عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر پولیس نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی 132 اور 213 بٹالین کی مہیلا کمپنی کے اہلکاروں کے ساتھ جمعہ کی علی الصبح شہر کے لالچوک علاقے میں ایک مشترکہ محاصرہ اور تلاشی آپریشن کیا اور سرپرائز شناختی مہم چلائی۔حکام نے بتایا کہ آپریشن میں ملک دشمن عناصر کی جانب سے رہائش کی سہولیات کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے غلط استعمال کرنے کی ممکنہ کوششوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات کے پیش نظر سیکورٹی کے بڑھے ہوئے اقدامات کے حصے کے طور پر ہوٹلوں، گیسٹ ہائوسز اور دیگر قیام گاہوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔آپریشن کے دوران، ٹیموں نے مہمانوں اور دیگر ارکان کی اسناد کی جانچ کی اور ہوٹل انتظامیہ کی طرف سے رکھے گئے ریکارڈ کی تصدیق کی۔ عہدیداروں نے کہا کہ چیکنگ ایک منظم انداز میں کی گئی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ کوئی غیر مجاز یا مشکوک عناصر محلے میں نہیں رہ رہے ہیں۔خواتین کا دستہ خاص طور پر خواتین افراد کی تلاشی اور تصدیق کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
اونتی پورہ
ادھر پولیس نے اونتی پورہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر کالعدم جیشسے منسلک ملی ٹینٹوں کے ٹھکانے کا پردہ فاش کیا اور اس میں ملوث ایک ساتھی کو گرفتار کیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ نانیر میڈورہ میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس نے 42 آر آر اور 180 بٹا لین سی آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔ تلاشی کے دوران نذیر احمد گنائی ولد عبدالعزیز گنائی، گنائی محلہ نامی نمبر دار کو گرفتار کیا گیا۔ خفیہ ٹھکانے سے، سیکورٹی فورسز نے 02 دستی بم، 01 ڈیٹونیٹر، اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔اسکے خلاف ایف آئی آر نمبر 257/2025 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔