جموں//جموں کشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیوسنگھ نے حکومت پر محکمہ جنگلات میں کتھاانڈسٹریز کے سکینڈل کی تحقیقات میں سست روی اختیارکرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ تحقیقاتی ایجنسی سکینڈل کی پردہ پوشی کررہی ہے۔ہرش دیوسنگھ یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیاافرادسے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات میں کروڑروپے کاسکینڈل سامنے آیاتھاجس میں غیرریاستی لوگوں کوصنعتی یونٹ قائم کرنے کیلئے لائسنس جاری کیے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے سکینڈل کی تحقیقات کیلئے ایک حکمنامہ جاری کرکے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی اورسی سی ایف سنٹرل کوتحقیقاتی کمیٹی کاسربراہ بنایاگیاتھا اوریہ کہاگیاتھاکہ کمیٹی ایک ماہ کے اندررپورٹ پیش کرے گی لیکن ابھی تک رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔انہوں نے کہاکہ سکینڈل کے سلسلے میں محکمہ پولیس نے معاملہ درج کیاتھااور اس سکینڈل میں ملوث تین صنعتی یونٹوں پرچھاپے مارکرانہیں سیل بھی کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ کچھ مفادخصوصی رکھنے والے سرکاری افرادنے خیراگانے والے کسانوں کااستحصال کیااورانہیں اب تک معاوضہ نہیں دیاگیاہے۔ہرش دیوسنگھ نے مانگ کی کہ کتھاسکینڈل میں ملوث افرادکیخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ اس دوران پریس کانفرنس میں گگن پرتاپ سنگھ ریاستی سیکریٹری نیشنل پنتھرس پارٹی ،پرشوتم پریہارریاستی سیکریٹری پنتھرس ٹریڈیونین بھی موجودتھے۔