ماڈرن ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کٹھوعہ ہنوزتشنہ تکمیل ۔3سال سے زیر تعمیر، ڈیڈ لائن میں مزید 9ماہ کا اضافہ

پرویز احمد

سرینگر// ماڈرن ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کٹھوعہ پچھلے 3سال سے زیر تعمیر ہے۔ 33کروڑ91لاکھ روپے کی لاگت سے لکھن پور میں تعمیر ہونے اسٹیٹ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو مکمل کرنے کیلئے حکومت نے جون 2022کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی لیکن اب ڈیڈ لائن میں مزید9ماہ کا اضاافہ کیا گیا ہے اور اُمید ہے کہ لیبارٹری مارچ 2023تک مکمل ہوجائے گی۔ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر جموں سرندر تکو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ کٹھوعہ میں تعمیر ہونے والی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری جدید خطوط پر تعمیر کی جارہی ہے اور اس لیبارٹری کے شروع ہونے سے جموں و کشمیر میں سالانہ ادویات کی ٹیسٹنگ صلاحیت 9ہزار تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سرینگر میں 2ہزار اور جموں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میں سالانہ 2000نمونوں کی جانچ ہوتی ہے لیکن ماڈرن ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی صلاحیت 5000ہزار ہوگی ۔

 

انہوں نے کہا کہ مارڈرن ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کو جدید خطوط پر بنوایا گیا ہے اور اس کی تعمیر کا کام امبالا کی ایک کمپنی کو سونپا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کی وجہ سے پچھلے تین سال لیبارٹری کی تعمیر کا کام بند ہوگیا تھا لیکن اب کام پھر سے شروع ہوا ہے اور اُمید ہے کہ نئی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا کام مارچ 2023تک مکمل ہوجائے گی۔ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نے بتایا کہ لیبارٹری کی تعمیر مکمل ہونے کے فورابعد کام شروع نہیں کرسکتی کیونکہ جدید مشینری کی تنصیب میں کم سے کم 6ماہ کا وقفہ لگ جائے گا۔ سریندر تکو نے بتایا کہ لیبارٹری میں بازارمیں دستیاب سبھی ادویات کی ٹیسٹنگ کی جاسکے گی ۔ سریندر تکو نے کہا کہ پوری دنیا میں بننے والی ادویات میں سے صرف 1فیصد ادویات کی ٹیسٹنگ ممکن ہوپارہی ہے اور یہ صورتحال ہر ملک میں ایک جیسی ہے کیونکہ کسی بھی ملک میں بننے والی دوائی کے ہر batchکو ٹیسٹ نہیں کیا جاسکتا ہے لیکن جموں و کشمیر میں ادویات کی ٹیسٹنگ کیلئے کافی سہولیات دستیاب ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بیرون ریاستوں سے جموں و کشمیر آنے والے لاکھوں ادویات بغیر کسی ٹیسٹنگ کے داخل ہورہی ہیں اور بازار میں غیر معیاری ادویات کی بہتات ہوگئی ہے اور ہر سال محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ کنٹرول آرگنازیشن سینکڑوں ادویات کو غیر معیاری قرار دیتا ہے۔