عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہاں سول سیکرٹریٹ کی تقریب میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے کنٹیجینٹ پیڈ ورکرز (سی پی ڈبلیو)کو ریگولرائزیشن کے احکامات سونپے۔اس موقع پر سکولی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو موجود تھیں۔اس پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا، سپیشل سیکریٹری سکول ایجوکیشن غلام رسول میر، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی اور متعلقہ محکمے کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے انفرادی طور پر گاندربل اور بانڈی پورہ اضلاع کے سی پی ڈبلیوز کو ریگولرائزیشن کے احکامات سونپے اور ان کی مستقبل میں خدمات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملازمین محکمہ سکول ایجوکیشن کو مضبوط بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے خلوص، عزم اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔استفادہ کنندگان نے وزیر اعلیٰ اور حکومت کا ان کے طویل عرصے سے زیر التوا مسئلہ کو حل کرنے اور انہیں ریگولرائزیشن کے احکامات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔