محمد تسکین +عاصف بٹ
بانہال+کشتواڑ // جمعہ کی علی الصبح قریب تین بجے سے بانہال اور رام بن سیکٹر میں مسلسل بارشوں اور برفباری کے باعث جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال۔قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے آرپار اور بانہال سے ڈگڈول کے درمیان شاہراہ پر برف جمع ہونے اور شدید پھسلن کے باعث ہر قسم کے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے اور درماندہ گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر ٹھہرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے برف ہٹانے کی کئی کوششیں کی گئیں تاہم مسلسل برفباری اور برفیلی ہواؤں کے باعث شاہراہ کی بحالی جمعہ شام تک بھی ممکن نہیں ہو سکی۔ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے ضلع رام بن میں تقریباً نو سو مال بردار اور مسافر گاڑیاں مختلف مقامات پر روکی گئی ہیں اور شاہراہ کی بحالی کی صورت میں انہیں ترجیح دی جائے گی ۔ شیر بی بی اور بانہال کے درمیان پھنسے مسافروں، جن میں خواتین، بچے اور سیاح شامل تھے، کو پولیس، ٹریفک پولیس اور این جی او بانہال والنٹیئرز کے رضاکاروں نے بحفاظت محفوظ مقامات تک پہنچایا اور بچاؤ کاروائیوں کا یہ سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔اس دوران تازہ برفباری کے بعد سنتھن و مرگن سڑک رابطے آمدورفت کیلئے بند کردئے گے ہیں۔سنتھن ٹاپ پر قریب پانچ فٹ سے زائد برفباری ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبکہ سنتھن میدان میں قریب تین فٹ برف ہونے کی اطلاع ہے۔ مرگن ٹاپ پر چار فٹ کے قریب برفباری ہوئی ہے۔