عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// دہلی کی ایک عدالت نے پیر کو مبینہ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے مشتبہ ہینڈلر شبیر احمد لون کو پانچ دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وجے شری راٹھور نے سٹی پولیس کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے پوچھ گچھ کی درخواست پر اسے پانچ دن کی تحویل میں دیا۔لون کو ” مبینہ طور پرسخت اور اعلیٰ تربیت یافتہ دہشت گرد” قرار دیتے ہوئے دہلی پولیس نے کہا کہ اس نے مبینہ طور پر انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی جانب سے کام کرنے والے ہینڈلرز کے ساتھ روابط قائم کیے تھے۔دلی پولیس کے مطابق لون، جسے عرف راجہ کشمیری کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، سرینگر کا رہائشی ہے اور مبینہ طور پر حال ہی میں پکڑے گئے ایک ماڈیول کے ہینڈلر کے طور پر کام کر رہا تھا جو دہلی اور کولکتہ میں متعدد مقامات پر ملک مخالف پوسٹر چسپاں کرنے میں ملوث تھا۔سٹی پولیس کے مطابق سپیشل سیل کی نئی دہلی رینج کی ایک ٹیم نے شبیر احمد لون کو 29 مارچ کو غازی پور علاقے سے گرفتار کیا تھا۔ لون کو ایل ای ٹی ماڈیول کے سلسلے میں مطلوب تھا جو حال ہی میں 22 فروری کو میٹرو پوسٹر کیس میں سامنے آیا تھا۔