قاہرہ//مصر کی فضائیہ نے لیبیا میں مشتبہ جنگجوئوںکے کیمپوں پر حملہ کیا جہاں مصر کے مسیحیوں پر گزشتہ روز کے مہلک حملے کے لئے ذمہ دار جنگجوئوںنے تربیت لی تھی۔ گزشتہ روز ہی مصر کے صدر عبد الفتح السیسی نے کہا تھا کہ انہوں نے جنگجوئوںکے کیمپوں کو ختم کرنے کے لیے حملے کا حکم دیا ہے ۔ ایک ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بیان میں انھوں نے کہا کہ جو بھی ملک دہشت گردی کو اسپانسر کرتے ہیں ، انہیں سزا دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ مصر کی فضائیہ نے چھ حملے مشرقی لیبیا کے دیرنا میں کئے ۔فوج نے بتایا کہ یہ مہم ابھی جاری ہے اور یہ حملہ اس بات کی تصدیق ہونے کے بعد کیا گیا ہے کہ مسیحی برادری پر حملہ کرنے والے جنگجوئوںنے یہیں تربیت لی تھی۔ واضح رہے کہ مصر کے وسطی علاقہ منیا میں کل بسوں اور ٹرکوں سے چرچ جاتے وقت نامعلوم مسلح حملہ آوروں کی فائرنگ میں قبطی عیسائی کمیونٹی کے 28 افراد کی موت ہو گئی تھی اور 25 دیگر زخمی ہو گئے تھے ۔ اس حملے کی ابھی تک کسی نے بھی ذمہ داری نہیں لی ہے ۔رائٹر