عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ خزانہ نے انتظامی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے اکاؤنٹس اور ٹریژریز شعبے میں بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کئے ہیں۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق مجموعی طور پر 117 اکاؤنٹس آفیسرز اور ٹریڑری آفیسرز کے تبادلے اور نئی تعیناتیاں فوری طور پر عمل میں لائی گئی ہیں۔محکمہ کی جانب سے جاری احکامات میں کئی اہم افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ نریندر سنگھ کو محکمہ سیریکلچر سے تبدیل کرکے ڈائریکٹوریٹ آف ایکالوجی، انوائرمنٹ اینڈ ریموٹ سینسنگ میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ انہیں سوشل فارسٹری محکمہ کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔ مکیش شرما کو آئی جی پی زون ہیڈکوارٹر جموں سے تبدیل کرکے محکمہ ہاسپیٹیلٹی اینڈ پروٹوکول میں اکاؤنٹس آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح مہک گپتا کو کمشنر ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول آرگنائزیشن میں مستقل اکاؤنٹس آفیسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ وکرم جیوتی کو سندربنی ٹریڑری سے اسٹیٹ ہیلتھ ایجنسی میں تعینات کیا گیا۔ نصیر احمد راتھر کو محکمہ روزگار میں تعینات کیا گیا ہے اور انہیں مشن یوتھ اور مشن یووا کی اضافی ذمہ داری بھی دی گئی ہے۔محکمہ تعلیم، صحت، پولیس، پاور ڈیولپمنٹ، میونسپل کونسلوں اور دیگر کئی سرکاری اداروں میں بھی وسیع پیمانے پر تبادلے کیے گئے ہیں۔ مسعود احمد متو کو انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ پرتھپال کور کو ریلیف کمشنر مائیگرنٹس جموں کے دفتر میں تعیناتی دی گئی ہے۔کئی اضلاع میں ٹریژری آفیسرز کے تبادلے بھی عمل میں لائے گئے ہیں۔ فیاض احمد سنگو کو ناربل ٹریژری، غلام محمد میر کو شادی مرگ ٹریژری، محمد اقبال کالو کو لار گاندربل جبکہ سوم راج بھردواج کو سندربنی ٹریژری میں تعینات کیا گیا ہے۔حکومت نے متعدد افسروں کو اضافی چارج بھی تفویض کیے ہیں تاکہ مختلف دفاتر میں انتظامی کام متاثر نہ ہوں۔ ان میں محکمہ دیہی ترقی، محکمہ سیاحت، محکمہ پراسیکیوشن، بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن بورڈ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اہم ادارے شامل ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق اس بڑے پیمانے کی ردوبدل کا مقصد مختلف سرکاری دفاتر میں انتظامی کارکردگی کو بہتر بنانا، خالی آسامیوں کو پْر کرنا اور مالیاتی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانا ہے۔