یو این آئی
لاس ویگاس/فٹ بال کی دنیا میں ٹیکنالوجی کا ایک نیا سورج طلوع ہونے کو ہے ۔ لاس ویگاس میں منعقدہ “لینووو ٹیک ورلڈ 2026” کے دوران فیفا اور لینووو نے مشترکہ طور پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی ایسے انقلابی ٹولز کی نقاب کشائی کی ہے جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کو انسانی تاریخ کا جدید ترین اسپورٹس ایونٹ بنا دیں گے ۔اس شراکت داری کا سب سے بڑا شاہکار “Football AI Pro” ہے ، جو ایک جنریٹو اے آئی اسسٹنٹ ہے ۔ یہ ٹول ورلڈ کپ کی تمام 48 ٹیموں کو دستیاب ہوگا۔ فیفا صدر جیانی انفینٹینو کے مطابق، اس کا مقصد کم وسائل والی ٹیموں کو بھی وہی ڈیٹا اور تجزیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے جو بڑے ممالک کو حاصل ہیں۔ یہ سسٹم کروڑوں ڈیٹا پوائنٹس کا تجزیہ کر کے تھری ڈی ویژولائزیشن اور گراف فراہم کرے گا۔ورلڈ کپ 2026 میں کھلاڑیوں کی شناخت کے لیے جدید ترین تھری ڈی اسکیننگ استعمال ہوگی ،محض ایک سیکنڈ میں کھلاڑی کا مکمل تھری ڈی اسکین ہوگا۔ اس ٹیکنالوجی سے “سیمی آٹومیٹڈ آف سائیڈ” سسٹم مزید درست ہو جائے گا اور شائقین کو براڈکاسٹ کے دوران حقیقت پسندانہ مناظر دکھائے جائیں گے ۔شائقین کے جوش کو بڑھانے کے لیے ریفری کیمرہ فوٹیج کا نیا ورژن متعارف کروایا گیا ہے ،اے آئی سافٹ ویئر ریفری کے کیمرے سے لی گئی لرزتی ہوئی فوٹیج کو ریئل ٹائم میں مستحکم (Stabilize) کرے گا۔ اس سے ناظرین کو ایسا محسوس ہوگا جیسے وہ خود ریفری کی جگہ میدان میں موجود ہیں، جس سے کھیل میں شفافیت بڑھے گی۔جیانی انفینٹینو (صدر فیفا) نے کہا”ورلڈ کپ 2026 زمین پر اب تک کا سب سے بڑا شو ہوگا جسے 6 ارب لوگ دیکھیں گے ۔ ہم اے آئی کے ذریعے فٹ بال کو جدید ترین بنا رہے ہیں۔”یوان ٹنگ یانگ (چیئرمین لینووو) نے کہ ہمارا تیار کردہ ‘فٹ بال اے آئی پرو’ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ 2026 کا ٹورنامنٹ ٹیکنالوجی کی تاریخ کا روشن باب ہوگا۔