڈائریکٹوریٹ آف ٹوراِزم کشمیر نے آج برفباری اور موسم کے صاف ہونے کے بعد گلمرگ میں لڑکوں کے دوسرے گروپ کے تعارفی سکی کورس کا آغاز کیا۔جموں و کشمیر کے مختلف اَضلاع سے20 نوجوان لڑکوں کا دوسرا گروپ گلمرگ میں 7 روزہ تعارفی سکی کورس کرے گا ۔اِس دوران اِس گروپ کو سکیئنگ کی بنیادی باتوں سے متعارف کرایا جائے گا۔ محکمہ سیاحت کے ذریعہ تمام رہائش اور بورڈنگ اور سکی کا سامان مفت فراہم کیا جارہا ہے۔ سکی اِنسٹرکٹروں کی چار رُکنی ٹیم ان سیکھنے والوں کوسکیئنگ کی تربیت دے رہی ہے۔ڈائریکٹوریٹ ٹوراِزم کشمیر نے رواں سیزن میں زیادہ سے زیادہ 6 گروپوں کو سکیئنگ کی تربیت دینے کے لئے ہفتہ وار کیلنڈر تیار کیا ہے۔ اِن 6 گروہوں میںدو خصوصی طور پر جموں و کشمیر کے باہر کے نوجوانوں کے لئے ہیں جن میں ایک لڑکیوں کا گروپ بھی شامل ہے۔ لڑکیوں کا ایک اور خصوصی گروپ یوٹی سے ہوگا۔بیس لڑکوںپر مشتمل پہلے گروپ نے اَپنا تعارفی سکی کورس 31 ؍دسمبر 2020 ء کو مکمل کیا۔ کورس کے سر ٹیفکیٹ حاصل کرنے والے لڑکوں نے بے حد خوشی کا اِظہار کیا اور اس کے لئے محکمہ سیاحت کا شکریہ اَدا کیا ہے ۔تعارفی سکی تربیت کے دوران چھ گروپوں میں سے ہر ایک میں تربیت یافتہ اَفراد کا انتخاب اور ان کی سرپرستی ڈائریکٹوریٹ ٹوراِزم کشمیر برائے انٹرمیڈیٹ اور ایڈوانس سطح کے کورسوں کے ذریعہ کریں گے۔محکمہ سیاحت کے علاوہ امور نوجوان و کھیل کود محکمہ کے ذریعہ سینکڑوں لڑکے اور لڑکیوں کو سکی کی بنیادی تربیت دی جارہی ہے۔ ہندوستانی اِنسٹی چیوٹ آف سکیئنگ اینڈ مائونٹین نیرنگ نے گلمرگ میں مختلف سکی تربیتی کورسوں کا آغاز بھی کیا ہے۔