نئی دہلی // ملک میں کورونا وائرس (کووڈ -19) کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں اس کے 3277 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 63 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور اس دوران 128افراد کے ہلاک ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد2153سے تجاوز کر گئی ہے ۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں اس سے اب تک 62،939 افراد متاثر ہوئے ہیں اور2153افراد ہلاک ہوئے ہیں ، وہیں اب تک 19538 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیاہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زائد مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے ۔ مہاراشٹر میں 20228 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 779 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ، وہیں 3800 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں ۔کووڈ -19 سے متاثر ہونے کے معاملے میں ملک کی مغربی ریاست گجرات دوسرے مقام پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 7796 افراد اس وبا سے متاثرہ ہوئے ہیں اور 472 ہلاکتیں ہوئی ہیں ، وہیں 2091 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔ قومی دارالحکومت دہلی کی بھی حالت اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے ۔ یہاں اس سے اب تک 6542 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 73 افراد جاں بحق ہوئے ہیں ، وہیں 2020 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ یہاں اب تک 3708 افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں اور 106 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ وہیں 20266 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوئے ہیں ۔ تمل ناڈو میں کووڈ -19 کے متاثرین کی تعداد 6535 تک پہنچ گئی ہے۔