یو این آئی
پونے // لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے پیر کے روز کہا کہ لداخ اور کرگل صرف ہندستان کے سرحدی علاقے نہیں بلکہ ملک کی روح ہیں، اور ان کا ہندستان کے باقی حصوں سے رشتہ اٹوٹ اور لازوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ میں رہنے والا فرد اکیلا نہیں ہوتا بلکہ پوری قوم اس کے اندر بستی ہے۔وہ پونے میں سرحد تنظیم کے زیر اہتمام منعقدہ لداخ فیسٹیول اور کرگل گورو نیشنل ایوارڈ 2025 کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ان کے ہاتھوں کرگل گورو نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شدید سردیوں کے باوجود لداخ ہندستان سے جذباتی طور پر جڑا ہوا ہے۔ سرحدی علاقوں میں تعلیم اور کھیل کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام جاری ہیں اور سرحد جیسی تنظیموں کا کردار قابلِ قدر ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی صرف سرحدوں پر ہی نہیں بلکہ عوامی شمولیت سے بھی یقینی بنتی ہے اور کرگل جنگ کے دوران مقامی عوام کی بے لوث مدد ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مسلح افواج کا حوصلہ بلند ہوا ہے، سرحدی انفراسٹرکچر بہتر ہوا ہے اور لداخ و کرگل کو اب صرف سیکورٹی نہیں بلکہ وقار اور ترقی کے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔