یواین آئی
جے پور/لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان رشبھ پنت اپنی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر ہونے کی وجہ سے اپنا آپ کھو بیٹھے ۔ راجستھان رائلز کے خلاف 13 میچوں میں نویں شکست کے بعد، پوسٹ میچ پریزنٹیشن کے دوران پنت کی زبان پھسل گئی اور انہوں نے اپنی ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے نازیبا لفظ استعمال کر ڈالا۔ رشبھ پنت سے جب پنجاب کنگز کے خلاف ہونے والے اگلے میچ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ٹیم کے اعتماد پر زور دیتے ہوئے کہا”ہمیں ایک ٹیم کے طور پر فخر ہے ، چاہے ہماری موجودہ صورتحال کیسی ہی ہو۔
ہم جانتے ہیں کہ ہم جیت سکتے ہیں۔ چیزیں ہمارے حق میں نہیں رہیں لیکن یہ سچ نہیں بدلتا کہ ہم ایک (نازیبا لفظ) اچھی ٹیم ہیں۔” واضح رہے کہ آئی پی ایل 2026 میں لکھنؤ کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے بہت پہلے باہر ہو چکی ہے اور اب وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے دسویں نمبر پر ہے ۔ لکھنؤ کی سب سے بڑی کمزوری ان کی بیٹنگ رہی ہے ۔ خود کپتان رشبھ پنت کا سیزن انتہائی مایوس کن رہا، جہاں وہ 12 اننگز میں سے 7 بار 20 رنز کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے ۔ نکولس پورن جیسے بڑے نام بھی آؤٹ آف فارم نظر آئے ۔ ٹیم ڈائریکٹر ٹام موڈی نے بھی اعتراف کیا کہ مڈل آرڈر کی ناقص کارکردگی ٹیم کی اس حالت کی بڑی وجہ ہے ۔