عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں ناکامی میں ملوث 6 افرادمیں سے 4 کوگرفتار کیا گیا اور 2کیلئے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔یہ سبھی پارلیمنٹ کی حفاظت میں ناکامی کی سازش میں ملوث تھے۔ ادھر پارلیمنٹ کی سیکورٹی میں کوتاہی کے بعد، لوک سبھا سکریٹری جنرل نے سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے اور یہ فیصلہ لیا ہے کہ مہمانوں کی گیلری کے لئے کوئی پاس جاری نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سیکورٹی کی خلاف ورزی کے واقعہ پر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی، اور انہوں نے سیکورٹی سے متعلق خدشات کو اٹھانے والے اپوزیشن لیڈروں سے اتفاق کیا، اور یقین دلایا کہ سیکورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس دوراندہلی پولیس نے بدھ کے روز کہاکہ، 6 افراد، جن میں سے پانچ کی شناخت کی گئی ہے، قومی دارالحکومت کے باہر سے آئے تھے اور گروگرام، ہریانہ میں ایک رہائش گاہ پر ٹھہرے تھے۔بدھ کی سہ پہر کو پارلیمنٹ میں زیرو آور کے دوران سیکورٹی کی ایک بہت بڑی چوک ہوئی جب 2افراد، جودونوں کنستر اٹھائے ، پہلے رنگ کا پھوار چھوڑتے تھے، وزیٹرس گیلری سے لوک سبھا کے چیمبر میں چھلانگ لگا کر داخل ہوئے۔اسی طرح، ایک اور واقعے میں، دو مظاہرین نیلم (42) اور امول (25) نے اسی طرح کے گیس کنستروں کے ساتھ پارلیمنٹ کے باہر احتجاج کیا اورتانا شاہی نہیں چلے گی کے نعرے لگائے۔ تاہم بعد میں چاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔دہلی پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ چاروں افراد اور ایک نامعلوم پانچواں شخص قومی دارالحکومت کے باہر سے آئے تھے اور گروگرام میں ایک شخص کے گھر ٹھہرے تھے۔انہوں نے مزید کہا”باقی دو کو پکڑنے کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے” ۔ دہلی پولیس کے حکام نے کہا کہ نیلم اور امول، جنہیں ٹرانسپورٹ بھون کے سامنے پارلیمنٹ کے باہر سے حراست میں لیا گیا تھا، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ان کے پاس موبائل فون یا کوئی اور شناختی ثبوت نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں نے کسی بھی تنظیم سے تعلق رکھنے سے انکار کیا ہے۔اس سے پہلے دن میں، انٹیلی جنس بیورو کے سینئر حکام نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا دورہ کیا، جہاں سیکورٹی کی بڑی خلاف ورزی ہوئی تھی۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بدھ کو مختلف سیاسی جماعتوں کے فلور لیڈروں کی میٹنگ بلائی تاکہ پارلیمنٹ کی سیکورٹی کی خلاف ورزی کے واقعہ پر تمام جماعتوں کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔اجلاس شام 4 بجے طلب کیا گیا ۔سپیکر نے کہا کہ ایوان میں سکیورٹی لیپس کے حوالے سے مکمل تحقیقات جاری ہے۔”وقفہ صفر کے دوران پیش آنے والے اس واقعہ کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔ دہلی پولیس کو ضروری ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ان دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے ساتھ موجود سامان بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے باہر موجود دو لوگوں کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے”۔پارلیمنٹ کے دہشت گردانہ حملے کی 22 ویں برسی کے موقع پر، اس وقت سیکورٹی کی ایک بڑی خلاف ورزی ہوئی جب وقفہ صفر کے دوران وزیٹر گیلری سے دو افراد لوک سبھا کے چیمبر میں داخل ہوئے۔انہوں نے کنستروں سے پیلی گیس چھوڑی اور نعرے لگائے۔ویژول میں ایک نامعلوم شخص کو لوک سبھا کی وزیٹر گیلری سے چھلانگ لگاتے ہوئے دکھایا گیا جس کے بعد ہلکی سی ہنگامہ آرائی ہوئی۔ ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔اس کے ساتھ ہی ایک خاتون سمیت دو افراد نے پارلیمنٹ کے احاطے کے باہر رنگین گیس کا چھڑکا کیا اور نعرے بازی کی۔