عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں وکشمیر میں طبی تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ایک اہم پیش رفت میں، محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل میڈیکل کمیشن (NMC)نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں سالانہMBBS انٹیک(نشستوں)کی صلاحیت میں اضافہ کرنے کی اجازت دی ہے۔
نیشنل میڈیکل کمیشن ( NMC)کے میڈیکل اسسمنٹ اینڈ ریٹنگ بورڈ (MARB)نے نیشنل میڈیکل کمیشن ایکٹ2019 کے سیکشن28(3) کے تحت لیٹر آف پرمیشن (LoP) جاری کیا ہے، جس میںگورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں ایم بی بی ایس کی 50سیٹوں میں اضافہ کی منظوری دی گئی ہے۔ اس منظوری کیساتھ، گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میںMBBSسالانہ انٹیک گنجائش 200 سے بڑھ کر250 نشستوں تک پہنچ جائے گی، جو آئندہ تعلیمی سال 2026-27 سے لاگو ہوگی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال تعلیمی سیشن2025-26 کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کو اضافی 20 نشستوں کی منظوری ملی ،جس سےMBBS نشستوں کی کل تعداد 180 سے بڑھ کر200 ہوگئی ہے۔یہ منظوری انڈرگریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن اسٹینڈرڈز ریگولیشنز (UGMSR)،2023 کی دفعات کے تحت میڈیکل اسسمنٹ اینڈ ریٹنگ بورڈ (MARB) کی جانب سے سخت جانچ کے بعد دی گئی ہے۔اس تاریخی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، محکمہ صحت اور طبی تعلیم جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ یہ توسیع طبی انفراسٹرکچر کو بڑھانے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں وکشمیر میں خواہشمند ڈاکٹروں کیلئے مزید مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔محکمہ صحت اور طبی تعلیم جموں وکشمیر نے کہا کہ ایم بی بی ایس سیٹوں میں اضافے نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کی ملک کے پریمیئر میڈیکل کالجوں میں سے ایک کی حیثیت کو مزید مضبوط کیا ہے۔