یواین آئی
زیورخ/فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے تمام 48 ٹیموں کی فہرست مکمل ہونے کے بعد اس توسیع شدہ اور تاریخی ٹورنامنٹ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حالیہ کوالیفائنگ مرحلے میں کانگو اور عراق نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی جگہ یقینی بنائی، جس کے ساتھ ہی کوالیفائنگ مرحلہ مکمل ہو گیا۔یہ عالمی ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جبکہ کوالیفائنگ کا طویل سلسلہ ستمبر 2023 میں شروع ہوا تھا جس میں چھ کنفیڈریشنز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
یورپ سے آخری مرحلے میں چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن اٹلی بوسنیا و ہرزیگووینا سے شکست کھا کر مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہا۔48 ٹیموں پر مشتمل یہ پہلا ورلڈ کپ ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے اور 16 مختلف شہروں میں مقابلے ہوں گے ۔نئے فارمیٹ کے تحت ٹورنامنٹ کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ، ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہوں گی:گروپ اے میں میزبان میکسیکو کے ساتھ جنوبی افریقا، جنوبی کوریا اور چیک ریپبلک شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں کینیڈا، بوسنیا و ہرزیگووینا، سوئٹزرلینڈ اور قطر شامل ہیں۔
گروپ سی میں برازیل، مراکش، اسکاٹ لینڈ اور ہیٹی شامل ہیں، جبکہ گروپ ڈی میں امریکا، پیراگوئے ، آسٹریلیا اور ترکی کو رکھا گیا ہے ۔گروپ ای میں جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ اور کوراکاؤ شامل ہیں، جبکہ گروپ ایف میں نیدرلینڈز، جاپان، تیونس اور سوئیڈن شامل ہیں۔گروپ جی میں بیلجیم، ایران، مصر اور نیوزی لینڈ شامل ہیں، جبکہ گروپ ایچ میں اسپین، کیپ وردے ، یوراگوئے اور سعودی عرب شامل ہیں۔گروپ آئی میں فرانس، سینیگال، عراق اور ناروے شامل ہیں، جبکہ گروپ جے میں ارجنٹینا، الجزائر، آسٹریا اور اردن شامل ہیں۔گروپ کے میں پرتگال، کولمبیا، ازبکستان اور جمہوریہ کانگو شامل ہیں، جبکہ گروپ ایل میں انگلینڈ، کروشیا، پاناما اور گھانا شامل ہیں۔واضح رہے کہ ایونٹ کا فائنل 19 جولائی کو میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں نئے عالمی چیمپئن کا فیصلہ ہوگا۔