غلام محمد
سوپور//ماہِ رمضان کے پیش نظر سوپور پولیس نے متعلقہ محکموں اور دیگر اسٹیک ہولڈروں کے اشتراک سے قصبہ کے اہم تجارتی علاقوں میں ایک جامع مارکیٹ معائنہ مہم چلائی۔مشترکہ ٹیموں نے اشیائے ضروریہ، خوردنی اشیا، پھل، سبزیاں، بیکری مصنوعات اور دیگر رمضان سے متعلق سامان فروخت کرنے والی دکانوں کا معائنہ کیا۔ چیکنگ کے دوران نرخ ناموں کی تصدیق، زائد قیمت وصولی کی روکتھام، معیار کی برقراری، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور منصفانہ تجارتی اصولوں کی پابندی پر خصوصی توجہ دی گئی۔مہم کے دوران دکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ سرکاری طور پر منظور شدہ تازہ نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کریں اور تمام ضروری اشیا مقررہ قیمتوں پر فروخت کریں۔ انہیں خبردار کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی، منافع خوری یا کسی بھی قسم کی غیر منصفانہ تجارتی سرگرمی سے گریز کریں تاکہ مقدس مہینے کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد صارفین کے مفادات کا تحفظ، قیمتوں میں استحکام اور رمضان المبارک کے دوران ضروری اشیا کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔سوپور پولیس نے واضح کیا کہ شفافیت، جوابدہی اور عوامی فلاح کو یقینی بنانے کے لیے ایسے معائنے متعلقہ محکموں کے تعاون سے آئندہ بھی جاری رہیں گے، تاکہ مقدس ماہ کے دوران بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رہے۔