جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں میں ملی ٹنٹ مخالف کارروائیاں جاری
سرینگر//جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں میں مشکوک نقل و حرکت ریکارڈ ہونے کی اطلاعات کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں2 افراد کی مشکوک نقل و حرکت دیکی گئی تھی، جس کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں نے قصبہ اننت ناگ اور ملحقہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر سرچ اور کارڈن آپریشن (CASO) شروع کر دیا گیا۔پولیس، فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیز نے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں ناکہ بندیوں اور چیکنگ میں اضافہ کر دیا ہے۔ مخصوص اطلاعات کی بنیاد پر بعض علاقوں میں گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے، جب کہ بعض مقامات پر داخلی اور خارجی راستوں کو نگرانی میں رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔اسی دوران جنوبی کشمیر کے جنگلاتی اور پہاڑی علاقوں میں بھی ملی ٹنٹ مخالف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکورٹی فورسز گھنے جنگلات میں ممکنہ مشتبہ عناصر کی تلاش کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ملک یا سماج دشمن عناصر کی موجودگی کے امکان کو پوری طرح سے ختم کیا جا سکے اور اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی مشکوک شخص وہاں پناہ نہ لے رہا ہو۔میڈیارپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں معمول کے سینیٹائزیشن آپریشن کے ساتھ ساتھ حالیہ مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر بھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کم سے کم دقت پہنچانے کے لیے یہ تلاشیاں مکمل احتیاط کے ساتھ انجام دی جا رہی ہیں۔ابھی تک کسی بھی مشتبہ شخص کے ساتھ براہ راست آمنا سامنا ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، اور اس خبر کے لکھے جانے تک آپریشن بھی جاری تھا۔ سیکیورٹی ایجنسیوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ’’گھبرائیں نہیں اور جاری تلاشی کارروائیوں کے دوران فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔‘‘