لداخ میں چین کیساتھ جمود برقرار جموں اور کشمیر میں حالات قابو میں:شمالی کمان سربراہ

 نیوز ڈیسک

جموں//شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اپیندر دویدی نے منگل کو کہا کہ لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر چین کے ساتھ جمود برقرار ہے اور مختلف سطحوں پر بات چیت جاری ہے، جب کہ جموں اور کشمیر میں حالات قابو میں ہیں، کشمیر میںدہشت گردی کے واقعات کو مکمل طور پر روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔ادھم پور میں واقع ناردرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف (جی او سی) ایک میگا ’ویٹرنز سمپارک‘ ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔لیفٹیننٹ جنرل دویدی، جنہوں نے شمالی کمان کے آرمی کمانڈر اور جموں و کشمیر رائفلز کے رجمنٹ کے کرنل کا چارج سنبھالا اور کہا”ایل اے سی پر چین کے ساتھ جمود برقرار ہے۔

 

مختلف سطحوں پر بات چیت چل رہی ہے اور ہماری تمام تشکیلات آپریشن کی تیاری کے اعلیٰ سطح پر ہیں،‘‘ ۔لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے پاکستان کے ساتھ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کے تسلسل کے بارے میں بھی بات کی لیکن کہا کہ دراندازی کی کچھ کوششیں ہوئی ہیں جنہیں بھارتی فوج نے کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا”داخلی صورتحال بڑی حد تک قابو میں ہے،ہمارا انسداد بغاوت/ انسداد دہشت گردی کا گرڈ مکمل طور پر سول انتظامیہ کے ساتھ کام کر رہا ہے اور دہشت گردی کے واقعات کو مکمل طور پر روکنے کی کوششیں جاری ہیں،‘‘۔اگنیور اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت پہلے تحریری امتحان ہوگا اور صرف تحریری امتحان پاس کرنے والوں کو جسمانی اور طبی ٹیسٹ کے لیے بلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فوج اپنے سابق فوجیوں کو کیریئر کے متبادل اختیارات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس نے آرمی ویلفیئر پلیسمنٹ آرگنائزیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف ری سیٹلمنٹ نارتھ زون قائم کیا ہے۔