نئی دہلی// انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے 260 اہلکاروں کو مشرقی لداخ میں مختلف اسپیشل آپریشنز میں ان کی ہمت اور ڈیوٹی میں لگن کے لئے اتوار کو قومی یوم اتحاد پر مرکزی وزیر داخلہ کے خصوصی آپریشنز میڈل سے نوازا ۔فورس کے جوانوں نے برفانی بلندیوں پر آپریشن 'اسنو لیپرڈ' کے ذریعے انتہائی سخت حالات میں لداخ میں سرحدوں کی حفاظت کی۔ فورس نے تمام شراکت دار تنظیموں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون کے ساتھ اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور زمینی کارروائیوں کو موثر طریقے سے انجام دیا۔ آئی ٹی بی پی ملک کی 3,488 کلومیٹر ہمالیائی سرحدوں کی حفاظت کرتا ہے۔ یہ مرکزی نیم فوجی دستہ اپنی کوہ پیمائی کی صلاحیت اور دشوار گزار حدود میں اونچائی پر تعیناتی کے لیے جانا جاتا ہے اور اس کی سرحدی چوکیاں 18,800 فٹ تک ہیں۔