وی او آئی
سرینگر//بلاک قاضی گنڈ کے ٹھیکیداروں نے ہفتہ کے روز بلاک ڈیولپمنٹ آفس (بی ڈی او) کے باہر ایک احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں ایک باقاعدہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کی فوری تقرری اور طویل عرصے سے زیر التوا ء بلوں کی ادائیگیوں کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پہلے ہی فنڈز جاری کیے جانے کے باوجود ہمارے واجبات ادا نہیں کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ادائیگیوں میں تاخیر نے ٹھیکیداروں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور جاری ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ ڈالی ہے۔
ٹھیکیداروں نے مستقل بی ڈی او کی عدم موجودگی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریگولر آفیسر نہ ہونے کی وجہ سے کئی انتظامی اور سرکاری معاملات التوا کا شکار ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ ہمیں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی اور ادائیگیوں کی منظوری میں ایک باقاعدہ بی ڈی او کی عدم دستیابی اور مادی ادائیگیوں کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکام کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر زیر التواء واجبات کو کلیئر کریں اور ایک باقاعدہ بلاک ڈیپارٹمنٹ آفیسر کا تقرر کریں تاکہ بلاک کے ہموار کام کو یقینی بنایا جا سکے۔دریں اثنا، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ (ACD) اننت ناگ نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ زیر التواء ادائیگیوں کے مسئلے کو حل کیا جائے گا اور قاضی گنڈ کے لیے ایک باقاعدہ بی ڈی او کی تقرر دو دن کے اندر کیا جائے گا۔یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔