سرینگر//جموں کشمیر میں23اکتوبر سے ہفتہ نمایاں میلہ کی تقریبات منائی جائیں گی،جس دوران گلمرگ،پہلگام،جھیل ڈل، نشاط ،شالیمار ، چشمہ شاہی،باغ بہو،سرنسر،مانسر،پٹنی ٹاپ،رنجیت اور ساگر ڈیم سمیت مشہور و معروف سیاحتی مقامات و یونیورسٹیوں میں ثقافتی،تفریحی،علمی اور ادبی سرگرمیوں کے علاوہ صوفیانہ موسیقی کے تار بھی چھیڑ دئیے جائیں گے۔ سرکار نے15سنیئر افسراں کو ان سرگرمیوں اور تقریبات کیلئے محکمہ سیاحت کی خدمات میں دیا ہے۔ سرکار کا کہنا ہے کہ ان تقریبات کی ذمہ د اری سرینگر اور جموں میں مختلف محکموں کو تفویض کی گئی ہے جبکہ جموں اور کشمیر،دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنروں کو متعلقہ صوبوں میں محکموں کے ساتھ رابطے میں رہنے کیلئے کہا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق متعلقہ محکمے شیڈول کے مطابق اپنے محکموں سے متعلق تقریبات منانے کے حوالے سے ضروری انتظامات کریں گے اور ان کے لیے نوڈل افسران کو بھی نامزد کریں گے۔ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور ان کے جموں کے ہم منصب اپنے متعلقہ صوبوں میں محکمانہ نوڈل آفیسرز کے طور پر کام کریں گے جبکہ ٹورزم ڈیولپمنٹ اتھارٹیز کے متعلقہ چیف ایگزیکٹو آفیسر اپنے متعلقہ ڈیولپمنٹ اتھارٹیز میں نوڈل آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔ سرکار کی جانب سے اس سلسلے میں جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ مزید یہ کہ ان سرگرمیوں پر اخراجات کو متعلقہ محکمہ دستیاب رقومات کی مد میں تمام ضوابط مکمل کرکے خرچ کرینگے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پہلے روز ایس کے آئی سی سی میں کلچرل اکادمی کی جانب سے صوفی تبادلہ خیال،صوفی گیلری اور آغاز نشاط کے پروگرام ہوںگے جبکہ اسی روز شام کو شہرہ آفاق جھیل ڈل میں محکمہ سیاحت کی جانب سے ہاوس بوٹوں کی شاندار تاریخ سمیت دیگر پروگرام ہوںگے۔اس موقعہ پر ہاوس بوٹوں،شکاروں،نگین و جھیل ڈل کے علاوہ دریائے جہلم کے کناروں کو قمقموں سے سجایا جائے گا جبکہ قومی سطح کی خاص شخصیات بھی موجود رہیں گی۔24 اکتوبر کو محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں صوفی بزرگوں بالخصوص علمدار کشمیر،لل دید وغیر کی تعلیمات پر ورکشاپ ہوںگے جبکہ خواتین کالجوں میں صوفی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے اور صوفی بزرگوں کی زیارت گاہوں پر حاضری دی جائے گی۔ اسی روز شام کو جموں کشمیر سیاحت کی جانب سے باٹنیکل گارڈن میں آغا ز نشاط، خواتین گلوکاروں کی جانب سے کشمیری صوفیانہ کلام، حافظ نغمہ،چھکری کے علاوہ دہلی گھرانہ کی جانب سے کلام خسرو کے علاوہ دیگر پروگرام بھی ہوںگے۔ تیسرے روز25اکتوبر کو صبح ایس کے آئی سی سی میں مشن یوتھ جموں کشمیر کی جانب سے پنل تبادلہ خیال جبکہ شام کو قومی شخصیات او رنوجوان گروپوں کی جانب سے ثقافتی شام کا اہتمام کیا گیا ہے۔26اکتوبر کو صبح پہلگام کلب میں محکمہ ہینڈی کرافٹس اور جموں کشمیر ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے کشمیری دست کاری ،پہلگام کی مقامی پیدوار،تصاویر ،مصوری اور خطاطی کی نمائش ہوگی۔اسی روز شام کو پہلگام گالف کورس میں مشن یوتھ کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں بالی ووڈ شخصیات اور مشن یوتھ کی جانب سے مقابلوں میں فاتح گلوکاروں کی جانب سے پروگرام پیش کئے جائیںگے۔27 اکتوبر کو محکمہ اعلیٰ تعلیم،کلچرل اکادمی اور ضلع انتظامیہ بارہمولہ کی جانب سے گلمرگ میں علمی و ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے،جبکہ شام کو محکمہ سیاحت کی جانب سے وادی کے معروف سیاحتی مقامات پر تصاویر اور ثقافت کی نمائش کے علاوہ زبرون میں سائیکل مقابلے اور نشاط و شالیمار باغات میں پروگرام ہوںگے۔ پروگرام کے چھٹے روز شیر گڑھی سرینگر میں مصوری اور خطاطی کی نمائش ہوگی جبکہ شام کو چشمہ شاہی میں پروگرام ہوگا۔ میلے کے آخری روز ٹائیگور ہال میں محکمہ سیاحت اور کلچرل اکادمی و مشن یوتھ،جموں کشمیر سمارٹ سٹی،سرینگر میونسپل کارپوریشن اور لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پروگرام ہوگا جبکہ شام کو جھیل ڈل میں لیزر شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔جموں میں بھی مختلف محکموں کی جانب سے ہی اسی طرح کے ثقافتی،ادبی،تفریحی اور تعلیمی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے۔