عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
ریو ڈی جنیرو//فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026کے کوالیفائرز ٹورنامنٹ میں تماشائیوں کی بدمزگی اور لڑائی کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ویب سائٹ ’لائیو منٹ‘ کے مطابق جنوبی امریکہ کی دونوں بڑی ٹیموں کے درمیان ریو ڈی جنیرو کے تاریخی ماریکانا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ سے پہلے حالات شدید خراب ہوئے جس کے باعث برازیل کی پولیس کو مداخلت کرنا پڑ گئی۔میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے فینز کے درمیان کشیدگی رہی اور فینز آپس میں لڑتے نظر آئے۔پولیس نے میچ سے قبل بدمزگی پیدا کرنے والے ارجنٹائن کے فینز کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھیوں کا استعمال کیا جبکہ اس دوران ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو صورتحال کو قابو کرنے کے لیے درمیان میں آنا پڑا۔اس صورتحال کے باعث سپرسٹار فٹبالر لائنل میسی اور ارجنٹائن کے باقی کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔لیونل میسی نے اس افراتفری میں کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ہم نہیں کھیل رہے، ہم جا رہے ہیں‘ تاہم دونوں ٹیمیں تقریباً 30 منٹ کی تاخیر کے بعد دوبارہ سٹیڈیم میں واپس آگئیں لیکن میچ کے دوران سٹیڈیم کا ماحول کشیدہ رہا اور کئی تماشائیوں کو پولیس نے گرفتار بھی کیا۔