مراکش سے سرد جنگ شروع
یواین آئی
میڈرڈ/رائل اسپینش فٹ بال فیڈریشن کے صدر رافیل لوزان نے اعلان کیا ہے کہ 2030 کے فیفا ورلڈ کپ کا فائنل اسپین میں منعقد ہوگا۔ اگرچہ یہ ٹورنامنٹ اسپین، پرتگال اور مراکش مشترکہ طور پر ہوسٹ کر رہے ہیں، لیکن فائنل کی میزبانی کے حوالے سے میزبان ممالک کے درمیان رسہ کشی تیز ہو گئی ہے ۔میڈرڈ اسپورٹس پریس ایسوسی ایشن کی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے رافیل لوزان کا کہنا تھا کہ اسپین برسوں سے اپنی بہترین تنظیمی صلاحیتیں ثابت کر چکا ہے ۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہااس ورلڈ کپ کی قیادت اسپین کرے گا اور اس کا فائنل بھی یہیں کھیلا جائے گا۔اگرچہ انہوں نے کسی مخصوص اسٹیڈیم کا نام نہیں لیا، لیکن ماہرین کے مطابق ریئل میڈرڈ کا برنابیو اسٹیڈیم اور بارسلونا کا کیمپ نو فائنل کے لیے سب سے مضبوط امیدوار ہیں۔دوسری جانب مراکش کی خواہش ہے کہ فائنل کاسابلانکا میں زیرِ تعمیر گرینڈ اسٹیڈیم حسن الثانی میں ہو، جس میں 1 لاکھ 15 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہوگی۔اسپینش فیڈریشن کے صدر نے مراکش میں حال ہی میں منعقدہ ‘افریقہ کپ آف نیشنز’ کے فائنل (سینیگال بمقابلہ مراکش) کے دوران ہونے والی بدمزگی اور ہنگامہ آرائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سے فٹ بال کے عالمی امیج کو نقصان پہنچتا ہے ۔ ان کا یہ بیان مراکش کی فائنل ہوسٹ کرنے کی اہلیت پر بالواسطہ تنقید تصور کیا جا رہا ہے ۔میزبان ممالک کے دعوؤں کے باوجود، حتمی فیصلہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کرے گی۔ فیفا کا کہنا ہے کہ ابھی فائنل کے وینیو کا فیصلہ کرنا قبل از وقت ہے ، جیسا کہ 2026 کے ورلڈ کپ کے فائنل کی جگہ کا اعلان بھی ٹورنامنٹ سے صرف دو سال قبل کیا گیا تھا۔