سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگرنے کہا ہے کہ جموںوکشمیر کے عوام اس وقت گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ یہاں کی نوجوان نسل انتہائی مایوسی اور بد دلی کے بھنور میں ہے۔ مسلسل بے چینی اور غیر یقینیت نے نوجوانوں کو پشت بہ دیوار کردیاہے ، بھرتی عمل پر مسلسل بریک لگائے جانے سے ہزاروں کی تعداد میں یہاں کے نوجوان عمر کی حد کو پار کرگئے ہیں جبکہ یہاں کا پرائیویٹ سیکٹر دم توڑ رہا ہے، اس صورتحال سے نئی نسل کو اپنا مستقبل مخدوش نظر آرہا ہے۔ ایک بیان کے مطابق پارٹی عہدیداروں ،کارکنوں اور مختلف علاقوں سے آئے وفود سے خطاب کرتے ہوئے ساگر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نے پہلے سے ہی مشکلات سے دوچار جموں وکشمیر کے عوام پر زبردست منفی اثرات مرتب کئے ہیں ، یہاں کے بیشتر طبقوں کی اقتصادی حالت انتہائی خستہ ہوگئی ہے اور ایسے میں ایک جامع منصوبے کی اشد ضرورت ہے جو زمینی سطح پر حقیقی معنوں میں لوگوں کی راحت کا سبب بنے۔جنرل سکریٹری نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ اس مشکل دور میںعوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مشکلات کا ازالہ اور ہرحال میں مدد کیلئے پیش پیش رہیں، جو ہماری پارٹی کا اولین منشور رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا لائحہ عمل عوام کی خدمت کرنا ہے اور ہمیں ہر حال میں اس لائحہ عمل میں چلنا ہوگا۔