عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ نے لداخ کو آئینی تحفظات اور قانون ساز اختیارات دیے جانے کے فیصلے پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیر کی سیاسی قیادت کیلئے ایک طمانچہ ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر لداخ جیسا چھوٹا خطہ حکومتِ ہند کے خلاف جدوجہد کر کے اپنے حقوق حاصل کرسکتا ہے تو کشمیر کی قیادت کے پاس ایسا نہ کر پانے کا کوئی جواز نہیں۔روح اللہ نے کہا کہ لداخ کے عوام نے ثابت کیا ہے کہ مسلسل سیاسی جدوجہد اور مزاحمت کے ذریعے حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے شاہ ہمدانؒ کے عرس کے موقع پر کہا کہ شاہِ ہمدان کشمیر کی روحانی، ثقافتی اور سماجی شناخت کے بانی ہیں، جنہوں نے مذہب، انسانیت، اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔بی جے پی لیڈر سنیل شرما کی جانب سے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو لاپتہ قرار دینے پر روح اللہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر وہ گمشدگی کی رپورٹ درج کرانا چاہتے ہیں تو کرادیں، ہمیں بھی معلوم ہونا چاہئے کہ وہ کہاں ہیں۔