کنگن /غلام نبی رینہ/ سرینگر لداخ شاہراہ پر برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے ۔گذشتہ برس ہند چین کشیدگی کے بعد سرینگر لداخ شاہراہ کو 31دسمبر تک آمدورفت کیلئے بحال رکھا گیا تھا اور دسمبر میں برف باری کے بعد زوجیلا پر برف جم جانے کے بعد سڑک پر پھسلن پیدا ہوگئی تھی اور انتظامیہ نے شاہراہ کو آمدورفت کے لئے بند کیا تھا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی کے باوجود امسال زوجیلا ٹنل تعمیر کررہی کمپنی نے گومری اور سربل میں ٹنل پر کام جاری رکھا ۔منی مرگ سے پروجیکٹ وجیک نے دس فروری سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ہے اور شیطان نالہ تک برف ہٹائی گئی ہے جبکہ باڈر روڈ آرگنائزیشن نے انڈیا گیٹ زوجیلا تک برف ہٹائی ہے۔ شاہراہ کو اب زیادہ سے زیادہ وقت تک کھلا رکھنے کے لئے کئی طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے لئے بیکن نے نئی مشینری دستیاب رکھی ہے۔