عظمیٰ نیوز سروس
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ موجودہ مالی سال میں مرکزی زیر انتظام علاقے میں بجلی کے نرخوں میں کوئی عمومی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے یہ اعلان صبح اور شام کے اوقات میں بجلی کی کھپت پر اضافی 20 فیصد چارج کے خدشات کے درمیان کیا۔وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’2025-26کے لئے، پورے جموں و کشمیر میں بجلی کے نرخوں میں کوئی عمومی اضافہ نہیں ہوا ہے اور دن کے وقت (ٹی او ڈی)ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے،”۔انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کو سستی رکھ کر عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دے رہی ہے۔جموں و کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ نے جوائنٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن کو عرضی دی تھی، جس میں صبح اور شام کے اوقات میں صارفین پر موجودہ 20 فیصد سرچارج میں اضافہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔