عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //مرکز نے پیر کو کہا کہ وہ لداخ کے معاملات پر لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ کسی بھی وقت بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مسلسل بات چیت کے مستقبل قریب میں مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔مرکزی وزارت داخلہ کا یہ بیان لیہہ اپیکس باڈی کے اعلان کے بعد آیا ہے کہ وہ تب تک مرکز کے ساتھ بات چیت سے دور رہیگی جب تک کہ حالات معمول پر نہیں آتے اور لداخ میں سازگار ماحول نہیں بن جاتا۔ لیہہ اپیکس باڈی نے کہا کہ وہ میز پر واپس آنے کے بارے میں دوبارہ غور کرے گا، “اگر طے شدہ اگلے دور مذاکرات (6 اکتوبر کو)سے پہلے درست اقدامات اٹھائے گئے”۔وزارت داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت لداخ یا اس طرح کے کسی بھی پلیٹ فارم پر ہائی پاورڈ کمیٹی کے ذریعے لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ بات چیت کا خیرمقدم کرتی رہے گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت لیہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ “کسی بھی وقت” لداخ کے معاملات پر بات چیت کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔لداخ پر ہائی پاورڈ کمیٹی کے ذریعے قائم کردہ ڈائیلاگ میکانزم نے لداخ کے درج فہرست قبائل کو تحفظات میں اضافہ، لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل میں خواتین کے تحفظات اور مقامی زبانوں کے تحفظ کی صورت میں آج تک اچھے نتائج برآمد کیے ہیں۔بیان میں کہا گیا، “حکومت میں 1800 آسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل پہلے ہی لداخ میں شروع ہو چکا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ مسلسل بات چیت سے مستقبل قریب میں مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔”